Inquilab Logo

دنیا بھر میں۲؍ کروڑ لڑکیوں کے اسکول واپس نہ آنے کا خدشہ ہے: ملالہ یوسف زئی

Updated: September 21, 2020, 8:51 AM IST | Agency | New York

اقوام متحدہ کی جانب سے آن لائن دستاویزی فلم کی نمائش کی ورچوئل تقریب سے خطاب میں لڑکیوں کے تعلق سے تشویش کا اظہار کیا

Malala Yousafzai
ملالہ یوسف زئی

اقوام متحدہ (یو این) کی خصوصی سفیر برائے امن اور دنیا کی کم عمر ترین نوبیل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ دنیا سے کورونا کی وبا کے خاتمے کے باوجود۲؍کروڑ لڑکیوں کے اسکول واپس نہ آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔میڈیاکے مطابق ملالہ یوسف زئی نے اقوام متحدہ کی جانب سے آن لائن دستاویزی فلم کی نمائش کی ورچوئل تقریب کے موقع پر اپنے خطاب میں کورونا کی وجہ سے دنیا بھرمیں لڑکیوں کی متاثر ہونے والی تعلیم اور خواتین کے مسائل بڑھ جانے پر بات کی۔اپنے مختصر خطاب میں ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ کورونا کی وبا کے باعث یہ خدشات پیدا ہوگئے ہیں کہ دنیا بھر کی ۲؍کروڑ لڑکیاں اب کبھی اسکول واپس نہیں آ سکیں گی۔انہوں نے کہاکہ یہ لڑکیاں کورونا کی وبا ختم ہونے کےباوجود اسکول واپس نہیں آسکیں گی اور دنیا بھر میں تعلیمی منصوبوں کو جاری رکھنے کیلئے اب سالانہ۲۰۰؍ ارب ڈالر کی ضرورت پڑے گی۔ملالہ یوسف زئی کے مطابق کوروناکی وبا نے اقوام متحدہ کی جانب سے۵؍سال قبل لڑکیوں کی تعلیم کے لیے شروع کیے گئے اہداف اور منصوبوں کو کو دھچکا دیا ہے۔ اپنے خطاب میں ملالہ یوسف زئی نے اقوام متحدہ سے بھی سخت سوالات کیے اور کہا کہ کب عالمی تنظیم دنیا بھر میں۱۲؍سال کی عمر کے بچوں کی مفت تعلیم کے حوالے سے کم کرے گی۔ ملالہ یوسف زئی نے اقوام متحدہ سے پوچھا کہ وہ کب امن کو ترجیح دے گا اور کب وہ مہاجرین کی حفاظت کیلئے سخت اقدامات اٹھائے گا؟ 
 ورچوئل تقریب سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نے بھی خطاب کیا اور انہوں نے دنیا کو بہتر بنانے کیلئےہر کسی کو وقار کے ساتھ مواقع فراہم کرنے کی بات پر زور دیا۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے امیر ممالک پر زور دیا کہ وہ ترقی پزیر ممالک کی فوری، درمیانی اور طویل المدتی ضروریات کو پورا کرنے میں کردار ادا کریں اور اقوام متحدہ کی جانب سے غریب ممالک کے قرضوں کو کم از کم۲۰۲۱ءتک معاف کیے جانے کی مہم کی حمایت کریں۔تقریب سے اقوام متحدہ کی ترقی سے متعلق ذیلی تنظیم یو این ڈی پی کے سربراہ نے کہا کہ گزشتہ۳۰؍ سال سے جاری انسانی ترقی کےپائدار منصوبوں کا حالیہ صورتحال کی وجہ سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ورچوئل تقریب سے اقوام متحدہ کی دیگر ذیلی تنظیموں کے سربراہوں نے بھی خطاب کیا جب کہ تقریب سے قبل اقوام متحدہ کی جانب سے ۳۰؍ منٹ سے زائد دورانیے کی ایک دستاویزی فلم بھی آن لائن نشر کی گئی۔ دستاویزی فلم میں بھی دنیا کو درپیش ماحولیاتی آلودگی، تعلیم، صحت، ایندھن اور غربت جیسے مسائل کو اجاگر کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK