Inquilab Logo

مالیگائوں : پولیس نےمسجد کے لائوڈ اسپیکر کی ڈی بی میٹر سے پیمائش کی

Updated: April 23, 2022, 11:17 AM IST | Malegaon

پولیس انتظامیہ نےعبادتگاہوں میں لائوڈ اسپیکر کیلئے نوآبجکشن سرٹیفکیٹ اور اجازت نامہ جاری کرنے کی کارروائی شروع کردی

Police officers look at the sound of the decibel meter near the mosque..Picture:Inquilab
پولیس اہلکارمسجد کے پاس ڈیسیبل میٹر پر آواز کی قوت دیکھتے ہوئے ۔تصویر :انقلاب

: صنعتی شہر میں محکمہ پولیس کی جانب سے مسجدوں میں مستعمل لائوڈ اسپیکرکی آوازکی قوت کی جانچ کیلئے عملی کارروائی تجرباتی طور پر کی گئی ۔سٹی پولیس اسٹیشن کے پی آئی گھوسر کی نگرانی میں چند پولیس اہلکاروں نے مالیگائوں کی سینٹرل عیدگاہ ڈاکٹر ذاکر حسین نگر کی مسجد کے پاس لائوڈ اسپیکر کی آواز کی قوت کو ریکارڈ کیا ۔اس کام کیلئے آواز کی قوت جانچنے والی مشین استعمال کی گئی اور مسجد میں لگے لائوڈ اسپیکر سے باہر پھیلنے والی آواز کی ڈیسیبل میٹر میں جانچ کی گئی ۔مہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے کےمساجد میں مستعمل لائوڈ اسپیکر نکالنے کی دھمکی دینے کے بعدمحکمہ پولیس مستعد ہوگیا ہے۔ناسک شہر میں تمام مذاہب کی عبادت گاہوں میںمستعمل لائوڈ اسپیکر قانونی زمرے میں لانے کیلئے پولیس انتظامیہ نے علاقائی پولیس اسٹیشن کے دائرہ کار میں آنے والی عبادتگاہوں  میں لائوڈ اسپیکر کیلئے نوآبجکشن سرٹیفکیٹ اور  اجازت نامہ جاری کرنے کی کارروائی شروع کردی  ہے۔ مالیگائوں کے ایڈیشنل ایس پی چندر کانت این کھنڈوی نے کہا کہ ’’ابھی  ہدایات کا انتظار باقی ہے۔کوئی نیوز وغیرہ مت  چلائو۔‘‘ نمائندئہ انقلاب نے انہیں ایک نیوز چینل پر نشر کی گئی مذکورہ خبرکی لنک جس میں ڈاکٹر ذاکر حسین نگر کی مسجد کے پاس ڈیسیبل میٹر لیکر پولیس اہلکار کارروائی کررہے ہیں،  وہاٹس اَیپ کے ذریعے روانہ کی ۔ مالیگائوں سمیت مضافاتی بستیوں میں ۵۹۹؍مذہبی مقامات پر لائوڈ اسپیکر استعمال کیا جا رہاہے ۔اس ضمن میں۲؍دن قبل مالیگائوں محکمہ پولیس نے رُکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی کے ساتھ کل جماعتی تنظیم کے اراکین سیٹھ اکبر اشرفی ، الحاج شکیل احمد فیضی ،ڈاکٹر اخلاق احمد ، فیروز احمد اعظمی اور حاجی اطہر اشرفی کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیاتھا۔

malegaon Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK