ٹریفک جام اور حادثات کے سبب ناجائز قبضہ جات کے خلاف بی ایم سی کا اقدام، ماتحت افسران کومستقل نگرانی کی ہدایت۔
EPAPER
Updated: May 24, 2026, 11:30 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Maloni
ٹریفک جام اور حادثات کے سبب ناجائز قبضہ جات کے خلاف بی ایم سی کا اقدام، ماتحت افسران کومستقل نگرانی کی ہدایت۔
ٹریفک جام کے مسائل سے پریشان عوام، فٹ پاتھ پرقبضہ ، دکانوں کے آگے گاڑیاں اورٹھیلے رکھ کر راستہ جام کرنے اور اس کے سبب ہونے والے حادثات کے خلاف بی ایم سی (پی نارتھ وارڈ ) نے سنیچر کو بڑے پیمانے پر خصوصی کارروائی کی۔گیٹ نمبر۷؍ میں مقامی کارپوریٹر کے ہمراہ وارڈ آفیسرکندن ولوی اور بی ایم سی کے مختلف شعبوں کے اہلکاروں، انجینئروں اور پولیس اہلکار کارروائی میں شریک رہے۔ کارروائی کے دوران فٹ پاتھ کو خالی کرایاگیا، قبضہ جات ہٹائے گئےاورکئی کئی دن سے کھڑی گاڑیوں پرنوٹس لگاکر انتباہ دیاگیا کہ اگر فوری طورپر یہ گاڑیاں نہ ہٹائی گئیں تو ٹریفک محکمہ انہیں اپنے قبضے میں لے لے۔
قبضہ جات کے خلاف یہ خصوصی مہم گیٹ نمبر ۷؍ پرکے ای اسپتال کی شاخ سے شروع ہوئی اور جامع مسجد کے آگے تک جاری رہی۔ اس دوران ۱۰؍ ڈمپر کچراہٹایا گیا، غلط طریقے سے رکھا گیا اور راستہ جام کیاگیا ہاکروں کا سامان ہٹایا گیا اور جو انہوں نے شیڈیا تال پتری وغیرہ باندھ کر قبضہ کیاتھا ،اسے بھی اجاڑ دیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: رکن پارلیمان کا دورہ اور اندراگاندھی اسپتال کی بجلی گل
اس تعلق سے مقامی کارپوریٹر رفیق شیخ اوران کے بھائی سابق کارپوریٹر سراج شیخ نے نمائندۂ انقلاب کو بتایاکہ ’’ ناجائز قبضہ جات کےسبب لوگوں کی شکایت تھی کہ ان کاراستہ چلنا دشوار رہتا ہے ، ٹریفک جام ہوتا ہے اوراس کی وجہ سے ایک سال میں ۱۵؍سے ۲۰؍حادثات ہوئےہیں۔ اسی لئے یہ کارروائی کی گئی ۔‘‘ ان سے یہ پوچھنے پر کارروائی تو کی گئی ہے مگر ایک دو دن بعدپھرسب کچھ ویسا ہی ہوجاتا ہے، قبضہ جات کے خلاف مستقل کارروائی اور روک تھام کی ضرورت ہے ، تو سراج شیخ نے بتایا کہ ’’ وارڈآفیسرنے اس کے لئے بی ایم سی کے الگ الگ شعبوں این ڈی، لائسنس ،انکروچمنٹ مخالف شعبہ ، ہاکرس ڈپارٹمنٹ اور آرٹی اوکو حکم دیا ہے کہ ہر دوسرے دن یہاں نگرانی کی جائے اورراستہ یا فٹ پاتھ قبضہ کرنے والوں کے ساتھ ہرگز کسی طرح کی رعایت نہ کی جائےتاکہ نہ تو ٹریفک جام ہو اور نہ ہی مانسون کے دوران کسی قسم کی شہریوں کو پریشانی ہو۔‘‘