Inquilab Logo

مالونی :’بھارت بند ‘میں ریلی نکالنے کی اجازت لینے والے افراد کو۱۴۹؍ کا نوٹس

Updated: September 27, 2021, 11:15 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Malvani

آج (پیرکو)سنیکت کسان مورچہ کی جانب سے سیاہ قوانین کے خلاف ’ بھارت بند‘ کو کامیاب بنانے کیلئےہر طرح سے کوششیں کی گئی ہیں۔تاہم بند کےدوران مالونی گیٹ نمبر ۸؍ سے فائربریگیڈ گیٹ نمبر ایک تک ریلی نکالنے کی اجازت لینے والوں کومالونی پولیس کے سینئر انسپکٹر شیکھربھالے راؤ کی جانب سے ۱۴۹؍ کا نوٹس دیا گیاہے

People seeking Rally`s permission show a police notice.Picture:INN
ریلی کی اجازت لینے والے افراد پولیس کا نوٹس دکھاتے ہوئے۔۔ تصویر: آئی این این

آج (پیرکو)سنیکت کسان مورچہ کی جانب سے سیاہ قوانین کے خلاف ’ بھارت بند‘ کو کامیاب بنانے کیلئےہر طرح سے کوششیں کی گئی ہیں۔تاہم  بند کےدوران مالونی گیٹ نمبر ۸؍ سے فائربریگیڈ گیٹ نمبر ایک تک ریلی نکالنے کی اجازت لینے والوں کومالونی پولیس کے سینئر انسپکٹر شیکھربھالے راؤ کی جانب سے ۱۴۹؍ کا نوٹس دیا گیاہے جس میںحالات کا حوالہ دیتے ہوئے کسی واقعہ کے رونماہونے پرسخت کارروائی  کے انتباہ کے ساتھ نوٹس میں کورونا کی گائیڈ لائن کے تعلق سے مہاماری ایکٹ کی دفعہ ۱۸۸؍ کا بھی حوالہ دیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی لکھا گیا ہےکہ کورونا گائیڈ لائن اور تیسری لہر کے لحاظ سے ۳۰؍ستمبر تک بھیڑبھاڑپرپابندی عائدکی گئی ہے اور ۵؍ سے زائدافراد کے جمع ہونے کی اجازت نہیں ہے،اس لئے ان ہدایات کا خیال رکھنا چاہئے ،بصورت دیگرکاضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔سی پی آئی کی مقامی یونٹ کےسیکریٹری رئیس شیخ نے کہاکہ ’’ اس طرح کے نوٹس سے ہمارے حوصلے توڑے نہیںجاسکتے اورہماری آوازبھی دبائی نہیںجاسکتی ہے ،اس لئےنوٹس ملنے کے باوجود کسانوں کی حمایت اورسیاہ زرعی قوانین کے خلاف بھارت بند میں ہم سب شریک ہوں گے اورحکومت کی غلط پالیسی اوردیگر مسائل کیلئے آوازبلند کریں گے۔‘‘  انہوںنےیہ بھی کہا کہ ’’ ہم لوگوںنے نوٹس ملنے کے باوجود سینئر انسپکٹر بھالے راؤ پر یہ واضح کردیا ہے کہ ہم سب وقت ِمقررہ ریلی نکالیں گے اورکوئی مسئلہ پیدا نہیں ہونے دیاجائے گا اس لئے پولیس بھی ہمارے ساتھ تعاون کرے ۔‘‘ ابراہم تھامس(کانگریس) نے کہا کہ ’’ریلی نکالنا ، اپنے حق کے لئے آوازبلند کرنا اورحکومت کی غلط پالیسی اورغلط فیصلوں پرآواز اٹھانا یہ عام شہری کاحق ہے،پولیس نوٹس دے کراسے نہیںچھین سکتی  اور ہم سب نوٹس ملنے کے سبب اپنے ارادے سے بھی باز نہیں آئیںگے۔‘‘ اے سی شری دھرن نے کہا کہ ’’ہمیں کورونا گائیڈ لائن کا لحاظ ہے لیکن مودی حکومت کی ہٹ دھرمی اورنجکاری کے نام پردیش بیچنے کے خلاف آوازبلند کرنا بھی ہمارا حق ہے اورکسانوں کی حمایت بھی وقت کاتقاضا ہے۔ اس لئے پولیس نے نوٹس دیا ہےلیکن ہم سب اپنا کام کریںگے اوراحتجاج میں شریک ہوکراپنی بات حکومت تک پہنچائیںگے کیونکہ یہ ہمارا جمہوری حق ہے اوریہ حق ہم سے پولیس یا کوئی اورکسی قیمت پر نہیں چھین سکتا ۔‘‘ عام آدمی پارٹی کی رکن لارزی ورگس نے کہا کہ ’’ ہم سب ذمہ داری کے ساتھ ریلی نکالیں گے اورکوشش کی جائے گی کہ نظم ونسق کاکوئی مسئلہ نہ پیدا ہواور پریشان حال عام آدمی اپنی بات اورکسان بھائیوں کے حق میںآوازبلند کرتے ہوئے بھارت بند کو کامیاب بنایا جاسکے ۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK