Inquilab Logo

مالونی : مکان منہدم ہونے کےحادثہ کے متاثرین کو گھرمل گیا

Updated: December 06, 2021, 11:37 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Malvani

دوسری متاثرہ کو جمعیۃ علماء کی جانب سے ۵۵؍ہزارروپے نقد دیئے گئے،اس نے مجبوری میں سود پررقم لے کراپنے مکان کی مرمت کروائی تھی ۔متاثرین نے خوشی کا اظہارکرتے ہوئے شکریہ اداکیا

In the newly constructed house of Rubina Sheikh, officials of Jamiat Ulema.Picture:INN
جمعیۃ علماء کے عہدیداران روبینہ شیخ کے نوتعمیرشدہ مکان میں۔ تصویر: آئی این این

 یہاں گیٹ نمبر ۸؍میںبس ڈپو کے پیچھے (جسے کچا  پٹہ بھی کہا جاتا ہے) میںتین منزلہ مکان ۹؍جون کی شب میں اچانک منہدم ہوگیا تھا جس میں ۱۲؍قیمتی زندگی تلف ہوگئی تھیں۔ متاثرین میںروبینہ شیخ اور کوشلیا بھانو داس بوراڈے بھی شامل ہیں جن کامکان بربادہوگیا ۔ ان کے مکانات کی تعمیرکا جمعیۃ علماءمہاراشٹر کی جانب سے مولانا حلیم اللہ قاسمی نے جائے وقوع کا جائزہ لینے کے بعد اعلان کیا تھااوراس کا ویڈیو بھی جاری کیا گیا تھا لیکن کئی ماہ گزر جانے کےبعدجب تعمیراتی کام شروع نہیں ہوا اورمتاثرہ خواتین در بدر بھٹکتی رہیں توانقلاب نے ڈھائی تین ماہ قبل اس خبر کوتفصیل سے پھرشائع کیا اورجمعیۃ کے جنرل سیکریٹری کوان کا وعدہ یاددلایا کہ متاثرہ خواتین کا کہنا ہے کہ اگرجمعیۃ کوتعمیراتی کام نہیںکروانا تھا تو انہیںجھوٹی تسلی کیوں دی گئی؟اس پرمولانا حلیم اللہ قاسمی نےاپنا وعدہ دہرایا کہ جمعیۃ علماء اپنے وعدے پرقائم تھی اورقائم ہے ،البتہ تعمیرکے تئیںکچھ قانونی دقتیں ہیں ،اسے دور کرنے کےبعد کام شروع کردیاجائے گا۔ چنانچہ انقلاب کی تفصیلی خبر کایہ اثرہوا کہ حسب ِ وعدہ کام شروع کیا گیا اور روبینہ شیخ کامکان تیار کیا گیا جس پرتقریباً ایک لاکھ ۳۰؍ہزار روپے صرف ہوئے جبکہ کوشلیا بھانو داس بوراڈے نے سود پر رقم لے کراپنے مکان کی مرمت کروالی تھی ، ان کوجمعیۃ علماء کی جانب سے ۵۵؍ہزارروپے نقد دیئے گئے ۔ اس موقع پرنمائندۂ انقلاب بھی موجود تھا۔مکان کی تعمیراور اسے روبینہ شیخ کے حوالے کرنے اوردوسری خاتون کو نقد رقم دینے کے وقت جمعیۃ کے عہدیداران قاری محمدیونس چودھری ، مولانا محمدوسیم قاسمی ، مولانا محمدظہیر قاسمی، ڈاکٹر اسرار احمد، قاری اکرام اللہ ، مولانا محمدنظیرالاسلام مظاہری ،محمداقبال اورعمر پٹیل وغیرہ موجود تھے۔ روبینہ شیخ (بیوہ ) نے کہاکہ ’’ میںکس طرح سے شکریہ اداکروں ،میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ جس وقت مکان گرگیا تھا ، کئی لوگوں نے تسلی دی اور میںالگ الگ جگہو ںپرچکرلگاتی رہی لیکن کسی نے کا م نہیںکیا ،کام جمعیۃ علماء نے کیا ہے، یہ الگ بات ہے کہ کچھ وقت لگ گیالیکن کوئی بات نہیں، ہمارے سر پر دوبارہ چھت تو آگئی۔ ‘‘ کوشلیا بوراڈے نے کہا کہ ’’ وعدہ تو کئی لوگوںنے کیا لیکن ہمیں جمعیۃ کے لوگوں پربھروسہ تھا اوریہ سچ ہے کہ اتنا وقت گزر جانے کےباوجود آپ لوگوں نے بھروسہ ٹوٹنے نہیں دیا اوراپنا وعدہ پورا کیا ۔بھگوان آپ لوگوںکا بھلا کرے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK