Inquilab Logo

ممتا بنرجی کا غیر بی جے پی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے نام خط

Updated: March 30, 2022, 9:44 AM IST | kolkata

بنگال کی وزیراعلیٰ نے دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کو متنبہ کیا کہ بی جے پی جمہوریت اور آئین کو جو دھچکا لگا رہی ہے اس کیخلاف متحد ہوکر لڑنے کا وقت آگیا ہے

When Bengal Chief Minister Mamata Banerjee visited Darjeeling on Tuesday, she was given a warm welcome.
منگل کو بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے دارجلنگ کا دورہ کیا تو ان کا زبردست استقبال کیاگیا

 مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی جو پہلے بھی اپوزیشن اتحاد کی اپیل کرتی رہی ہیں اور اس سے قبل وہ کانگریس صدر سونیا گاندھی اور شرد پوار کو اس اتحاد کے حوالےسے خط لکھ چکی ہیں، انہوں نے ایک بار پھراپوزیشن جماعتوں کے وزرائے اعلیٰ کے نام خط لکھا ہے۔ غیربی جے پی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے نام اس خط میں انہوں نےبی جے پی کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔ ممتا بنرجی کے خط میں حالانکہ کچھ  زیادہ واضح نہیں ہے لیکن خیال کیاجارہا ہے کہ وہ ای ڈی کے معاملے میں ماخوذ اپنے بھتیجے کو بچانے  اور بیر بھوم تشدد کے بعد مرکزی حکومت کے کسی ’عتاب‘ سے بچنے کیلئے راستہ ہموار کررہی ہیں۔ انہیں اس بات کا بھی خدشہ ہے کہ گورنر کی بار بار ’جنگل راج‘ کی رپورٹ کے بعد بیر بھوم میں ہونے والے تشدد سے مرکز کو کہیں کچھ سخت قدم اٹھانے کا موقع نہ مل جائے۔ خیال رہے کہ اسی درمیان مغربی بنگال اسمبلی میں بھی ’مار پیٹ‘ کا معاملہ پیش آیا ہے جس پربی جے پی ، ممتا سرکار کو گھیرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
 ممتا بنرجی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ بی جے پی کی جمہوریت مخالف پالیسیوں کے خلاف ہم سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔مرکزی حکومت مرکزی ایجنسیوں سی بی آئی اور ای ڈی کا بے دریغ استعمال کررہی ہے۔ہمیں اس کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ممتا بنرجی نے لکھا ہے کہ یہ میرا پختہ یقین ہے کہ بی جے پی جمہوریت اور آئین کو جو دھچکا لگا رہی ہے اس کے خلاف متحد ہوکر لڑنے کا وقت آگیا ہے۔ میری سب سے اپیل ہے کہ آئیں مل کر بیٹھیں اور اپنے اپنے موقع پر اس پر بحث کریں اور اس کے خلاف بولیں۔
 ممتا بنرجی نے ملک کے وفاقی ڈھانچے کو برقرار رکھنے کیلئے متعدد اپوزیشن جماعتوں کے  لیڈروں کو متعدد مرتبہ خطوط لکھ چکی ہیں۔ انہوں نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات سے پہلے کیجریوال کی’کامیابی‘ کے بارے میں بھی بات کی تھی۔ خیال رہے کہ ۲۰۱۴ء اور ۲۰۱۹ء کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے مرکز کے زیر انتظام علاقے دہلی کی تمام سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی لیکن دونوں اسمبلی انتخابات میں ’آپ‘ کو نمایاں کامیابی ملی تھی۔ ممتا نے بنرجی نے اسی حوالے سے کیجریوال کے نام خط میں لکھا تھا کہ جس طرح اسمبلی انتخابات میں کیجریوال کی’آپ‘ کو بھاری اکثریت سے کامیابی ملی ہے، بنگال میں بھی ان کی پارٹی نے بی جے پی کو شکست دی ہے۔بنگال میں تیسری مرتبہ اقتدار میں آنے کے بعد، ممتا بنرجی غیر بی جے پی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کو متحد کرنا چاہتی ہیں۔ چند ماہ قبل انہوں نے مختلف اپوزیشن لیڈروں سے ملاقات کی جن میں تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن اور شرد پوار شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی اپوزیشن کے وزرائے اعلیٰ سے ملاقات کی تجویز پیش کی ہے۔
 خیال رہے کہ حال ہی میں اترپردیش، پنجاب اور اتراکھنڈ سمیت۵؍ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہوئے ہیں۔ بی جے پی پنجاب کو چھوڑ کر چاروں ریاستوں میں برسراقتدار تھی، جہاں اسے اس مرتبہ بھی کامیابی ملی ہے۔ اس کے بعد نریندر مودی نے  دعویٰ کیا تھا کہ اسمبلی انتخابات کے نتائج۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی جیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔ اس صورتحال میں سیاسی حلقوں کا خیال ہے کہ اپوزیشن لیڈروں کو ممتا بنرجی کا خط بہت اہم ہے۔
ابھیشیک بنرجی کی  اہلیہ ای ڈی میں طلب  
 ترنمول کانگریس کے آل انڈیا جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی کی اہلیہ روجیرا نرولا بنرجی کو کوئلہ اسکینڈل پر ای ڈی نے طلب کیا ہے۔ ابھیشیک کی سالی مینکا گمبھیر کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ بدھ کو روجیرا کو بلایا گیا ہے اورمینکا کوجمعرات کو طلب کیا گیاہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ دونوں بہنوں کو دہلی میں طلب کیا گیا ہے۔ اس سے قبل کوئلہ اسمگلنگ کیس میں ابھیشیک کو منگل کو بلایا گیا تھا لیکن وہ دہلی ہیڈکوارٹرز میں پیش نہیں ہوئے۔ذرائع  کے مطابق ابھیشیک کے وکیل نے ای ڈی حکام کو ای میل کے ذریعہ جانکاری دے دی تھی ۔
 بنگال بی جے پی کے ایم ایل ایز اسپتال  داخل
 کولکاتا(ایجنسی):بیربھوم تشدد کے معاملے میںمغربی بنگال اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے بعد بی جے پی کے۷؍ ممبران اسمبلی کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اسپتال میں داخل بی جے پی کے ممبران اسمبلی نے حکمراں پارٹی ترنمول کانگریس کے ممبران اسمبلی پر حملے کا الزام لگایا ہے۔ حالانکہ ترنمول کانگریس نے  اسپتال میں داخلے کو غیر ضروری قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے بنگال کے ایم پیز کو  مدعوکیا
 وزیر اعظم مودی نے بیر بھوم تشدد کے حوالے سے بنگال کے بی جے پی ممبران پارلیمنٹ کو بدھ کے روز ناشتے پر مدعو کیا ہے۔ خیال رہے کہ سی بی آئی اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔  پیر کو بنگال کی قانون ساز اسمبلی میں اسی معاملے پر کافی ہنگامہ ہوا تھا جس میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی دونوں کے ممبران اسمبلی زخمی ہوئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK