Inquilab Logo

ہندوستان میں کئی کمپنیاں اورتنظیمیں ڈیجیٹل شمولیت کی سمت میں کام کررہی ہیں

Updated: December 16, 2020, 11:41 AM IST | Agency | New Delhi

فیس بک کےپروگرام’ فیول فور انڈیا۲۰۲۰ء‘ میں ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین نےمعیشت کے بہتر ہونے کی امید ظاہر کی ، مارک زکر برگ نے بھی ہندوستان کواہم قراردیا

Mukesh Ambani and Mark Zuckerberg
مکیش امبانی اور مارک زکربرگ

ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی نے دنیا کے سب سے بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کےپروگرام’ فیول فور انڈیا۲۰۲۰ء ‘  کے پہلے دن فیس بک کے سی ای او مارک زکربرگ کے ساتھ ہندوستان میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے تعلق سےگفتگو کی۔ ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اورمنیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی نے کہا کہ ہندوستان میں کئی کمپنیاں اورتنظیمیں ڈیجیٹل شمولیت کی سمت میں تیزی سے کام کررہی ہیں ۔ ہندوستان کے نوجوانوں کا ڈیجیٹل تبدیلی میں اہم رول ہے۔
 پروگرام میں مارک زکربرگ نے مکیش امبانی سے پوچھا کہ کورونا وبا کے ختم ہونے کے بعد آپ کی رائے میں ٹیکنالوجی کا کیا رول ہوگا ؟ اس پر امبانی نے کہا کہ دنیا میں ٹیکنالوجی رہے گی۔امبانی نے ہندوستان کی ڈیجیٹل حصولیابیوں کا کریڈٹ وزیر اعظم مودی کی ڈیجیٹل انڈیا مہم کو دیا ہے ۔ انہوں نے تاریخ میں ہندوستان کے اب تک کے سب سے بڑے ایف ڈی آئی کیلئے زکربرگ اور ہندوستان میں فیس بک جیو شراکت داری کیلئے شکریہ ادا کیا ۔
 مکیش امبانی نے مارک زکربرگ سے کہا کہ جیو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی لے کر آئی ہے۔وہاٹس ایپ کے ساتھ وہاٹس ایپ چیٹ کی شمولیت ہوئی ہے تو اس سے ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی بڑھی ہے۔ریلائنس ریٹیل اور جیومارٹ ہندوستان میں ہر کسی کو عالمی سروسیز میں حصہ لینے کا موقع دے رہا ہے ۔ مکیش امبانی نےمزید کہا کہ کورونا بحران میں ہندوستان میں سب زیادہ ایف ڈی آئی آئی ہے ۔ فیس بک کی جیو میں سرمایہ کاری ہندوستان کیلئے ایک بڑی ایف ڈی آئی ہے ۔ فیس بک اور جیو مل کر چھوٹے کاروبار کو فروغ دیں گے ۔ چھوٹے کاروبارکی طرف لوگوں کو راغب کرنےکا  پلیٹ فارم تیارکیاجارہا ہے  ۔
ہندوستان دنیا کی تیسری بڑی معیشت بننے کی راہ پر
 ریلائنس انڈسٹریز کے سی ایم ڈی نے کہا کہ کورونا بحران میں ملک میں ورک فرام ہوم اور لرن فرام ہوم کا کلچر کامیاب رہا ہے ۔ملک کی ترقی آگے بھی جاری رہے گی ۔ جلد ہی ملک کی فی کس آمدنی۱۸۰۰؍ ڈالر سے بڑھ کر ۵؍ ہزار ڈالر ہوگی۔ہمارے ملک ہندوستان میں بے شمار امکانات ہیں ۔ جلد ہی ہم دنیا کی تیسری بڑی معیشتوں میں شامل ہوں گے ۔ کیونکہ ہم تیزی سے اس سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں ۔
 مارک زکر برگ نے بھی اس موقع پر ہندوستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی اہمیت  اس بات سے سمجھی جاسکتی ہےکہ ہم کوئی بھی نیا فیچرپہلے ہندوستان میں استعمال کرتے ہیں پھر اسے دنیابھر میں لانچ کرتے ہیں۔
 زکربرگ نے کہا کہ ہندوستان میں با صلاحیت افراد کی کمی نہیں ہے۔ ہندوستان اور کیلیفورنیا میں کمپنی کے ہیڈ کوارٹر میں بہت سے ہندوستانی کام کرتے ہیں جنہیں میں جانتا ہوں،وہ بہت قابل افراد ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK