Inquilab Logo

کئی اہم بی ایس پی لیڈران ہاتھی سے اُتر کر سائیکل پر سوار

Updated: January 17, 2021, 12:23 PM IST | Jeelani Khan Aleeg

بی ایس پی کے خیمے میں سیندھ : سابق وزیریوگیش ورما، سابق ایم پی دائود احمد،میرٹھ کی میئرسنیتا ورماسمیت متعدد اہم بی ایس پی لیڈران اورسیکڑوں کارکنان نے سماج وادی پارٹی کا دامن تھاما، آر ایس ایس پرچارک اوربی جے پی لیڈر نےبھی سماجوادی پارٹی کی ممبر شپ حاصل کی

Akhilesh Yadav - Pic : INN
اکھیلیش یادو ۔ تصویر : آئی این این

جمعہ کو بی ایس پی سپریمو مایاوتی کوان کے یوم پیدائش پر مبارکباد دینے والے سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو  نے انہیں سنیچر کو  بڑا جھٹکا دیتے ہوئے مغربی یوپی کے کئی اہم لیڈروں کو ہاتھی سے اتارکر سائیکل کی ہینڈل تھما دی ہے۔مایاوتی کی پارٹی چھوڑ کر ایس پی میں شمولیت اختیار کرنے والے اہم چہروں میں میرٹھ کی میئر، ان کے شوہر  اور سابق ریاستی وزیراور ان کے سیکڑوں حامیوں کے ساتھ ساتھ سابق ممبر پارلیمنٹ دائود احمد  اور کئی سابق اراکین اسمبلی شامل ہیں۔ان لیڈروں کے ساتھ ان کےسیکڑوں حامیوں نے بھی بی ایس پی چھوڑ دی ہے۔حیران کن طور پر ایک آر ایس ایس پرچارک اورکچھ بی جے پی لیڈروں نے بھی ایس پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ان تمام کو ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے اپنی پارٹی میں شامل کرتے ہوئے اپنے مشن ۲۰۲۲ءکے لئے نیک شگون اور حوصلہ افزا ڈیولپمنٹ قرار دیا ہے۔ 
 یوپی میں اسمبلی انتخابات ۲۰۲۲ءکےپیش نظر تمام اہم پارٹیوںنے اپنی سرگرمیاں بڑھا دی ہیں۔ساتھ ہی، لیڈروں کے ایک پارٹی چھوڑ کر دوسری جماعت میں جانے کا سلسلہ بھی تیز ہوگیا ہے۔ان سرگرمیوں کا سب سے زیادہ منفی اثر بی ایس پی پر دیکھاجا رہا ہے، جس کے لیڈران مسلسل مایاوتی سے دوری بناتےجارہے ہیں۔جو کھلے عام باغیانہ رخ اپنا رہے ہیں انہیں مایاوتی معطل کررہی ہیں جبکہ دیگر کئی خود ہی پارٹی کو الوداع کہہ رہے ہیں۔
  سنیچر کو بھی بی ایس پی کو کرارا جھٹکا لگا جب مایاوتی کے اہم سپہ سالاروں میں شامل مغربی یوپی کے اہم دلت لیڈروں میں شمار سابق وزیر یوگیش ورما اپنی بیوی  اور میئر( میرٹھ ) سنیتا ورما کے ساتھ سماجوادی پارٹی میں شامل ہوگئے۔ان کے ساتھ میرٹھ کے کئی کونسلرس،ضلع پنچایت ممبران اور میرٹھ بی ایس پی ضلع ورکنگ کمیٹی کے اراکین اور تقریباً ۴۰۰؍حامیوں نے بھی بی ا یس پی کو الوداع کہتے ہوئے سائیکل کی سواری شروع کردی۔اسی طرح، بریلی اورمراد آباد کے سابق ممبران اسمبلی وجے پال سنگھ اور وجے سنگھ یادو بھی اکھلیش کی قیادت میںاعتماد جتاتے ہوئے ایس پی میں شامل ہوئے ہیں جبکہ مرزا پور سے  بی جے پی کے  سابق رکن اسمبلی رام بھارتی نے بھی اپنے حامیوں کے ساتھ سائیکل کی سواری شروع کردی ہے۔سابق وزیر اودھیش کمار ورما بھی  اکھلیش یادو کی موجودگی میں ایس پی میں شامل ہوئے۔ اودھیش ورما اور وجے یادو کی یہ گھر واپسی ہے۔اسی طرح، علی گڑھ سے بی ایس پی کی سابق لوک سبھا امیدوارلکشمی دھنگر کئی موجودہ اور سابق پردھانوں اوربی ڈی سی ممبران کے ساتھ  ایس پی جوائن کیا ہے۔ علاوہ ا زیں، وکلاء اور دیگر پروفیشنلز نے بھی ایس پی کا دامن تھاما ہے جن میں سابق رکن یوپی ایس سی ؍ایس ٹی کمیشن ایڈوکیٹ سنیل لودھی قابل ذکر ہیں۔
  حیران کن بات یہ بھی ہے کہ گورکھپور میں طویل  عرصہ سے آر ایس ایس کے پرچارک رہے ڈاکٹرونیت شکلا نے بھی آج ایس پی جوائن کیا ہے۔ ساتھ ہی، پوروانچل کے کئی بی جے پی لیڈران نے بھی اپنے حامیوں کے ساتھ اکھلیش کے ہاتھوں ممبر شپ لی ہے۔  
 دائودا حمد سابق رکن پارلیمنٹ ہیں جوپرانے بی ایس پی لیڈر ہیں اور ایک بڑا مسلم چہرہ رہے ہیںمگر، سابقہ برس انہیں مایاوتی نے پارٹی سے باہر کردیا تھا۔ اب انہوں نے بھی ایس پی جوائن کیا ہے۔ ان کا لکھیم پور، ہردوئی اور دیگر متصلہ اضلاع میں کافی اثر مانا جاتا ہے۔ سنیچر کا  یہ  سیاسی ڈیولپمنٹ بی ایس پی کے لئے بڑا جھٹکا ہے کیونکہ یوگیش ورما مغربی یوپی میں ایک بڑے دلت لیڈر ہیں جن کا اثر کئی اضلاع میں مانا جاتا ہے۔اس کا ثبوت انہوں نے میئر الیکشن میں بھی دیا تھا جب بی جے پی کی لہر کے باوجود انہوں نے اپنی بیوی سنیتا ورما کو میرٹھ میں میئراور اپنے کئی حامیوں کو کونسلر و بی ڈی سی ممبر بنوا  یا تھا۔ان کے ساتھ مراد آباد، بریلی، شاہجہانپور میں بی ا یس پی کے اہم چہرہ رہے لیڈروں نے بھی مایاوتی کاساتھ چھوڑدیا ہے۔اس موقع پرا کھلیش نے کہا کہ روز بروز ہمارے ساتھ دیگر پارٹیوں کے لیڈران و کارکنان بڑی تعداد میں آرہے ہیں جن سے سماجوادی کنبہ مضبوط ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ۲۰۲۲ءالیکشن میں بی جے پی سماجوادیوں اور لوہیا وادیوں کے سامنے نہیں ٹک سکے گی۔  ہمیں ابھی سے یہ اشارے مل رہے ہیں کہ بی جے پی کا پوری طرح سے صفایا ہونے والا ہے اس لئے زمینی سطح کے لیڈران سماج وادی کا رخ کررہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK