Inquilab Logo

ریاست میں بڑے پیمانے پرپولیس افسران کے تبادلے

Updated: October 22, 2022, 12:42 PM IST | Ali Imran/I Shaikh/Agency | Mumbai

۲۴؍ افسران کو فوری حکم نامے کےذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ بھیجا گیا ، بعض کو ترقی،۱۶؍ افسران کے فی الحال تبادلے ہوئے ہیں مگر کسی مقام پر تقرری نہیں ہوئی ہے

Some of the officers have been promoted and some have just been transferred .Picture:INN
بعض افسران کو ترقی دی گئی ہے تو بعض کا صرف تبادلہ ہوا ہے۔ تصویر:آئی این این

 ریاستی وزارت داخلہ نے جمعرات کی رات مہاراشٹر  پولیس محکمہ کے ۴۰؍  افسران کے تبادلے کا حکم نامہ  جاری کیا۔ ان میں سے  ۲۴؍پولیس افسران کے تبادلے فوری طور پر ہو گئے ہیں جبکہ دیگر ۱۶؍ افسران کے جلد ہی تبادلے کئے جائیں گے۔یہ اطلاع وزرات داخلہ کے مصدقہ ذرائع سے موصول ہوئی ہے۔ جن افسران کےتبادلے ہوئے ہیں ان میں بیشتر ڈی سی پی (ڈپٹی کمشنر آف پولیس) اور ایس پی (سپرنٹنڈنٹ آف پولیس) رینک کے  ہیں۔ ان میں ۲۳؍  آئی پی ایس ہیں جبکہ ۲؍ کا تعلق اسٹیٹ پولیس سے ہے۔ 
  یاد رہے کہ ایکناتھ شندے کے وزیراعلیٰ بننے کےبعد  ریاست میں تبادلوں کا یہ پہلا اقدام ہے۔ اطلاع کے مطابق گڑ چرولی کے ایڈیشنل ایس پی سومیہ منڈے کو ترقی دے کر لاتور کا ایس پی بنا دیا گیا ہے۔ منڈے نے نومبر ۲۰۲۱ء میں گڑ چرولی کے ماردن ٹولہ علاقے میں ۲۷؍ مائووادیوں  کے خلاف کارروائی کرنے والی پولیس ٹیم کی قیادت کی تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ اسی کارنامے کا انعام ہے۔ادھر لاتور کے ایس پی نتن پنگلے کو گوندیا بھیج دیا گیا ہے۔  دھننجئے کلکرنی جو کہ مرکز میں تعیناتی کے بعد ریاسست واپس آئے ہیں انہیں رتناگیری کا ایس پی مقرر کیا گیا ہے جبکہ وہاں سے پون بنسوڑ کو سندھو درگ کا ایس پی بنا کر بھیج دیا گیا ہے۔ بسوراج تیلی کو سانگلی کا ایس پی بنایا گیا ہے جبکہ سمیر اسلم  شیخ کو ستارا کا ایس پی مقرر کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ انکیت گوئل کو پونے جبکہ سریش سردیشپانڈے کو شولا  پور (دیہی)  میں بطور ایس پی تعینات کیا گیا ہے۔   ممبئی پولیس کے ڈی سی پی نیلو تپل کا تبادلہ گڑ چرولی کر دیا گیا ہے جہاں وہ بطور ایس پی تعینات ہوں گے۔ جبکہ شری کرشنا کوکاٹے کو ناندیڑ بھیجا گیا ہے وہ بھی وہاں ایس پی ہوں گے۔ اس کے علاوہ ریاستی خفیہ محکمے میں ڈی سی پی کے عہدے پر فائز  رویندر سنگھ پردیسی کو ترقی دے کر چندر پور کا ایس پی بنا دیا گیا ہے۔  پراگ منارے کو سیکوریٹی وی آئی پی کا ڈی سی پی بنایا گیا ہے۔ ان کا تبادلہ کئی دنوں سے رکا ہوا تھا۔  تھانے کے ڈی سی پی کرائم لکشمی کانت پاٹل کا تبادلہ ناگپور کیا گیا ہے جہاں وہ پولیس ٹریننگ اسکول کے پرنسپل ہوں گے۔ 
  بعض افسران ایسے ہیں جن کا تبادلہ تو ہوا ہے یعنی ان کا چارج واپس لیا گیا ہے لیکن ان کا فی الحال کہیں تقرر نہیں کیا گیا ہے۔ محکمۂ داخلہ کے ذرائع کے مطابق  ان کیلئے الگ سے آرڈر جاری کیا جائے گا۔ انہی میں دھولیہ کے ایس پی  پروین کمار پاٹل بھی ہیں جنہیں مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے ہاتھوں حال ہی میں صدر جمہوریہ میڈل دیا گیا ہے۔  ان کی جگہ ناسک شہر کے ڈی دی پی سنجے بارکنڈکو ترقی دے کر دھولیہ ضلع کا ایس پی بنایا گیا ہے۔اس سے قبل بارکنڈ سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے حفاظتی دستے کے پولیس کمشنر رہ چکے ہیں۔ناسک میں چارج سنبھالنے کے بعد مرکزی وزیر نارائن رانے کو گرفتار کرنے والے دستے کی قیادت  بھی سنجے بارکنڈ نے ہی کی تھی۔  ان کے علاوہ ناسک (دیہی)  میں بطور ڈی سی پی  تعینات   سچن پاٹل کو وہاں سے اورنگ آباد بھیج دیا گیا ہے جہاں وہ کرائم برانچ کے ڈی سی پی ہوں گے۔ دوسری طرف جلگاؤں ضلع ایس پی کا چارج ایم راجکمار کے سپرد کیا گیا ہے۔ ایس پی راجکمار پہلے ایوت محل میں تعینات تھے۔   ایس پی ایم راجکمار ۲۰۱۰ء بیچ کے ا فسر ہیںجو اس سے قبل ودربھ کے ایوت محل ضلع میں بطو ایس پی خدمت انجام دے چکے ہیں۔جلگاؤں ضلع سے تبادلہ کئےگئے پروین منڈے کی بھی فی الحال تقرری باقی ہے۔ ناگپور کے سینئر آئی پی ایس سارنگ اوہاڑ کو ضلع بلڈانہ کا ایس پی بنایا گیا ہے۔ناگپور شہر کے ڈی سی پی  نورالحسن کو وردھا ضلع کا پولیس سپرنٹنڈنٹ بنا کر بھیجا گیا ہے۔ نیز ناگپور کے اینٹی کرپشن بیوروکے سپرنٹنڈنٹ راکیش اولا کو احمد نگر کا ایس پی بنایا گیا ہے۔ سنگوری وشال آنند کو ناگپور (دیہی)  کے ایس پی وجے کمار ماگر کی جگہ تعینات کیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل گورنر کی سیکوریٹی پر مامور تھے۔ ناگپور پولیس ٹریننگ سینٹر کے پرنسپل شری کانت پروپکاری کو تھانے کمشنریٹ میں ڈی سی پی  کے عہدے پربھیجا گیا ہے۔ جیسا کہ اوپر کہا گیا ان کی جگہ لکشمی کانت پاٹل کو ناگپور منتقل کیا گیا ہے۔ کہا جا رہاہے کہ ریاست میں ابھی مزید تبادلوں کا امکان ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK