Inquilab Logo

سماجی خدمت گار ٹیسٹا سیتلواد کی حمایت میں آج ملک گیر احتجاج

Updated: June 27, 2022, 11:28 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ممبئی میں دادر اسٹیشن کے باہر ۵؍بجے احتجاج کیا جائے گا اورآئندہ کیلئے لائحۂ عمل بھی طے کیا جائے گا

Teesta Setalvad.Picture:INN
معروف سماجی خدمت گار ٹیسٹا سیتلواد۔ تصویر: آئی این این

 معروف سماجی خدمت گار ٹیسٹا سیتلواد کی حمایت میںآج ملک گیر سطح پراحتجاج کا اعلان کیا گیاہے۔اس اعلان کے پیش نظر ممبئی میںدادر ریلوے اسٹیشن کے باہر پیر کی شام کو۵؍بجے احتجاج کیا جائیگا ۔ سنیچر کی سہ پہر ٹیسٹا سیتلواد کو احمدآباد اے ٹی ایس کے ذریعے تحویل میںلینے اورپھر گرفتاری کا اعلان کرنےکے بعد فیروز میٹھی بور والا، ایم اے خالد،سلیم الوارے وغیرہ ان کے گھر پہنچے اور انہوں نے جاوید آنند سے ملاقات کی۔ جاوید آنند نے انہیںاے ٹی ایس کے طریقۂ کار کے بارے میں تفصیل سے بتایا ۔  باہم گفت وشنید کے بعد ٹیسٹا کی حمایت میں آج بروزپیر۲۷؍جون کو ملک گیر احتجاج کااعلان کرنےوالوں میں ملک کی اہم شخصیات وی سریش (جنرل سیکریٹری پی یو سی ایل )، میدھا پاٹکر، اپوروا نند، کمار کیتکر، سعیدہ حمید، روپ ریکھا ورما(سابق وائس چانسلر لکھنؤ یونیورسٹی )، ارونا رائے، شبنم ہاشمی ، ٹی این کرشنا ، فیروز میٹھی بوروالا، سنجے مونٹیریو، ایڈوکیٹ لارا جسانی ،گوہر رضا اوردیگر شخصیات شامل ہیں۔ اسی مسئلے پراتوار کی شام کو۶؍بجے ریڈیو کلب میں بھی ملی اورسماجی تنظیموں کے ذمہ داران نے لائحۂ عمل طے کرنے کیلئے باہم تبادلۂ خیال کیا ۔ اس دوران اس بات پرزور دیا گیا کہ موجودہ حکومت کےدور میں حق وانصاف کی آواز دبانے کی مختلف انداز میںکوششیں کی جارہی ہیں اور جن لوگوںنے بھی انصاف کیلئے آواز بلند کی اورمظلوموں کا ساتھ دیا  ، ان کونشانہ بنایا جارہا ہے۔ ٹیسٹا سیتلواد اوران کے ساتھ گجرات کے سابق ڈی جی پی آر بی سری کمار کی گرفتاری اورسابق آئی پی ایس افسر سنجیو بھٹ کے خلاف بھی کیس درج کیا جانا یہ واضح کرتا ہے کہ حکومت کے ذریعے کس طرح کی کارروائی کی جارہی ہے ۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایسے لوگو ں کی باقاعدہ فہرست تیار کی گئی ہے۔ سی پی آئی ممبئی کے سیکریٹری پرکاش ریڈی کے مطابق ’’ ٹیسٹا کی گرفتاری سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ انتقامی کارروائی ہے۔ایسا لگتا ہے جیسے اے ٹی ایس تیار بیٹھی رہی ہوکہ ذکیہ جعفری کی عرضی خارج ہو اوروہ فوراًٹیسٹا اورسری کمار کو اپنی گرفت میںلے لے۔‘‘ انہوںنے یہ بھی کہا کہ ’’ اس سے قبل بھی ایسی کوششیں کی گئیں اوربڑی تعداد میں سماجی خدمت گاروں کوجیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈالا گیا ہے لیکن اگر حکومت یہ سمجھتی ہےکہ وہ اس طرح کی کارروائیوں سے حق وانصاف کا گلا گھونٹ دے گی اورلوگ خوف کھاکر حق اورسچائی کی آواز بلند نہیںکریںگے ،تو یہ اس کی بھول ہے۔ہم سب ایسی کارروائیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ظلم ونا انصافی کے خلاف آوازبلندکی جاتی رہے گی۔
 اے ٹی ایس کی کارروائی بنیادی آزادی پرقدغن لگانے کےمترادف 
 ٹیسٹا سیتلواد اور آر بی سری کمار کی گرفتاری کی ایس آئی اوکے صدر محمد سلمان نے مذمت کی اور کہا کہ’’یہ بنیادی آزادی پر قدغن لگانے کی کوشش ہے۔احسان جعفری معاملہ میں نریندر مودی کو دی گئی کلین چٹ ہندوستان کی تاریخ کے بدترین قتل عام میں ریاستی سرپرستی کی تائید ہے۔‘‘محمدسلمان نے ملک کے ذمہ داراورحوصلہ مند شہریوں سے اپیل کی کہ ’’ان حالات میں وہ مایوس نہ ہوں اور نہ ہی خاموش رہیں، ہم سب اس سلسلے میں جدوجہد کرنے والے قائدین کے ساتھ کھڑے ہونے کا عہد کرتے ہیں اورہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں،ہمیں متحد ہوکرحالات کامقابلہ کرنا ہے ۔‘‘ 

mumbai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK