Inquilab Logo

پاپولر فرنٹ آف انڈیا سےتعلق کےالزام میں امام کونسل کے سربراہ مولانا عرفان ندوی مالیگائوں سے گرفتار

Updated: November 15, 2022, 9:55 AM IST | malegaon

مہاراشٹر اینٹی ٹیرر سٹ اسکواڈ (اے ٹی ایس )نےایک کارروائی کے دوران پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی مقامی یونٹ کے ممبر اور فرنٹ کی ذیلی تنظیم آل انڈیا امام کونسل کے مہاراشٹر اسٹیٹ صدر مولانا عرفان دولت ندوی کو گرفتار کرکے مقامی عدالت میں پیش کیا ۔

ATS personnel carrying Maulana Irfan (Revolution)
اے ٹی ایس اہلکار مولانا عرفان کو لے جاتے ہوئے ( انقلاب)

مہاراشٹر اینٹی ٹیرر سٹ اسکواڈ (اے ٹی ایس )نےایک کارروائی کے دوران پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی مقامی یونٹ کے ممبر اور فرنٹ کی ذیلی تنظیم آل انڈیا امام کونسل کے مہاراشٹر اسٹیٹ صدر مولانا عرفان دولت ندوی کو گرفتار کرکے  مقامی عدالت میں پیش کیا ۔ عدالت نے مولانا کو ۱۴؍دنوں تک اے ٹی ایس کی  تحویل  میں رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
 مولانا عرفان دولت ندوی کی رہائش مالیگائوں کے ہیرا پورہ میں واقع ہے ۔ وہ مکان سے تھوڑی دور پر واقع آئی ایچ ایس ڈی پی کالونی کی مسجد میں امامت وخطابت کے فرائض انجام دیتے تھے ۔گزشتہ ماہ ستمبر میں ملک گیر سطح پر پاپولرفرنٹ آف انڈیا کے عہدیداران واراکین کی ہوئی گرفتاریوںپر انہوں نے سخت بیانات جاری کئے تھے۔اُس کے بعد مولانا کو مقامی پولیس  اور اے ٹی ایس نے پوچھ تاچھ کیلئے کئی دنوں تک حراست  میں رکھا تھا ۔اُن کے خلاف معاملہ بھی درج کیاگیا تھا۔ ضمانت پر رِہائی عمل میں آئی البتہ تفتیشی ایجنسیاں مقامی پولیس کے ساتھ مولانا پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے تھی۔
 نام نہ ظاہر کر نے کی شرط پر تفتیشی اہلکاروں کے مددگار نے بتایا کہ مولانا عرفان دولت ندوی کو پوچھ تاچھ کے بہانے ناسک لے جایا گیا تھا۔۱۳؍نومبر کی شام  انہیں دوبارہ مالیگائوں لایا گیا  اورہیرا پورہ میں اُن کے گھر لے جایا گیا ۔کئی گھنٹے تک پورے گھر کی تلاشی کا سلسلہ جاری رہا۔کتابیں ،پمفلٹ ،لٹریچر وغیرہ کی تلاش جاری رہی ۔کچھ چیزیں برآمد ہوئیں۔اُن کی فہرست سازی ہوئی ۔مولانا کے اہل خانہ نے اِس پورےعمل میں تفتیش کاروں کا پورا تعاون کیا ۔بعد ازاں انہیں مقامی عدالت میں لے جایا گیا ۔
 معاصر انگریزی اخبار کی ویب سائٹ پر شائع معلومات کے مطابق تفتیشی ایجنسیوں کے پاس مولانا عرفان کے متعلق پختہ ثبوت وشواہد ہیں ۔اُن کا تعلق ایسے افراد سے ہے جو پاپولرفرنٹ آف انڈیا کے سرگرم عہدیدار تھے۔   جب مولانا کے وکیل نے  عدالت میں بحث کے دوران  مولانا کو پولیس تحویل میں دینے پر اعتراض ظاہر کیا تو تفتیشی ایجنسی نے مولانا عرفان دولت ندوی سے ضبط شدہ سیل (موبائل) فون اور اس کی تفصیلات پیش کیں۔ایجنسی نے بتایا کہ ملزم (مولانا) نےب پاپولرفرنٹ آف انڈیا سے تعلق رکھنے والے ۶؍اراکین (جو اِس وقت جیل میں ہیں)سے کم ازکم ۵۵۰؍مرتبہ رابطہ کرکے گفت وشنید کی ہے۔دوسری ریاستوں سے تعلق رکھنے والےپی ایف آئی کے زیرحراست ۴؍ملزمین سے مولانا عرفان نے ۶۵۰؍مرتبہ کالنگ کی ۔کال ریکارڈنگ پختہ ثبوت ہے جس کی روشنی میں معاملے کی جانچ کی جائے گی۔
 واضح رہے کہ پاپولرفرنٹ آف انڈیا کے مقامی صدر مولانا سیف الرحمان پہلے سے ہی تفتیشی ایجنسیوں کے قبضے میں ہے ۔مولانا عرفان دولت ندوی کی گرفتاری اور ۱۴؍دنوں کی پولیس کسٹڈی سے اک مرتبہ پھر مالیگائوں میں سنسنی پھیلی ہوئی ہے۔  یاد رہے کہ حکومت نے پاپولر  فرنٹ آف انڈیا کو ممنوعہ تنظیم  قرار دیدیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK