Inquilab Logo

مولانا کلیم صدیقی کوپولیس ریمانڈ میں بھیج دیا گیا

Updated: September 24, 2021, 8:49 AM IST | abdullan rashid | Lucknow

گزشتہ روز ناکامی کے بعد ایک مرتبہ پھر اے ٹی ایس نے حراست کی عرضی داخل کی تھی ، اس مرتبہ عدالت نے ۱۰؍ دن کا ریمانڈ دے دیا

Maulana Kaleem Siddiqui.Picture:INN
مولانا کلیم صدیقی تصویر آئی این این

پی اے ٹی ایس کے ذریعے گزشتہ روز گرفتار کئے گئے  ملک کےمعروف عالم دین اور اسلامی اسکالر  مولاناکلیم صدیقی کو جمعرات کو عدالت نے حیرت انگیز طور پر ۱۰؍دن کے پولیس ریمانڈ میں دے دیا۔ اے ٹی ایس کی درخواست کی مولانا کے وکلاء نے آج بھی سخت مخالفت کی مگر کورٹ نے ان کی دلیل کو نظرانداز کرتے ہوئے مولاناکلیم صدیقی کو پوچھ گچھ کے لئے اے ٹی ایس کے سپرد کردیا۔اس طرح،کل ریمانڈ لینے میں ناکام اے ٹی ایس کو جمعرات کو اپنے مقصد میں کامیابی مل گئی ۔ واضح رہے کہ انکے کچھ ساتھیوں کو اے ٹی ایس کی ٹیم نے میرٹھ ضلع سے اٹھایا تھا۔ بعد میں اے ڈی جی قانون پرشانت کمار نے بتایا تھاکہ مولانا کلیم صدیقی سنڈیکیٹ بنا کر تبدیلی مذہب کراتے ہیں ۔اس کے لئے انکے پاس خلیجی ممالک سمیت دوسرے ممالک سےبڑی رقم حوالہ اور دوسرے طریقہ سے آتی ہے ، انکی گرفتاری کے بعد اے ٹی ایس نے عدالت میں ریمانڈ کی عرضی ڈالی تھی جس پر مولانا کے وکلاء کی مخالفت اور مضبوط دلائل کی وجہ سے عدالت نے ان کو ریمانڈ پر دینے سے انکار کردیا تھا لیکن جمعرات کو پھر اے ٹی ایس کی جانب سے مولانا کو بارہ روز کی ریمانڈپر لینے کی درخواست اے ٹی ایس کورٹ میں دی گئی جس پر عدالت نے مولانا کو دس روز کی پولیس ریمانڈ میںاے ٹی ایس کے سپرد کرنےکا حکم دیا ۔اس موقع پر وکلاء نے اسکی مخالفت بھی کی لیکن عدالت اپنے فیصلہ پر اٹل رہی۔
  یاد رہے کہ اتر پردیش اے ٹی ایس کی ٹیم نے گزشتہ روز مولاناکلیم صدیقی کو گرفتا ر کیا تھا ۔انکی گرفتاری کےبعد اے ڈی جی قانون پرشانت کمار نے پریس کانفرنس میں ان پر کئی سنگین الزامات لگائے تھے۔ان کے تار جون میںگرفتار عمر گوتم سے بھی جوڑے گئے تھے اور ان سبھوں کا سرغنہ مولانا کلیم صدیقی کو قرار دیا تھا۔
  اے ٹی ایس کی ٹیم نے جمعرات کوپھر عدالت میںریمانڈ کی  درخواست دی تھی جس پر مولانا کے وکیل ابوبکر سباق اورنجم الثاقب اور دیگرنےمولانا صدیقی کوریمانڈ پر د ئیےجانےکی سخت مخالفت کرتےہو ئے عدالت کو بتایا کہ مولانا کے پاس سے کوئی ایسی چیز پولیس کو ہاتھ نہیں لگی ہےجس سے اے ٹی ایس کے ذریعہ عائد الزامات کی تصدیق ہو ۔اسکےعلاوہ مولانا کے خلاف کسی نے ابھی تک کوئی شکایت بھی درج نہیںکرائی ہے ۔ ان حالات میںمولانا کو ریمانڈ پرنہ دیا جائے۔ وہیں اے ٹی ایس کےوکیل نے عدالت کو بتایا کہ مولانا کے پاس سے ایک موبائل اور ۷؍ سم کارڈ برآمدہوئے ہیں، اس لئے مزید پوچھ گچھ کے لئے انہیں  ۱۲ ؍دن کے لئے پولیس تحویل میں دیا جائے ۔ مولاناکےوکیل ابوبکراور نجم الثاقب نے بتایا کہ دونوں جانب سےدلائل سننے کے بعد عدالت بغیر فیصلہ کئے  ہی اٹھ گئی۔ بعد میں عدالت نے اے ٹی ایس کی  ۱۲؍ دن کی ریمانڈ کی مانگ کوکم کرتے ہوئے ۱۰؍دن کے لئے پولیس ریمانڈ پر دینےکی ہدایت دی۔عدالت کے اس رویہ پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے ایڈوکیٹ سباق نے سوشل میڈیا  پر ایک پوسٹ لکھا ہے جس میں تحریر  ہے کہ گزشتہ روز کے فیصلے میں صاف الفاظ میں تحریر ہے کہ پولیس ریمانڈ دینے کےلئے کوئی بنیاد یا وجہ موجود نہیں ہے۔ پھر آج دوبارہ ایک گھنٹہ کی بحث ہوئی۔ اس دوران بھی اے ٹی ایس کے پاس ریمانڈ مانگنے کا کوئی جواز نہیں تھا  اس کے باوجود مولانا کو ۱۰؍دن کی پولیس ریمانڈ کا فیصلہ دیا گیا   جو حیران کن ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK