Inquilab Logo

مایاوتی کی۳۱ ؍مئی تک پارٹی کی سبھی کمیٹیوں کو دوبارہ تشکیل دینے کی ہدایت

Updated: February 24, 2020, 10:53 AM IST | Abdulah Arshad | Lucknow

مرکزی دفتر میں ہوئی میٹنگ کے بعد سبھی کمیٹیوں کوتحلیل کر دیا گیا ،بی ایس پی سپریمو نے اپنے بھتیجے کوقومی کوآرڈینیٹر بنایا

بی ایس پی سپریمو مایاوتی۔ تصویر :آئی این این
بی ایس پی سپریمو مایاوتی۔ تصویر :آئی این این

 لکھنؤ: بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے ملک بھر میں اپنی پارٹی کے عہدیداروں اور ذمہ داروںکے ساتھ میٹنگ طلب کی تھی جس میں انھوںنے پارٹی کی سبھی کمیٹیوںکو تحلیل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اپنے بھتیجے آکاش آنند کو پارٹی کا قومی کوآرڈینیٹر بنانے کا اعلان کیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی اعلیٰ کمان نے ۳۱ ؍مئی تک پارٹی کے تنظیمی ڈھانچہ کو مضبوط کرنے کےلئے کمیٹیوں کو نئے سرے سے تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی ہے ۔  گزشتہ روز دہلی میں بی ایس پی سپریمو مایا وتی نے ملک کے پارٹی کے عہدیداروں ، ذمہ داروں اور ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ میٹنگ کی تھی  جس میں انھوںنے مغربی بنگال ، بہار اور اتر پردیش کے عہدیداروں سے میٹنگ کرنے کے بعد وہاں کے الیکشن کے بارے میں تفصیلات حاصل کی تھیں ۔ میٹنگ کے دوران انھوںنے مغربی بنگال بہار اور اتر پردیش میں اپنے دم پر الیکشن لڑنے کا بھی اشارہ دیا لیکن پارٹی اعلیٰ کمان کی جانب سے اس طرح کی جانکاری نہیں دی گئی ۔میٹنگ کے دوران ہی  مایاوتی نے پارٹی کے بوتھ ، ضلع ، سیکٹر ،زون اور اسمبلی حلقوں کے علاوہ سبھی بھائی چارہ کمیٹیوں کو تحلیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کمیٹیوںکی تشکیل نو کی ہدایت دی تھی ۔ انھوںنے اسکی ذمہ داری اپنے بھتیجے آکاش آنند اور رام جی گوتم کے سپرد کرتے ہوئے ان کو ۳۱ ؍مئی تک نئی کمیٹیوںکو تشکیل  دینے کی ہدایت دی ہے ۔
  پارٹی کے جانکاروںکا کہنا ہے کہ اس نئی کمیٹی کو ضلع سطح پر ایس سی ایس ٹی ،اوبی سی اور اقلیتی طبقہ کے لوگوںکو ترجیح دینے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ انھوںنے اسمبلی حلقوں کے مطابق سیکریٹری اور انچارج کی تعیناتی  ، ریزرو سیٹوں پر ۲؍ سیکریٹریوں کو تعینات کرنے کی بھی ہدایت دی ہے ۔  ان میں ایک ایس سی اور دوسرا او بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والا ہوگا ۔ اس کے علاوہ تنظیمی سطح پر بہوجن وائلنٹیئر فورس اور بام سیف کے ایک ایک کنوینر کو شامل کیا جائے گا۔ابھی تک ۲؍ کنوینر ہوتے ہیں جس سے مسلسل پارٹی اعلیٰ کمان کو شکایت ملتی تھی۔ اس سسٹم کو نافذ کرنے سے تنظیمی ڈھانچہ میں گروہ بازی نہیں ہو سکے گی ۔ اس کے علاوہ انھوںنے اقلیتی طبقہ کے ووٹروں کو روکنے کیلئے اسمبلی سطح پر صدر جنرل سیکریٹری اور نائب صدر کے عہدوں کو بالترتیب ایس سی ، او بی سی اور اقلیتی طبقہ کے نمائندہ کو دینے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔ 
پارٹی کے نو منتخب قومی کواڈینٹر آکاش آنند کون ہیں؟ 
  بی ایس پی سپریمومایا وتی نے جس آکا ش آنند کو قومی کواڈینٹر کی ذمہ داری دے کراپنا نائب بنایاہے ، وہ سپریمومایاو تی کے چھوٹے بھائی آنندکمار کے بیٹے  ہیں ۔انہوں  نے لندن سے ایم بی اے کیا ہے ۔  ۲۰۱۷ ءمیں اتر پردیش میں ہونے والے اسمبلی الیکشن کے بعد اچانک آکاش آنند سپریمومایا وتی کے ساتھ دکھائی دینے لگے تھے۔ اس کے بعد آکاش کو پارٹی کا نائب صدر بناگیا ۔ لوک سبھا الیکشن میں کنبہ کو بڑھانے کا الزام عائد ہونے کے بعد  مایاوتی نے آکاش سے نائب صدر کی ذمہ داری واپس لے لی تھی ۔بتایا جاتا ہے کہ آکاش کو ذمہ داری کی اصل وجہ یہ ہے بی ایس پی سے نوجوانوں کو جوڑا جا سکے۔ فی الحال مایا وتی کی  امیدوں پر وہ کتنا  پورے اتریں گے یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK