Inquilab Logo

ہانگ کانگ میں میڈیا ٹائیکون جمی لائے گرفتار، گھر اور دفتر پر چھاپے

Updated: August 11, 2020, 10:07 AM IST | Agency | Washington

حکومت کے خلاف عوام کو بھڑکانے کے الزام میں نئے سیکوریٹی قانون کے تحت ۷؍ افراد کے خلاف کارروائی، نام ظاہر نہیں کئے گئے

ji lai -  Pic : PTI
جمی لائے کو پولیس حراست میں دیکھا جا سکتا ہے ( تصویر: ایجنسی

ہانگ کانگ  پولیس نے وہاں کے میڈیا ٹائیکون جمی لائے سمیت ۷؍ افراد کو نئے سیکوریٹی قانون کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔پولیس نے پیر کو جمی لائے کے میڈیا گروپ `نیکسٹ ڈیجیٹل کے صدر دفتر کا محاصرہ کیا اور عمارت میں داخل ہو کر نیوز روم کی تلاشی لی۔ اس موقع پر پولیس اور سیکوریٹی کے عملے کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔اس سے قبل پولیس اہلکار جمی لائے کی رہائش گاہ پہنچے جہاں مکان کی تلاشی لینے کے بعد اہلکاروں نے انہیں گرفتار کر لیا۔
 ہانگ کانگ میں چین کی جانب سے ۳۰؍ جون کو نافذ کردہ سیکوریٹی قانون کے تحت چین کے زیرِ انتظام اس نیم خود مختار علاقے میں کسی نمایاں شخصیت کو حراست میں لئے جانے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ پولیس نے جمی لائے کی گرفتاری کیلئے `نیکسٹ ڈیجیٹل کی عمارت کا محاصرہ بھی کیا۔ پولیس نے کہا ہے کہ ۳۹؍ سے ۷۲؍برس کے ۷؍افراد کو سیکوریٹی قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے۔ تاہم پولیس نے گرفتار افراد کے نام ظاہر نہیں کئے ہیں۔متنازع سیکوریٹی قانون کے تحت جمی لائے کی گرفتاری ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب گزشتہ ہفتے ہی امریکہ نے ہانگ کانگ اور چین کے حکام پر پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔
  `نیکسٹ ڈیجیٹل کے ایگزیکٹیو مارک سمن نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پولیس نے جمی لائے اور ان کے بیٹے کے گھر کی تلاشی لی۔ ان کے بقول پولیس نے `نیکسٹ ڈیجیٹل کے عملے کے کئی اراکین کو بھی حراست میں لیا ہے۔جمی لائے چینی حکومت کے مخالف ہیں اور ماضی میں کئی بار ہانگ کانگ سے متعلق اقدامات پر چین کو تنقید کا نشانہ بناچکے ہیں۔ان کا ادارہ `نیکسٹ ڈیجیٹل ہانگ کانگ سے ایپل ڈیلی نامی اخبار بھی شائع کرتا ہے ،    یہ اخبار جمہوریت  حامی ہے جس میں اکثر و بیشتر چین کے ہانگ کانگ میں کردار کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔یاد رہے کہ جمی لائے نے گزشتہ برس امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس اور وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو سے وہائٹ ہاؤس میں ملاقات بھی کی تھی۔ اُس موقع پر انہوں نے ہانگ کانگ کے لئے چین کی متنازع قانون سازی پر تبادلۂ خیال کیا تھا۔ ہانگ کانگ میں چین نے حال ہی میں سیکوریٹی قانون نافذ کیا ہے جس کا استعمال چین پر تنقید کرنے والوںکے خلاف ہو رہا ہے۔ 

hong kong Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK