Inquilab Logo

منترالیہ کی میٹنگ میں میرا بھائندرکے مکینوں کیلئے اضافی پانی فراہم کرنے کا فیصلہ

Updated: October 21, 2020, 9:19 AM IST | Kazim Shaikh | Mira Road

وزیر صنعت سبھاش دیسائی کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کے بعدمیرا بھائندر کے مکینوںکوپانی کی مسلسل کٹوتی اور قلت سے چھٹکارا ملنےکی اُمید

Water Supply - Pic : INN
پانی سپلائی ۔ تصویر : آئی این این

میرا بھائندر علاقے کے مکین پانی کی کٹوتی سے پریشان ہیں۔ شہریوں کو ہونے والی دشواریوں کے پیش نظر علاقے کے متعدد لیڈروں نے  وزیر صنعت سبھاش دیسائی  سے خصوصی ملاقات کی ۔  پیر کو منترالیہ میں ہونے والی ایک میٹنگ میں  میرا بھا ئندر  کے لئے اضافی پانی  فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب امید کی جارہی ہے کہ حکومت کے اس فیصلے سے پورے میرا بھائندر   میں پانی کی قلت ختم  ہوجائے گی ۔
  میرار وڈ کے کارپوریٹر زبیر انعامدار نے بتایا کہ میرابھائندر مہانگر پالیکا میں ہونے والی پانی کی کٹوتی سے مکینوں کا برا حال  ہے ۔ کئی کئی دنوں کے بعد مکینوں کو  پانی سپلائی کیاجا رہا ہے ۔ اسی سبب میرا بھائندر کے رہنےوالے ٹینکروں سے کافی مہنگے داموں میں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔علاقے کے مکینوں کو پانی کی قلت سے ہونے والی دقت کے پیش نظر   پانی کٹوتی ختم کرنے اور بھر پور پانی سپلائی   بحال کرنے کیلئے  علاقے کی متعدد پارٹیوں کے لیڈران نے  ریاستی  وزیر صنعت سبھاش دیسائی سے ملاقات کی۔میٹنگ کے دوران  وزیر صنعت نے مزید ۲۰؍ ایم ایل ڈی پانی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔میراروڈ کے  کارپوریٹر اشرف شیخ نے نمائندہ انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا بھائندر میں پانی کی قلت سے پریشان مکینوں کے لئے ایک اچھی خبر ہے ۔ پیر کو منترالیہ میں وزیر صنعت سبھاش دیسائی کی صدار ت میں میرا بھائندر میں پانی سپلائی  سے متعلق خصوصی میٹنگ کی گئی ۔ میٹنگ میں ہونے والی گفتگو کے بعد ایم آئی ڈی سی سے منظور شدہ کوٹہ ۱۳۵؍ ایم ایل ڈی پانی کے علاوہ  ۲۰؍ ایم ایل ڈی زائد پانی کی منظور ی مل گئی ہے  ۔ 
  شیوسینا کے لیڈر پرتاپ سر نائیک نے بتایا کہ ۱۳۵؍ ایم ایل ڈی پانی ایم آئی ڈی سی سے میرا بھائندر کو سپلائی کرنے کیلئے محکمہ نے منظور کرالیا ہے ۔ یہ پانی   ان کی مانگ پر۲۰ ؍ایم ایل ڈی زائد دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس طرح ایم آئی ڈی سی سے کل ۱۵۵؍ ایم ایل ڈی پانی میرا بھائندر کو مستقبل میں مل سکے گا ۔ میرا بھائندر مہانگر پالیکا کے پانی سپلائی محکمہ کے ایک افسر نے بتایا کہ اسٹیم سے ۸۶؍ ایم ایل ڈی پانی ملتا ہے ۔ ۹۰ سے ۱۰۰؍ ایم ایل ڈی پانی ایم آئی ڈی سی سے سپلائی کیا جاتا ہے، کل ملاکر ۱۷۶؍ سے ۱۸۶؍ ایم ایل ڈی پانی مل رہا ہے جبکہ ۲۲۱؍ ایم ایل ڈی پانی ملنا چاہئے ۔ سرنائیک نے کہا کہ ایم آئی ڈی سی سے اپنے کوٹے کا ۳۵؍ ایم ایل ڈی پانی لینے سے نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن نے منع کردیا ہے ۔ اس میں سے ۲۰؍ ایم ایل ڈی پانی میرا بھائندر کو دینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔  ایم ایل اے گیتا جین نے میٹنگ میں منظور کوٹے کے علاوہ اضافی مقدارمیں پانی دینے کے فیصلے  پر  امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی میرا بھائندر میں  پانی کی مسلسل کٹوتی ختم کردی جائے گی ۔ انھوں نے مزید کہا کہ کٹوتی سے شہر میں پانی سپلائی کا معاملہ کافی پیچیدہ ہوگیا  ہے۔ میرا بھائندر کے مکین ٹینکر کے پانی پر منحصر ہوگئے ہیں اور ٹینکر لابی لوٹ نے مچارکھی ہے۔ حالت ایسی ہوگئی ہے کہ کورونا کے انفیکشن سے بچنے کیلئے بار بار  ہاتھ دھونا مشکل ہورہا ہے ۔ لوگوں کو پانی کیلئے کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اب اس لوٹ مار سے میرا بھائند ر کےمکینوں کو چھٹکارا ملنے کی امید ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK