Inquilab Logo

اگرسب پاکستانی،خالصتانی،اربن نکسل اور ٹکڑے ٹکڑےگینگ کا حصہ ہیں، تو ہندوستانی کون ہے؟

Updated: November 30, 2020, 8:47 AM IST | Haroon Reshi | Srinagar

محبوبہ مفتی کا بی جےپی پر شدید حملہ،پوچھا کہ اگردفعہ ۳۷۰؍ ہٹنے سے تمام مسائل حل ہوگئے تو کشمیر میں ۹؍ لاکھ فوجی کیوں ہیں؟ حکومت پر جمہوریت کے قتل کا الزام

Mehbooba Mufti - Pic : INN
محبوبہ مفتی ۔ تصویر : آئی این این

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بی جے پی کی مرکزی سرکار پرملک میں ’’جمہوریت کا قتل ‘ ‘کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’پورے ملک میں اندھا قانون‘‘ نافذ ہوگیا ہے۔  مسلمانوں کو پاکستانی ، سکھوں کو خالصتانی ،سماجی کارکنان کو اربن نکسل، احتجاج کرنے والوں کو انٹی نیشنل اور طلبا و طالبات کو ٹکڑے ٹکڑے گینگ جیسے خطاب سے نوازے جانے کا حوالہ دیتےہوئے  انہوں نے سوال کیا ہے کہ ’’اگر کشمیری  دہشت گرد، مسلمان پاکستانی ، سکھ خالصتانی اور احتجاج کرنے والے اینٹی نیشنل  ہیں  ، تو پھراس ملک میں ہندوستانی کون ہے؟‘‘
   اتوار کو سری نگر میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بی جےپی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ انہوں نے جب سے حکومت سنبھالی ہے، اس ملک کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے علاوہ کوئی کوئی اور کام نہیں کر رہے  ہیں۔لوگوں کو ایک دوسرے سے لڑایا جارہا ہے۔ کبھی لو جہاد کے نام پر اور کبھی اربن نکسل کے نام پر لوگوں کو تقسیم کیا جارہا ہے۔‘‘ 
 انہوں نے حکومت پر قوانین کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’’  جس کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہوتا ہے، اسے یو اے پی اے ( غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے سے متعلق ایکٹ) کے تحت بند کردیاجاتا ہے ، کیوں کہ اس قانون کے تحت قید ہوجانے والوں کو ضمانت نہیں ملتی۔‘‘ انہوں نے بی جے پی پر عدلیہ کا استعمال کرنے کا بھی  الزام عائد اور کہا کہ ’’ یہ لوگ( بی جے پی) جو کام خود نہیں کرپاتے ہیں ، اس کو عدالتوں کے ذریعے کرواتے ہیں۔ پہلے اگر کسی شخص پر کوئی مصیبت آجاتی تھی تو وہ عدالت کا دروازہ  کھٹکھٹاتا تھا لیکن اب تویہ عدالتوں کے ذریعے ہی سب کچھ کروا رہے ہیں۔‘‘ محبوبہ مفتی نے جموں کشمیر میں ’’روشنی اسکیم ‘‘  کے نام پر سیاسی لیڈروں کو نشانہ بنانے پر بھی مرکزی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اوراس پر انتقامی سیاست کا الزام عائد کیا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK