Inquilab Logo

ثابت ہوگیا کہ بالاکوٹ اسٹرائیک بی جے پی کو انتخابی فائدہ پہنچانےکیلئےکی گئی تھی

Updated: January 19, 2021, 11:05 AM IST | Agency | Srinagar

محبوبہ مفتی نے ارنب گوسوامی کے معاملے میںٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہےکہ اس جھوٹ کی قیمت کسے چکانی پڑی ؟

Mehbooba Mufti - Pic : INN
محبوبہ مفتی ۔ تصویر : آئی این این

پی ڈی پی صدر  اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ آج ہمارے موقف کی تصدیق ہوئی ہے کہ بالاکوٹ اسٹرائیک بی جے پی کو انتخابات میں فائدہ پہنچانے کے لئے کی گئی تھی نہ کہ پلوامہ حملے کے شہیدوں کے خون کا بدلہ لینے کے لئے۔
 انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور یادگار اہمیت کے مسائل کو ٹی آر پی تماشہ تک محدود کر کے رکھ دیا گیا ہے جس کا مقصد بی جے پی کو فائدہ پہنچانا اور غلط بیانیہ پیدا کرنا ہے۔محبوبہ مفتی نے ری پبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ان چیف ارنب گوسوامی کی۲۰۱۹ء میں پلوامہ حملے کے بعد کی جانے والی بالاکوٹ  اسٹرائیک سے متعلق وہاٹس ایپ پر ہونے والی بات چیت منظر عام پر آنے سے پیدا شدہ تنازع پر پیر کے روز کم از کم تین ٹویٹس کئے۔
 انہوں نے لکھا کہ۲۰۱۹ء میں جس کسی نے بھی بالاکوٹ  اسٹرائیک کے وقت پر سوال اٹھایا اس پر تنقید کی گئی اور قوم دشمن قرار دیا گیا۔ آج ہمارے موقف کی تصدیق ہوئی کہ یہ  اسٹرائیک ایک مخصوص سیاسی جماعت کو انتخابات میں فائدہ پہنچانے کے لئے کی گئی تھی نہ کہ پلوامہ حملے کے شہیدوں کے خون کا بدلہ لینے کے لئے۔
 انہوں نے کہا کہ `جولائی۲۰۱۹ء  میں حکومت ہندوستان نے کشمیر میں لاکھوں فوجی تعینات کئے اور سیاحوں کو یہاں سے نکالا۔ ان کارروائیوں کو جواز بخشنے کے لئے کہا گیا کہ پاکستان کی طرف سے حملے کا خطرہ ہے اور یوں دنیا سے جھوٹ بولا گیا۔ حقیقت صرف بی جے پی کے پالتو اینکر جانتے تھے۔  
 محبوبہ مفتی نے اپنے تیسرے ٹویٹ میں حکومت اور ارنب گوسوامی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ ان چیزوں کی قیمت کس کو چکانی ہے؟انہوں نے لکھاکہ قومی سلامتی اور یادگار اہمیت کے مسائل کو ٹی آر پی تماشہ تک محدود کر کے رکھ دیا گیا ہے جس کا مقصد بی جے پی کو فائدہ پہنچانا اور غلط بیانیہ پیدا کرنا ہوتا ہے۔ ناظرین کو جعلی خبروں اور ملک کے اندر و باہر پیدا کئے جانے والے خیالی دشمنوں سے نفرت کا عادی بنایا جا رہا ہے۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ اس کی قیمت کس کو چکانی ہے؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK