Inquilab Logo

وسط مدتی انتخابات : ایوان نمائندگان میں ریپبلکن پارٹی کی اکثریت

Updated: November 18, 2022, 11:56 AM IST | Agency | Washington

کانگریس کے ایوان زیریں میں ریپبلکن پارٹی نے ۲۱۸ ؍نشستوں کےساتھ اکثریت حاصل کر لی ہے، ڈیموکریٹک پارٹی کو ۲۱۱؍ نشستیں ملی ہیں ، حالانکہ ابھی حتمی نتائج کا اعلان نہیں ہوا ہے۔جوبائیڈن نےمبارکباد دی ، ایک ساتھ کام کرنے کا وعدہ کیا

Republican leader Kevin McCarthy and others are expressing their happiness after the majority in the House of Representatives. .Picture:INN
ایوان نمائندگا ن میں اکثریت کے بعد ریپبلکنز لیڈرکیون میک کارتھی اور دیگر خوشی کااظہار کررہےہیں۔ ۔ تصویر:آئی این این

امریکی کانگریس کے ایوان نمائندگان( ایوان زیریں )  میں  ریپبلکن  پارٹی نے   ۲۱۸ ؍نشستوں کےساتھ اکثریت اورحکمراں جماعت  سےمعمولی سبقت حاصل کر لی ہے، حالانکہ ابھی حتمی نتائج کا اعلان نہیں ہوا ہے۔  اس پر امریکی صدر جوبائیڈن نے  اپوزیشن کو مبارکباد دی ہے ۔ یاد رہےکہ سینیٹ میں حکمراں جماعت ڈیموکریٹک کی برتری بر قرارہے۔  ۴۳۵ ؍اراکین پر مشتمل ایوان نمائندگان میں اکثریت حاصل کرنے کیلئے کسی بھی جماعت کو ۲۱۸؍ نشستیں درکار ہوتی ہیںاور بدھ کو ریپبلکن پارٹی نے مطلوبہ نشستیں حاصل کرلی ہیں۔ ماہرین  کے مطابق ایوان نمائندگان میں اکثریت کھونے سے  حکمران جماعت ڈیموکریٹس کو قانون سازی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے  ۔ یہاں تک  جوبائیڈن کے مواخذہ کی بھی کوشش ہو سکتی ہے۔  واضح رہےکہ امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کو عام طور پر صدارتی مدت کے پہلے دو برس کی توثیق سمجھا جاتا ہےجس میں  اکثر حکمراں  جماعت کو شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس اعتبار سے ماہرین کا کہنا ہے کہ ریپبلکن پارٹی کی یہ کامیابی کوئی غیر معمولی کامیابی نہیں ہے۔ اہم بات یہ ہےکہ امریکی تاریخ میں صرف ۳؍ مرتبہ غیرمعمولی حالات ہی میں حکمراں جماعت نے وسط مدتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔  ۸؍ نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے مکمل نتائج میں ابھی مزید وقت لگ سکتا ہے۔ کئی حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کا عمل اب بھی جاری ہے۔ حکمراں جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کو ایوان نمائندگان میں اب تک ۲۱۱ ؍نشستیں ملی ہیں۔ اس طرح ڈیموکریٹک پارٹی  اب  کے نتائج کے مطابق  صرف۷ ؍ نشستوں سے پیچھے ہے۔وسط مدتی انتخابات سے قبل ایوان میں ڈیموکریٹک پارٹی کو ریپبلکنز پر۹؍ نشستوں کی برتری حاصل تھی۔     ایوان نمائندگان میں اکثریت حاصل کرنے  پر امریکی صدر جو بائیڈن نے ریپبلکنز کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی عوام کی خدمت کیلئے ریپبلکن پارٹی کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکی عوام چاہتے ہیں ،’’ ہم ان کیلئے کام کریں اور  میںکسی کے ساتھ بھی کام کیلئے تیار ہوں۔‘‘   وسط مدتی انتخابات میں ایوان نمائندگان  کی تمام ۴۳۵؍ جبکہ سینیٹ کی۱۰۰؍ میں سے ۴۵؍  نشستوں کیلئے ا نتخابات ہو ئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK