Inquilab Logo

خانگی مسائل پولیس اسٹیشن کےباہرحل کرانے کی کوشش

Updated: March 22, 2021, 9:38 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mira Road

میرا روڈ میںدارالقضاء فاؤنڈیشن کے اراکین اورپولیس کے ہمراہ میٹنگ میںمیاں بیوی میں اختلافات افہام و تفہیم سے حل کرانے پرزور۔ دیگر اہم مسئلے پربھی گفتگو ہوئی ۔پولیس افسران نے خودان مسائل کی جانب توجہ دلائی

Mira Road Police Station
دارالقضاء فاؤنڈیشن کے اراکین اور پولیس افسران میٹنگ کے دوران۔

 خانگی مسائل اور میاں بیوی کے اختلافات پولیس اسٹیشن کے بجائے افہام وتفہیم سے طے کرانے کی سمت قدم اٹھایا جارہا ہے ۔اس تعلق سےمیرا روڈ میں دارالقضاء فاؤنڈیشن کے اراکین اورپولیس کے ہمراہ دو دن قبل میٹنگ میں اس اہم مسئلے پر بات چیت کی گئی ۔
  دراصل میرابھائندر میں پولیس کی جانب سے دارالقضاء کے ذمہ داران کے یہ بات گوش گزارکروائی گئی کہ چھوٹے چھوٹے آپسی اور گھریلو معاملات میں لوگ پولیس اسٹیشن آجاتے ہیں اور ایک ایک دن میں ایسے کئی کئی  معاملات ہوتے ہیں۔چنانچہ بہتر ہوگا کہ دارالقضاء اور کونسلنگ سینٹر میںان کی رہنمائی کی جائے اور  افہام وتفہیم سےمعاملات حل کروانے کی کوشش کی جائے تاکہ پولیس پربھی بوجھ نہ پڑے اورباہمی مسائل اورچھوٹےموٹے اختلافات بھی طول نہ پکڑیں۔ پولیس کی جانب سے یہ بھی واضح کیاگیا کہ پولیس تو اپنے طور پرمعاملات نمٹائے گی ہی لیکن زیادہ بہتر طریقہ افہام وتفہیم کاہوگا ۔
 اس تعلق سےڈاکٹر عظیم الدین نے مذکورہ تفصیلات کے ساتھ یہ بھی بتایاکہ’’پولیس کی جانب سے مسلمانوں کے باہمی نزاعی کچھ ایسے معاملات بتائے گئے جو انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک ہیں۔سمجھ میں نہیںآرہا ہے کہ آخر معاشرہ کہاں جارہا ہے۔ اسی لئے یہ کوشش کی جارہی ہے اورذمہ داران کوبھی متوجہ کیاجارہا ہے کہ وہ اپنی سطح پربھی لوگوں کی ذہن سازی کریں  نیز زیادہ سے زیادہ خانگی معاملات کاتصفیہ افہام و تفہیم سے ہی کروایاجائے ۔اس کے علاوہ لوگ خود بھی پولیس اسٹیشن اورکورٹ کچہری جانے سے بچیں ۔‘‘ پولیس کے ہمراہ ہونے والی میٹنگ میں سینئر انسپکٹر اوردیگرپولیس اہلکاروں کےساتھ مولانا محمد زکریا، ڈاکٹر عظیم الدین ،ایڈوکیٹ شہود انور، علاؤ الدین ، محمداختراورچاند شیخ موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK