Inquilab Logo

میراروڈ :سیلاب زدگان کیلئے دینی تنظیموں نے امداد روانہ کی

Updated: August 07, 2021, 2:06 AM IST | Mumbai

ضروری سامان کے علاوہ ڈاکٹرس ، الیکٹریشین اور پلمبر بھی بھیجے گئے ہیں۔ اس کارِخیرمیں مقامی افراد نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا

Doctors at Miraroad appear to be treating flood victims in kokan.Picture:Inquilab
میراروڈ کے ڈاکٹرس کوکن میں سیلاب متاثرین کے علاج میں مصروف نظر آرہے ہیں۔ تصویر انقلاب

 کوکن سیلاب متاثرین کی راحت رسانی اور باز آبادکاری کے لئے پوری ممبئی میں ریلیف جمع کی جا رہی ہے۔ میراروڈ کے لوگ بھی  اس کارخیر میں پیچھے نہیں ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ ہی ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ چاہے وہ فسادات میں تباہ حال افراد کی مدد کا وقت ہو ،زلزلہ متاثرین کی مدد ہو یا مختلف مواقع پر بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کرنی ہو،  اہل میراروڈ ہمیشہ ہی مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کرنے میں پیش پیش رہے  ہیں۔  وہ ہمیشہ خدمتِ خلق کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر نہ صرف حصہ لیتے رہے ہیں بلکہ ہر موقع پر ریلیف کے کام کرنے والی جماعتوں اور تنظیموں کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔  گزشتہ ماہ کوکن میں سیلاب سے  کافی تباہی مچ گئی تھی۔  ایسے حالات میں میر اروڈکے لوگوں نے ایک بار پھر دست تعاون دراز کیا ہے اور مختلف دینی جماعتوں اور فلاحی تنظیموں کے توسط سے سیلاب زدہ لوگوں تک امداد پہنچائی ہے۔  یہ مدد کپڑوں، اناج دواؤں اور دیگر اشیائےضروریہ کی شکل میںپہنچائی گئی ہے اس کے علاوہ نقد رقومات بھی روانہ کی گئی ہیں ۔
      جماعتِ اسلامی میراروڈ کے امیر مقامی قاضی عطاء الحق نے بتایا کہ ’’میراروڈ میں ریلیف کے لئے کوششیں کی گئیں جس کے نتیجے میں صرف میراروڈ میں ۴؍ لاکھ روپے جمع ہوئے اور یہ رقم جماعت اسلامی ممبئی کے ناظم کے توسط سے وہاں پہنچائی گئی ہے۔اس کے علاوہ جماعت اسلامی نے میراروڈ سے رضاکار بھی روانہ کئے ہیں جن  میںڈاکٹر س بھی ہیں۔ اس کے علاوہ الیکٹریشن اور پلمبر بھی روانہ کئے گئے ہیں تاکہ باز آبادکاری کے کاموں میں تیزی آسکے اور سیلاب زدگان کو جلد از جلد راحت پہنچائی جا سکے ۔‘‘
  جمعیۃ العلماء میراروڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا انظار الحق کی اطلاع کے مطابق ’’میراروڈ سے ایک بڑا ٹرک اشیائے خوردونوش کے سامان کے ساتھ روانہ کیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’متاثرین کی امداد کیلئے لوگوں کی طرف سے  خطیر رقم بھی دی گئی ہے جو جمعیۃ العلماء کے دفتر میں جمع کردی گئی ہے تاکہ متاثرین کے سروے کے بعد باز آبادکاری کے کام میں صرف کی جاسکے۔ امداد کا سامان لے جانے والے وفد میں میراروڈ سے مولانا طیب قاسمی اور ماسٹر سعود عالم شامل ہیں۔ جمعیۃ العلماء ضلع پال گھر کے صدر مولانا شمیم اختر ندوی نے وفد کی روانگی سے پہلے فرمایا کہ ’خیر الناس من ینفع الناس ‘سب سے بہتر وہ لوگ ہیں جو لوگوں کی نفع رسانی کیلئے  کام کرتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ تمام رضاکاروں کی کوششوں کو اللہ سبحانہ وتعالیٰ قبول فرمائے اور جن لوگوں نے امداد کی ہے،  ان کی جان و مال میں خوب برکت عطا فرمائے۔ان کی دعا کے بعد وفد روانہ ہوگیا۔ 
      وحدت اسلامی کے مقامی ذمہ دار سید امین نے کہا کہ بجائے اس کے الگ الگ رقم جمع کی جائے ہم نے ہمارے وابستگان کی رقومات بھی جماعت اسلامی کے دفتر میں جمع کروائی ہے ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ حالات کا جائزہ لینے کیلئے ہم ایک وفد روانہ کر رہے ہیں ۔ چونکہ اناج اور کپڑے کافی تعداد میں پہنچ گئے ہیں اس لئے ہم لوگ سیلاب زدگان کی معاشی مدد پر غور کر رہے ہیں

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK