Inquilab Logo

میراروڈ :نوجوان کا دن دہاڑے قتل،۹؍افراد گرفتار۔ ملزموں کا مقتول کے چاچا کیساتھ جھگڑا ہوا تھا

Updated: February 01, 2023, 7:28 AM IST | sajid Shaikh | Mumbai

: یہاں کے علاقے جانگیڈمیں گزشتہ روز ۲۰ ؍سالہ نوجوان کو چاقو مار کر قتل کر دیا گیا ۔اس معاملے میں پولیس نے ۹؍ افراد کو گرفتار کرلیا ہے

The accused (masked) can be seen in police custody.
ملزمین (نقاب میں) کو پولیس کی حراست میں دیکھا جاسکتا ہے۔

  یہاں کے علاقے جانگیڈمیں گزشتہ روز ۲۰  ؍سالہ نوجوان کو چاقو  مار کر قتل کر دیا گیا ۔اس معاملے میں پولیس نے ۹؍ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ایم ٹی این ایل روڈ پر سدھی ونائک آٹو پارٹس کی دکان کےپاس نوجوان کھڑا تھاتبھی تقریباً ۹ ؍افراد جو اسکوٹر پرسوار  تھے، آئے  اور اچانک چاقوؤں سے اس کے سینے پر پے در پے وار کئے ۔ ایک اور شخص نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ یہاں آیا تو اس وقت نوجوان  زندہ تھا۔ اس کے منہ سے خون نکل رہا تھا اور وہ کچھ ہوش میں تھا پھر کچھ لوگ اسے آٹو رکشا کے ذریعے  قریبی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں کے منع کردیا تو اسےبھکتی ویدانت اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹر نے معائنہ کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا ۔
  موقع واردات پر فوراً پولیس پہنچ گئی ۔ پولیس ٹیم کی قیادت خود ڈپٹی پولیس کمشنر جینت بھجبلے کر رہے تھے ساتھ میں نیا نگر پولیس اسٹیشن ، کاشی میرا پولیس اسٹیشن اور کنکیا پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر موجود تھے۔ مقتول کی والدہ روپا دیوی راجیش کمار راج  کی شکایت پر تعزیراتِ ہند کی ۳۰۲  (قتل) اور  ۳۴ ؍کے تحت معاملہ درج کر لیا گیا ہے ۔سی سی ٹی وی فوٹیج سے حملہ آوروں کی شناخت ہو ئی  اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پولیس نے ۹ ؍افراد کو گرفتار کرلیاجن کے نام آیوش بھانو پرتاپ سنگھ (۱۹) ، عاقب خالد انصاری (۲۰) ، شیخ فرحان نظر عالم (۱۸)،    ارمان حبیب (۱۸)،  حیدر  پٹھان ( ۱۸) ،  اشفاق اختر منصور (۲۵)،  مہتاب رحیم الدین خان (۲۲) اور  امیت سورو سنگھ ( ۲۲)  ہیں۔ 
   لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھائندر مغرب میں واقع پنڈت بھیم سین جوشی اسپتال عرف ٹھیمبا اسپتال  لے جایا گیا ۔مقتول کا نام انکش راجیش کمار راج ہے۔ وہ  میراروڈ کے کوئنس پارک سوسائٹی کی  شانتی ٹاور نامی عمارت میں رہتا تھا اور بلینکیٹ نامی کمپنی میں بطور ڈیلیوری بوائے کام کرتا تھا۔  اپنی ہیرو ہونڈا کے ذریعے وہ جا رہا تھا مگر گاڑی کی چین ٹوٹنے کی وجہ سے مرمت کی خاطر وہ رکا تھا ۔ مقتول کے دوست نے بتایا کہ وہ اچھے اخلاق و کردار کا نوجوان تھا ۔اس کی کسی سے دشمنی نہیں تھی مگر اس کے ایک رشتے دار کا چند روز قبل پیٹرول پمپ پر ملزموں سے جھگڑا ہوا تھا جس کا بدلہ لینے کیلئے انہوں  نے اس پر جان لیوا حملہ کیا ۔ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم آیوش بھانو پرتاپ سنگھ کا مقتول انکش کے چاچا سے جھگڑا ہوا تھا اور اس وقت  انکش نے بیچ بچاؤ کرکے معاملہ رفع دفع کروایا تھا جس کی وجہ سے آیوش بھانو پرتاپ سنگھ انکش سے ناراض تھا ۔

mira road Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK