Inquilab Logo

میزورم اور آسام آمنے سامنے ، وزیر اعلیٰ ہیمنت شرما سمیت کئی افسران کیخلاف کیس درج کیا گیا

Updated: August 01, 2021, 8:53 AM IST | Guwahati

سرحدی تنازع پر میزورم کی دو دو ہاتھ کی تیاری، آسام کی جانب سے معاشی ناکہ بندی کے بعد میزورم کا جوابی اقدام ، دونوں ریاستوں میں کشیدگی میں اضافہ، حالات کو قابو میں رکھنے کیلئے دونوں طرف زائد فورس تعینات

Mizoram`s Zoram Thanga government has registered an FIR against Assam Chief Minister Hemant Biswa Sharma.Picture:PTI
آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما کیخلاف میزورم کی زورام تھنگا حکومت نے ایف آئی آر درج کرلی ہے تصویرپی ٹی آئی

میزورم اور آسام کے درمیان سرحدی تنازع کو لے کر ہونے والے تشدد کے بعد سے حالات میں کشیدگی بڑھنے کے ساتھ ساتھ اقدامات میں بھی شدت آ تی جارہی ہے۔ اب دونوں ریاستوں نے ایک دوسرے کے افسران کے خلاف کیس درج کر د ئیے ہیں۔میزورم نے آسام سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے آسام کے وزیر اعلی ہیمنت بسوا شرما اور آسام پولیس کے چار اعلیٰ افسران کے خلاف کیس درج کیا ہے۔یہ کیس میزورم پولیس نے کولاسب ضلع کے ویرنگتے نگر کے باہری حصہ میں ہونے والے تشدد کے معاملہ میں درج کیا ہے ۔  
 اس بارے میںنیوز پورٹل اے بی پی پر شائع خبر کے مطابق میزورم کے پولیس ڈائریکٹر جنرل (ہیڈ کواٹرس) جان این نے بتایا کہ ان تمام لوگوں کے خلاف قتل کی کوشش اور مجرمانہ سازش سمیت کئی دیگر الزامات کے تحت کیس درج کئے گئے ہیں۔  انہوں نے بتایا کہ آسام پولیس اور میزورم پولیس کے بیچ ہونے والی  پر تشدد جھڑپوں کے بعد یہ ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔ واضح رہے اس سے قبل اسی معاملہ میں آسام پولیس نے ۲۰۰؍ نامعلوم افراد کے خلاف معاملہ درج کیا  تھا  لیکن اس دوران میزو پولیس کو  تنقیدوں کا نشانہ بھی بنایا تھا ۔ 
 واضح رہے اس سے قبل آسام پولیس نے کولاسب ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی کمشنر سمیت میزورم حکومت کے ۶؍افسران کو دھولائی تھانے میں پیر تک پیش ہونے کے لئے سمن جاری کئے ہیں۔اطلاعات کےمطابق آسام پولیس نے ان افسران کو ۲۸؍جولائی کو ہی سمن جاری کر د ئیے تھے ۔ سمن جاری ہونے سے دو دن پہلے کچھار ضلع کے لیلا پور میں آسام اور میزورم پولیس کے بیچ خونی جھڑپ ہوئی تھی جس میں آسام پولیس کے ۶؍ اہلکار اور ایک مقامی شہری ہلاک ہو گیا تھا۔ اس واقعہ میں پچاس سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے بعد سے ہی دونوں ریاستوں کے درمیان سرحد کو لے کر تنازع جاری ہے جو اب کشیدگی میں تبدیل ہوگیا ہے۔ حالات کو قابو میں رکھنے کے لئے یہاں مرکزی فورسیز تعینات کردی گئی ہیں لیکن آسام کی جانب سےمسلسل بیان بازی جاری ہے جس کی وجہ سے حالات اور بھی زیادہ خراب ہونے کا امکان ہے۔ 
 واضح رہے کہ میزورم کا یہ اقدامات آسام کی جانب سے اس کی معاشی ناکہ بندی کرنے کے جواب میں سامنے آیا ہے۔ آسام نے میزورم کو دیگر ریاستوں اور ملک سے جوڑنے والے واحد ہائی وے کی ناکہ بندی کردی ہے اور کوئی  بھی ٹرک یا سپلائی ریاست میں جانے کی اجازت نہیں دے رہا ہےجس کی وجہ سے میزورم میں ضروری اشیاء کی قلت شروع ہو گئی ہے۔ وہاں میڈیا کو جانے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔  اس کی وجہ سے میزورم میں کیا ہو رہا ہے اس بارے میں معلومات ملنا مشکل ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں آسام کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ناکہ بندی ختم کرے لیکن اب تک کی اطلاعات کے مطابق آسام انتظامیہ نے  یہ بات تسلیم نہیں کی ہے۔ 

assam Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK