Inquilab Logo

ریلوے کی نجکاری کیخلاف ایم این ایس کا حکومت کو انتبا ہ

Updated: July 05, 2020, 8:43 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لئے جانے پر زبردست آندولن شروع کرنے کااعلان

Raj Thackeray - Pic : INN
راج ٹھاکرے ۔ تصویر : آئی این این

ریلوے کی نجکاری کے خلاف مہاراشٹر نو نرمان سینا( ایم این ایس) نے حکومت کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نجکاری کا فیصلہ فوراً واپس لیا جائے ورنہ زبردست آندولن شروع کیا جائے گا۔ایم‌این‌ایس نے مودی حکومت سے پوچھا اگر تمام چیزیں پرائیویٹ کمپنیوں کو ہی  دینا ہے تو حکومت کی  ضرورت ہی کیا ہے۔یاد رہے کہ حکومت نے ۱۰۹؍روٹس پر ٹرینیں چلانے کے لئے پرائیویٹ کمپنیوں سے درخواستیں منگوائی ہیں ۔حالانکہ چہار جانب سے حکومت کے اس فیصلے کی شدید مخالفت کی جارہی ہے۔
ایم این ایس کے تیور سخت
  حکومت کے سُر میں سُرملانے والی اور تعریفوں کے پل باندھنے والی ایم این ایس کے ریلوے ونگ مہاراشٹر کے صدر جتیندر پاٹل نے  اس سلسلے میں سخت تیور اپناتے ہوئے مرکزی وزیر ریل پیوش گوئل کو ‌ایک تفصیلی خط لکھ کر اپنی شدید ناراضگی ظاہر کی ہے ۔نمائندۂ  انقلاب نے جتیندر پاٹل سے بات چیت کی تو  انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ  ریلوے کی نجکاری کے ذریعے بڑی کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کا منصوبہ ہی نہیں عملی طور پر بھی تمام کاموں کو پورا کیا جا چکا ہے محض خانہ پری کے لئے اعلان کیا گیا ہے۔
 انھوں نے یہ بھی کہا کہ اگر سارا کام پرائیویٹ کمپنیاں ہی کریں گی تو حکومت کی ضرورت ہی کیا ہے اور پھر ایم پی اور ایم ایل اے کو منتخب کرنے کی کیا ضرورت ہے صرف صدر کو رکھا جائے باقی سب عہدوں کو ختم کر دیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نجکاری کے لئے یہ دلیل پیش کرتی ہے کہ اس سے سرمایہ کاری ہوگی لیکن مسافروں اور  ملازمین کا کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔ سوال یہ ہے کہ کیا یہ ممکن ہے ‌۔ کیونکہ جو بھی کمپنی سرمایہ کاری کرے گی اس کا نشانہ بھی منافع کمانا ہوگا ظاہر ہے وہ اپنے حساب سے اپنا نظام ترتیب دے گی ۔ جیتندر پاٹل نے حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے یہ بھی کہا کہ  ۲؍کروڑ روزگار مہیا کرانے کا وعدہ کیا گیا تھا  روزگار مہیا کرانا تو دور کی بات ہے رہی سہی ملازمتیں بھی ختم ہو رہی ہیں ۔ معیشت کا برا حال ہے کووڈ۱۹؍نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے۔ اس لئے ریلوے کی نجکاری کا فیصلہ غلط اور نامناسب ہے حکومت فوراً اپنا یہ فیصلہ واپس لے ۔ یہ فیصلہ مسافر مخالف اور ریلوے ملازمین کے خلاف ہے ۔ اس سے ریلوے کی ترقی نہیں بلکہ اس کی بربادی شروع ہوگی۔ اس لئے ایم این ایس اس فیصلے کی شدید مخالفت کرتی ہے اور یہ مطالبہ کرتی ہے کہ یہ فیصلہ جلد از جلد واپس لیا جائے بصورت دیگر زبردست آندولن کیا جائے گا اور حالات کی ذمے دار حکومت ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK