Inquilab Logo

مودی اور ممتا آمنے سامنے، نیتا جی کی وراثت پر رسہ کشی

Updated: January 24, 2021, 9:13 AM IST | Agency | Kolkata

وزیراعظم نے نیتاجی سبھاش چندر بوس کے یوم پیدائش کو ’پراکرم دیوس‘ کے طور پر منانے کا اعلان کیا، دعویٰ کیا کہ ہم ان کے خوابوں کا ہندوستان بنارہے ہیں، سرکاری پروگرام میں  جے شری رام کے نعروں پر ممتا برہم، توہین قراردیتے ہوئے احتجاجاً تقریر نہیں کی، مودی کے پروگرام سے قبل شاندار ریلی کی قیادت کی

In the presence of the Prime Minister, Mamata expressed strong anger over the political sloganeering in the official programÛ”Picture :PTI
وزیراعظم کی موجودگی میں سرکاری پروگرام میں سیاسی نعرے بازی پر ممتا نے سخت برہمی کااظہار کیا۔ تصویر: پی ٹی آئی

بنگال کے اسمبلی الیکشن سے قبل نیتاجی سبھاش چندر بوس کی ۱۲۵؍ ویں  سالگرہ  کے سیاسی استحصال کی بھر پور کوشش کی گئی۔ سنیچر کو وزیراعظم کولکاتا پہنچے جہاں انہوں نے نیتا جی  کے یوم پیدائش کو پراکرم دیوس کے طور پر منانے کا اعلان کیا  اور دعویٰ کیا کہ  ان کی حکومت  مضبوط ہندوستان کے نیتاجی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کررہی ہے۔ دوسری جانب ممتا بنرجی نے مودی کے پروگرام سے چند گھنٹے قبل ایک شاندار ریلی کرکے خود کو نیتاجی کا اصل جانشین باور کرانے کی کوشش کی ۔ 
 وزیراعظم کی موجودگی میں ممتا کی توہین
 شام کے وقت کولکاتا کے وکٹوریہ میوزیم میں  نیتاجی سبھاش چندر بوس کے حوالے سے منعقدہ مرکزی حکومت کے ایک پروگرام میں اس وقت بدمزگی پھیل گئی جب وزیراعظم کے ساتھ اسٹیج پر موجود وزیراعلیٰ ممتا بنرجی تقریر کیلئے ڈائس پر پہنچیں۔ ان کے ڈائس پر پہنچتے ہی ’’جے شری رام‘ ‘کے نعر ے بلند ہونے لگے۔واضح رہے کہ مغربی بنگال میں بی جے پی کی ریلیوں میں جے شری رام کے  نعرے بلند کئے جاتے ہیں۔ اُس وقت اسٹیج پر وزیراعظم   کے علاوہ گورنر جگدیپ دھنکر بھی موجود تھے۔ حالیہ کھ عرصے  میں یہ گنے چنے مواقع میں سے ایک تھا جب ممتا بنرجی وزیراعظم کے ساتھ ایک ہی اسٹیج پر نظر آئیں۔ جے شری رام کا نعرہ بلند ہوتے ہی ممتا نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہاں بلاکر میری بے عزتی مت کیجئے، یہ کوئی سیاسی پروگرام نہیں  ہے۔ اگر آپ کسی کو حکومت کے پروگرام میں  بلارہے ہو تو اس کی بے عزتی نہیں کرنی چاہئے۔‘‘ نعروں  کے بیچ  انہوں نے سخت برہمی کااظہار کرتےہوئے بھیڑ سے تہذیب کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی اور پروگرام میں شرکت کیلئے مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے احتجاجاً  تقریر نہیں کی اور ’جے بنگلہ، جے ہند‘ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے پیچھے ہٹ گئیں۔  
  نیتا جی کے خوابوں کو پورا کررہے ہیں: مودی 
  بعد میں پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ’’ نیتا جی نے ایک مضبوط ہندوستان کا خواب دیکھاتھا  ۔ لائن آف کنٹرول سے لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) تک ہم انہیں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’جس طرح نیتا جی نے کہا تھا کہ ’’آزاد ہندوستان‘‘کی امید کوئی نہیں چھوڑ سکتا،اسی طرح  بھارت کوآتم نربھر بننے سے بھی کوئی نہیں روک سکتا۔ 
ممتا بنرجی کی شاندار ریلی
  اس سے قبل وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کولکاتا میں ایک شاندار ریلی نکالی۔ نیتا جی  کی ۱۲۵؍ ویں سالگرہ کے حوالے سے  شیام بازار سے ریڈ روز تک نکالی گئی اس پدیاترا میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔اس موقع پر ممتا بنرجی نے ہندوستان کیلئے ۴؍ دارالحکومتوں کی وکالت کی۔  انہوں نے یاد دلایا کہ انگریزوں  کے دور میں  کولکاتا ہندوستان کا دارالحکومت ہوتاتھا۔ ا نہوں نے  نیتاجی سبھاش چندر کو خراج عقیدت پیش کرتے  ہوئے مطالبہ کیا کہ ۲۳؍ جنوری کو قومی تعطیل قرار دیا جائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK