Inquilab Logo

کل مودی کا بنارس دورہ، ۱۸۰۰؍ کروڑ کےکئی پروجیکٹوں کاافتتاح

Updated: July 06, 2022, 12:48 AM IST | varanasi

وزیراعظم کے دورے سے قبل سیکوریٹی کے حالات کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعلیٰ یوگی خود بنارس پہنچے، پولیس کے اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور انہیں ہدایتیں دیں

Chief Minister Yogi Adityanath reviews the situation with officials (Photo: PTI)
افسران کے ہمراہ حالات کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ (تصویر: پی ٹی آئی)

 وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو  اپنے انتخابی حلقے بنارس کا دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ وہاں پر ۱۸۰۰؍کروڑ روپوں سے زیادہ کے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں  گے  اور کچھ پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔  وزیراعظم کے اس دورے سے پہلے حالات کا جائزہ لینے اور سیکوریٹی انتظامات کو دیکھنے کیلئے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کو خود بنارس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور انہیں سخت سیکوریٹی بنائے رکھنے کیلئے اہم ہدایتیں بھی دیں۔ 
 وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کی جانب سے فراہم کی گئی اطلاعات کے مطابق بدھ کو تقریباً۴؍ بجے، وزیر اعظم نریندر مودی سگرا کے ڈاکٹر سمپورنانند اسپورٹس اسٹیڈیم پہنچیں گے جہاں وہ ان پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور دیگر پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔اس موقع پرپی ایم او نے دعویٰ کہ وزیر اعظم نے گزشتہ۸؍ برسوں میں اپنے انتخابی حلقے بنارس میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بہت زیادہ توجہ دی ہے تاکہ لوگوں کی زندگیوں کو آسان بنایا جا سکے۔
 پی ایم او نے بتایا کہ اس سمت میں ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے وزیر اعظم شہر کے سگرا علاقے میں واقع ڈاکٹر سمپورنانند اسپورٹس اسٹیڈیم میں پروگرام کے دوران۵۹۰؍ کروڑ روپوں سے زیادہ کے کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے۔وزیر اعظم کے دفتر نے کہا کہ ’’ان میں، بنارس اسمارٹ سٹی اور شہری پروجیکٹوں کے تحت کئی اقدامات ہیں، جن میں اشنان گھاٹ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ نمو گھاٹ کی دوبارہ ترقیاتی پروجیکٹ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ۵۰۰؍ کشتیوں کے ڈیزل اور پیٹرول انجنوں کو سی این جی میں تبدیل کرنا، پرانے کاشی کے کامیشور مہادیو  وارڈ کی از سر نو تعمیر اور داسے پور گاؤں ہرہوا میں۶۰۰؍ سے زائد ای ڈبلیو ایس فلیٹس کی تعمیر، لہتارہ چوکا گھاٹ فلائی اوور کے نیچے نیا وینڈنگ زون  اور سیاحوں کی سہولت کی تعمیر، دشاسوا میدھ گھاٹ پر سینٹر اور مارکیٹ کمپلیکس اور ناگوا میں  ایک بڑا سب اسٹیشن کا قیام شامل ہے۔
 ا س کے علاوہ وزیر اعظم مودی اس موقع پر مختلف سڑکوں کے منصوبوں کا بھی افتتاح کریں گے، جن میں بابت پور، کاپ سیٹھی،بھدوہی روڈ پر فور لین روڈ اوور برج (آر او بی) کی تعمیر، سینٹرل جیل روڈ پر ورنا ندی پر پل، پندرا،کاتھیراون روڈ کو چوڑا کرنا، پھول پور،سندھورا  سڑک کو چوڑا کرنا، آٹھ دیہی سڑکوں کی مضبوطی اور تعمیر، ۷؍ پی ایم جی ایس وائی سڑکوں کی تعمیر اور دھرا سونا،سندھورا سڑک کو چوڑا کرنا  بھی شامل ہے۔اس کے علاوہ  وزیراعظم ضلع میں سیوریج اور واٹر سپلائی کی بہتری سےمتعلق مختلف منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔
 اس سے قبل وزیر اعظم مودی دوپہر۲؍ بجے سکرول کے ایل ٹی کالج کے احاطے میں’ اکشے پاتر مڈ ڈے میل کچن‘ کا افتتاح کریں گے۔ اس دوران وہ۵۰؍ منتخب بچوں کے ساتھ بات چیت کرنے کے ساتھ ہی ان کے ہمراہ کچن میں تیار کردہ کھانا بھی کھا سکتے ہیں۔ ابتدائی طور پر اس کچن سے ضلع کے سرکاری سکولوں کے۲۵؍ ہزار بچوں کو مڈ ڈے میل فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ دعویٰ کیا گیا ہے کہ جلد ہی اس  سروس کے ذریعہ ایک لاکھ بچوں کو مڈڈے میل دستیاب کرائی جائے گی۔ بعد ازاں وزیر اعظم تقریباً پونے تین بجے رودرکش انٹرنیشنل کنونشن سینٹر پہنچیں گے جہاں وہ نئی تعلیمی پالیسی پر آل انڈیا ایجوکیشن کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد وزیر اعظم تقریباً۴؍ بجے ڈاکٹر سمپورنانند اسپورٹس اسٹیڈیم پہنچیں گے جہاں  وہ کروڑوں روپوں سے زیادہ کے پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔
 اسی دورے کے پیش نظر وزیراعلیٰ نے منگل کو وہاں کا دورہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم  کے دورےسے متعلق تمام مقامات کومنگل کی شام ہی سے ضلع انتظامیہ ایس پی جی کے افسران کی براہ راست نگرانی میں سونپ دے گا۔ وزیراعظم کے داخلی سلامتی کے نظام میں این ایس جی کمانڈوز اور سینٹرل انٹیلی جنس یونٹس کے افسران کو ایس پی جی افسران کی نگرانی میں تعینات کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بیرونی سیکوریٹی سرکل کی قیادت۱۱؍ آئی پی ایس افسران کریں گے۔اسی طرح بیرونی حفاظتی حصار میں اے ٹی ایس کمانڈوز، پولیس کے۱۰؍ ہزار اہلکار، پی اے سی اورسینٹرل آرمڈ پولیس فورس، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ، مقامی انٹیلی جنس یونٹ، فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکار، ٹریفک پولیس اور۵۰۰؍ سے زیادہ ہوم گارڈز تعینات ہوں گے۔ تمام مقامات ویڈیو کیمرے کی نگرانی میں ہوں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کی آمد و رفت کے روٹ پر روف ٹاپ فورس تعینات کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK