Inquilab Logo

مودی کا لداخ دورہ بی جے پی لیڈران نے فوج کیلئے باعث فخر قرار دیا

Updated: July 04, 2020, 3:22 AM IST | Ladakh

وزیرداخلہ امیت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورے سے فوجیوں کےحوصلہ اور بھی بلند ہوں گے ، روی شنکر پرساد نے باعث فخرقرار دیا، راہل گاندھی نے پھر مطالبہ کیا کہ لداخ کی زمینی حقیقت عوام کو بتائی جائے۔

Prime Minister Narendra Modi paying homage to the martyrs. Photo: PTI
وزیر اعظم نریندر مودی شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ۔تصویر:پی ٹی آئی

وزیر اعظم مودی کے اچانک تشدد زدہ علاقے لداخ پہنچنے سے جہاں پورا ملک حیران ہیں وہیں اپوزیشن کانگریس نےاسے شعبدہ بازی قرار دیا ہے۔پی ایم مودی نے اچانک لداخ پہنچ کر سبھی کو حیران کر دیا۔ جیسے ہی ان کے لیہہ واقع نیمو پوسٹ پہنچنے کی بھنک میڈیا کو ملی، زبردست کوریج شروع ہوگیا کیونکہ مودی ہند چین سرحدی تنازع کے درمیان اس ایل اے سی کے حالات کا جائزہ لینے پہنچ گئے جہاں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو پہنچنا تھا۔ راج ناتھ کے لداخ دورے کی تیاریاں مکمل ہو چکی تھیں ، اور انھیں جمعہ کو ہی لیہہ پہنچنا تھا لیکن جمعرات کو اچانک یہ دورہ رد کر دیا گیا لیکن اب شاید راج ناتھ کا دورہ ملتوی ہونے کی وجہ سامنے آ گئی ہے ۔
  اس دورہ کے تعلق سے بی جے پی کے سینئر لیڈر اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہاکہ وزیر اعظم کے دورے سے فوجیوں کے حوصلہ اور بھی بلند ہوں گے ۔ یہ دورہ ایسے وقت میں کیا جارہا ہے جب اس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی ۔ ادھر وزیر قانون روی شنکر پرساد نے وزیر اعظم نریندر مودی کے لیہہ پہنچ کر فوجیوں کی حوصلہ افزائی کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے باشندوں کو ان پر فخر ہے۔ روی شنکر پرساد نے مائکروبلاگنگ سائٹ ٹویٹر کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’’ سوگندھ مجھے اس مٹی کی ، میں ملک کو جھکنے نہیں دوں گا۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’ملک کے باشندوں کو اپنے وزیر اعظم پر فخر ہے جو آج خود لیہہ پہنچ کر فوج کے بہادر جوانوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں ۔‘‘ واضح رہے کہ مودی اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت کے ساتھ گلوان میں چینی فوجیوں اور ہندوستانی فوجیوں کے مابین جھڑپ کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے لیہہ پہنچے ہیں ۔
  یہاں مودی نے فوجیوں سے خطاب بھی کیا لیکن اس میں انہوں نے چین کا نام تک نہیں لیا جبکہ اپوزیشن کی طرف سے بار بار مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ وہ چین کا ذکر کیوں نہیں کر رہے ہیں ؟ یہی وجہ ہے کہ پی ایم کے دورے پر راہل گاندھی نے ایک چھوٹا سا ٹویٹ کرکے ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ’’ لداخ کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ ان کی زمین پر چین نے قبضہ کرلیا ہے ۔ آپ کہہ رہے ہیں کہ قبضہ نہیں ہے ۔ تو جھوٹا کون ہے ؟‘‘ کانگریس کے قومی ترجمان منیش تیواری نے اس دورے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جب اندرا گاندھی نے لداخ کا دورہ کیا تھا تو پاکستان کے دو ٹکڑے ہوئے تھے اب دیکھتے ہیں کہ مودی جی کے دورے کے کیا نتائج سامنے آتے ہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK