Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاراشٹر اسمبلی کے مانسون اجلاس کا اختتام

Updated: July 19, 2025, 12:37 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیراعلیٰ نے لوکل ٹرینوں کے تمام ڈبوں کو اے سی کرنے کا اعلان کیا ، اپوزیشن نے الزام لگایاکہ حکومت مسائل حل کرنے میں ناکام رہی۔

Last breakfast of the session: Eknath Shinde, Farnavi, Ajit Pawar and others. Photo: INN
سیشن کا آخرین ناشتہ: ایکناتھ شندے، فرنویس، اجیت پوار اور دیگر۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر اسمبلی کا مانسون اجلاس جمعہ (۱۸؍ جولائی) کو ختم ہو گیا جو کہ۳۰؍جون  کو شروع ہوا تھا۔ اگلا اسمبلی اجلاس ۸؍ دسمبر کو ناگپور میں منعقد ہوگا۔ یہ اعلان  اسمبلی اسپیکرراہل نارویکر نے کیا۔ اپوزیشن نے الزام عائد کیا ہےکہ مانسون اجلاس میں حکومت عوام مسائل کو حل کرنے میںناکام ثابت ہو ئی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے امن و امان برقرار رکھنے کے لئے موثر اقدامات کر رہی اور ریاست کے ہر طبقے کو بہتر خدمات مہیاکرنے کی کوشش کررہی ہے۔
حکومت عوامی مسائل حل کرنےمیں ناکام : 
حکومت پر پہلے۹؍ لاکھ۱۲؍ ہزار کروڑ روپے کا قرض تھا، لیکن اب یہ۱۰؍ لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ہو گیا ہے۔ جمعہ کو قانون ساز کونسل میں اپوزیشن کے لیڈر امباداس دانوے نے الزام لگایا کہ آخری ہفتے کی قرارداد میں اٹھائے گئے مسائل کا جواب دینے کے بجائے حکمراں پارٹی نے ایوان میں خارجی مسائل کو اٹھا کر عوام کے سوالات سے راہ فرار اختیار کی ہے۔
 اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت کی کئی اسکیموں کے نام پر فضول خرچی کر رہی ہے۔ دانوے نے یہ بھی الزام لگایا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ کم سے کم خواتین لاڈلی بہن اسکیم کے تحت آئیں۔
 بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنےمیں تیزی:وزیر اعلی 
 مانسون اجلاس کی اختتا می قرارداد پر بحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ’’مہاراشٹر میں بنیادی ڈھانچے کے مختلف پروجیکٹوں کو تیز کیا جا رہا ہے اور میٹرو، ہوائی اڈہ، ریلوے، سرنگ ، سی لنک اور کوریڈور جیسے منصوبوں کو تیزی سے فروغ دیا جا رہا ہے۔ ریاست کی ترقی کیلئے جدید انفراسٹرکچر بنا کر شہری اور دیہی ترقی کو تیز کیا جا رہا ہے۔ نیز جرائم پر موثر کنٹرول حاصل کرنے کیلئے امن و امان کو مزید مستحکم کیا گیا ہے۔ اس سے سائبر کرائم اور مالی فراڈ جیسے جرائم کی نشاندہی کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
 جرائم میں نمایاں کمی، سائبر کارپوریشن کا قیام
 اس سال ریاست میں۲۰۲۳ء کے مقابلے میں۱۱؍ ہزار ۶۵۹؍جرائم میں اور سنگین جرائم کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ سائبر کرائم میں سراغ لگانے کی شرح۱۶؍ فیصد سے بڑھ کر۱۹؍  فیصد ہو گئی ہے۔ مالیاتی فراڈ میں ریکوری کی شرح ۲۰ء۷۵؍ فیصد سے بڑھ کر۶۱؍ فیصد ہوگئی ہے۔ `سائبر سیکورٹی کیلئےایک ’سائبر کارپوریشن‘ قائم کی گئی ہے اور اضلاع میں۵۰؍سائبر لیبارٹریز شروع کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ سائبر شکایات کیلئے خصوصی نمبر۱۹۴۵؍ اور ۱۹۳۰؍کو فعال کر دیا گیا ہے۔ خواتین پر تشدد کے۹۱؍ فیصد کیس حل ہوچکے ہیں اور عصمت دری کے۹۸؍ فیصد ملزمان کی شناخت ہوچکی ہے۔ 
 لوکل ٹرین کے ڈبے اے سی ہوں گے
 وزیر اعلیٰ نے بتایاکہ ممبئی کی لوکل ٹرین ٹرینوں میں دروازے مکمل بند نہ ہونے کی وجہ سے بدقسمتی سے حادثات ہو رہے ہیں۔ اسکے حل کے طور پر، وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر ریلوے سے مضافاتی ریلوے کو میٹرو نما ڈبے فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مثبت فیصلہ کیا گیا ہے اور جلد ہی اس کا اعلان کیا جائے گا۔ اس لیے ممبئی میں تمام مضافاتی ریلوے ڈبے مسافروں کے لئے میٹرو کی طرح اے سی اور بند دروازوں کے ساتھ دستیاب ہوں گے۔ یہ سروس ٹکٹ کی قیمتوں میں اضافہ کئے بغیر مسافروں کو دستیاب ہوگی۔ نیز ممبئی والے جلد ہی میٹرو، ریلوے، مونوریل اور بیسٹ بسوں میں ایک ہی ٹکٹ پر سفر کر سکیں گے۔ اس کے لیے ٹکٹنگ کا ایک مربوط نظام تیار کیا جا رہا ہے۔
منشیات کے خلاف سخت کارروائی
دیویندر فرنویس نے کہا کہ ’’ریاستی حکومت نے منشیات کے خلاف سخت موقف اپنایا ہے۔ جبکہ۲۰۱۸ءکے آخر تک ایک ہزار ۵۶۸؍ ملزمین کو گرفتار کیا گیا تھا، یہ تعداد ۲۰۲۵ء کے آخر تک بڑھ کر۲؍ ہزار ۱۹۸؍ہو گئی ہے۔ اس پس منظر میں اب ہر تھانے میں منشیات کیلئے الگ سیل قائم کئے گئے ہیں۔ منشیات کے مقدمات میں بالواسطہ یا بلاواسطہ ملوث پائے جانے والے افسران کو معطل کرنے کے بجائے  برطرف کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ مانسون اجلاس کا اختتام  اراکین اسمبلی کے  کارکنان کے درمیان مارپیٹ کے ساتھ ہوا۔ اس پر پولیس میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK