Inquilab Logo

نائر اسپتال میں کوروناوائرس سے متاثرہ۱۰۰؍ سے زائد حاملہ خواتین نے بچوں کو جنم دیا

Updated: May 23, 2020, 4:20 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

گزشتہ ڈھائی مہینے سے شہر اور مضافات میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کو اسپتال میں داخلہ کیلئے کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

گزشتہ ڈھائی مہینے سے شہر اور مضافات میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کو اسپتال میں داخلہ کیلئے کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ان میں ایسی خواتین بھی شامل ہیں جو حمل سے ہیں ۔ ایسی ہی ایک حاملہ خاتون جو کورونا وائرس سے متاثر تھی ، کو جب کئی پرائیویٹ اسپتالوں نے داخل کرنے سے انکار کردیا تو اس نے نائر اسپتال میں داخل ہو کر ایک صحت مند بچے کو جنم دیا ۔ موصولہ اطلاع کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران گزشتہ ایک ماہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ ۱۰۰؍ سے زائد حاملہ خواتین نے نائر اسپتال میں بچوں کو جنم دیا ہے۔ گزشتہ روز کئی اسپتالوں کے چکر کاٹنے کے بعد نائر اسپتال میں متاثرہ خاتون نے جس بچہ کو جنم دیا تھا ، گزشتہ ایک ماہ میں لاک ڈاؤن کے دوران پیدا ہونے والے بچوں میں اس کا نمبر ۱۲۹؍ واں تھا ۔نائر اسپتال کے اسسٹنٹ ریسیڈنٹ ڈاکٹر نیرج مہاجن نے بتایا کہ ایک ماہ کے درمیان نائر اسپتال میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے سبب ۱۲۶؍ حاملہ خواتین کو خصوصی وارڈ میں رکھا گیا تھا ۔اس درمیان ان خواتین نے۱۲۹؍ بچوں کو جنم دیا ہے جن میں ۲؍ خواتین کو جڑوا ں بچے ہوئے ہیں ۔
  اطلاع کے مطابق شہر اور مضافات میں کئی پرائیویٹ اسپتالوں نے مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کے ساتھ ساتھ ایسی حاملہ خواتین کو بھی داخل کرنے سے صاف انکار کر دیا تھا جو کوروناوائرس سے متاثر تھیں ۔ ایسی خواتین کیلئے نائر اسپتال میں خصوصی وارڈ بنایا گیا ہے ۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ ۱۲۶؍ خواتین نے جتنے بھی بچوں کو جنم دیا ہے ، وہ سبھی صحت مند ہیں اور ان میں کووڈ-۱۹؍ کے اثرات بھی موجود نہیں ہیں ۔نائر اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ’’ اسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے نئی بلڈنگ میں خصوصی وارڈ بنایا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ اسی بلڈنگ میں کوروناوائرس سے متاثرہ حاملہ خواتین کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے ہیں ۔‘‘ ڈاکٹر کے بقول ۲۲؍ اپریل سے لے کر ۲۲؍ مئی کے درمیان کوروناوائرس سے متاثرہ ۱۲۶؍ حاملہ خواتین کو داخل کیا گیا تھا ۔ان سے پیدا ہونے والا کوئی بھی بچہ کوروناوائرس سے متاثر نہیں پایا گیا ہے ۔
 اطلاع کے مطابق نائر اسپتال میں اب تک ۱۲؍ سو سے زائد کورونا مریضوں کو داخل کیا جاچکا ہے ۔ ان میں سے ۳؍ سو مریضوں کو صحت یاب ہونے پر گھر روانہ کر دیا گیاہے جبکہ اب بھی اسپتال میں کووڈ-۱۹؍ کے ۹؍ سو مریضوں کا علاج جاری ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK