Inquilab Logo

ایم پی : مورینا میں بڑا حادثہ ، فضائیہ کے سخوئی اور میراج طیارے کریش ہو گئے

Updated: January 29, 2023, 9:37 AM IST | bhopal

ایک پائلٹ ہلاک ، دونوں ہی طیاروں نے گوالیار ایئر بیس سے اڑا ن بھری تھی ، وزیر دفاع نے حادثے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے جانچ کا اعلان کیا

The wreckage of the plane can be seen after the accident in Morena. (PTI)
مورینا میں ہونے والے حادثے کے بعد طیارہ کا ملبہ دیکھا جاسکتا ہے۔(پی ٹی آئی )

:مدھیہ پردیش کے شہر  مورینا میں سنیچر کی صبح ایک بڑا حادثہ پیش آیا، جس میں فضائیہ کے دو جنگی طیارے سخوئی۔۳۰؍ اور میراج۔۲۰۰۰؍ کریش  ہو گئے جس میں ایک پائلٹ کی موت ہو گئی جبکہ ۲؍ پائلٹ زخمی بتائے جارہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ضابطے کی کارروائی انجام دی۔ایئر فورس کے باوثوق ذرائع کے مطابق دونوں طیاروں نے مدھیہ پردیش کے گوالیار ایئربیس سے ٹیک آف کیا تھا جہاں ایئر فورس پائلٹوں کی مشق جاری تھی۔
 میڈیا کو معلومات دیتے ہوئے مورینا کے کلکٹر نے بتایا کہ دونوں جیٹ طیارے صبح ساڑھے ۵؍ بجے کے آس پاس گر کر تباہ ہوئے  ہیں۔ ان میں سخوئی میں ۲؍ پائلٹ تھے جنہوں نے وقت رہتے اپنے آپ کو بچالیا لیکن وہ بری طرح زخمی ہو گئے جبکہ میراج  کے حادثے میں ایئر فورس پائلٹ کی موت ہو گئی ۔ایک طیارہ گوالیار سے قریب ہی  واقع مورینا کے مضافات میں گرا جبکہ دوسرا طیارہ وہاں سے ۱۰۰؍ کلومیٹر دور راجستھان کے شہر بھرت پور میں جاکر کریش ہوا۔
 حادثے کے بعد فضائیہ نے معاملے کی تحقیقات کے  لئے کورٹ آف انکوائری قائم کر دی ہے جبکہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے  اس معاملے میں فضائیہ سے رپورٹ طلب کی ہے۔ کورٹ آف انکوائری کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا کہ دونوں طیارے ایک دوسرے سے ٹکرائے یا حادثہ کسی اور وجہ سے پیش آیا۔     وزیر دفاع نے  حادثے میں زخمی ہونے والے پائلٹوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی جبکہ ہلاک ہونے والے پائلٹ کیلئے اظہار تعزیت کیا ہے۔ ایم پی کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK