Inquilab Logo

ممبئی میں اس سال بھی کرسمس پارٹیوں اور نئے سال کے جشن پر پابندی

Updated: December 18, 2021, 1:25 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ساحلی اور تفریحی مقامات پر اکٹھا ہونے کی ممانعت، بلڈنگ کی ٹیریسوں پر بھی پارٹی نہ منانے کی ہدایت، خلاف ورزی پر سخت کارروائی

Mumbai will not see the boom of the new year (file photo)
ممبئی میں نئے سال کی رونق دکھائی نہیں دے گی ( فائل فوٹو)

کورونا کی نئی قسم اومائیکرون  پھیلنے کا اندیشہ ہے  ۔ اسی لئے  امسال ممبئی شہر میں  ٹیریس اور ساحل پر کرسمس اور نئے سال کا جشن منانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔  اس کے علاوہ چہل قدمی کرنے والے مقامات پر کسی بھی پارٹی یا اجتماعی تقریب کی اجازت نہیں ہوگی۔  ممبئی شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے جمعہ کو یہ اطلاع دی ہے۔
  اسلم شیخ کے مطابق ممبئی شہر کی تمام رہائشی سوسائٹیوں کو ۳۱؍ دسمبر تک ان کےاحاطے میں کرسمس یا نئے سال سے متعلق کوئی تقریب منعقد  کرنے اجازت نہیں ہوگی اور نہ ہی ان مقامات کو تجارتی مقاصد کیلئے استعمال کیاجاسکے گا۔ ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے اسلم شیخ نے کہا کہ حکومت کسی کو کورونا پابندیوں  کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دے گی اور اُن تمام لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو قواعد کی پابندی نہیں کریں گے۔  اُ نہوں نے مزید کہا کہ اگر کچھ ساتھی جو ایک ہی سوسائٹی میں رہتے ہیں اور ایک دوسرے کو مبارکباد دینے کیلئے کسی فلیٹ میں اکٹھا ہوتے ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن حالات سازگار نہ ہونے کی وجہ سے تقریبات یا پارٹیاں منعقد نہ کریں بصورت دیگر ہم ایسے معاملوں میں بھی کارروائی کریں گے۔
 کابینی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ساحلوں کے ساتھ ساتھ تفریحی مقامات پر بھی کسی  پارٹی یا تقریب کی اجازت نہیں ہوگی۔
 اسلم شیخ نے کہا کہ چونکہ ممبئی میں ۳۱؍ دسمبر تک حکم امتناعی نافذکیاگیا ہے  اس لئے میں شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جشن منانے کے مقصد سے باہر نہ نکلیں۔ مرین ڈرائیو یا ساحلوں پر کسی بھی پارٹی یا تقریب کا اہتمام نہ کریں۔
 ممبئی کے نگراں وزیر نے مزید کہا کہ موجودہ کووڈ۱۹؍ کی صورتحال پر کابینہ کی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ صورتحال کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔ اندیشہ ہے کہ آنے والے ہفتوں میں کورونا معاملات میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ لہٰذا تمام کووڈ ۱۹؍مراکز کو پہلے ہی تیار رکھا گیا ہے پچھلی بار ملک بھر میں آکسیجن کی فراہمی کے مسائل کو دیکھتے ہوئے اس بار اسپتالوں میں پہلے سے ہی آکسیجن پلانٹ بھی بنائے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی کورونا کے پیش نظر ممبئی میں کرسمس کے موقع پر کچھ اسی طرح کی پابندی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK