Inquilab Logo

موسلادھار بارش سے شہرومضافات کی سڑکیں زیرآب ، شہریوںکو مشکلات کا سامنا

Updated: August 05, 2020, 9:22 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

بھنڈی بازار ، مدنپورہ، ناگپاڑہ ، گول دیول، بھولیشور، زویری بازار ، ہند ماتا ، دادر، پریل ، کنگ سرکل، چمبور اور کرلا میں گاڑی والے اور راہ گیربے حال۔ کئی علاقوں کے مکانوں میں پانی بھر گیا۔ ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر ٹریفک جام

Mumbai Rain - Pic : PTI
ممبئی بارش ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش نے شہر و مضافات اور ممبئی کے اطراف کے علاقوں میں معمولات ِ زندگی کو مفلوج کردیا  ۔ کئی نشیبی علاقوں کی سڑکیں زیرآب آ جانے سے گاڑی والوں  اور راہ گیروں کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، خصوصی طور پر  اسپتالوں  میں خدمات انجام دینے والی نرسوں اور ملازمین کو کئی مقامات پر کمر تک پانی میں چلتے ہوئے  اپنی منزلِ مقصود تک پہنچنا پڑا تھا ۔ کئی علاقوں کے مکانوں میں پانی بھر جانے سے مکینوں کو  دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
  ممبئی میں موسلادھار بارش اور سمندر میں  ہائی ٹائیڈ نے بارش کے پانی کی نکاسی کے تمام راستے بند کر دیئےتھے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں سڑکوں پر ۲؍ سے ۳؍ فٹ پانی جمع ہوگیا ساتھ ہی کئی علاقوں میں گھروں میں بھی پانی بھر گیا  ۔ طوفانی بارش نے جن علاقوں کو سب سے زیادہ متاثرہ کیا ، ان میں جنوبی ، شمالی ،مشرقی اور مغربی مضافات کے اکثر و بیشتر علاقے شامل تھے ۔ ورلی کولی واڑہ ،زویری بازار ، گول دیول ، نل بازار،  بھنڈی بازار ، محمد علی روڈ ، ناگپاڑہ ، مدنپورہ، بائیکلہ ، پریل  ، سائن ، ماٹونگا، ہند ماتا ، دادر ، کنگ سرکل  ،کرلا ، چمبور اور دیگر علاقوں میں  پانی بھرگیا۔ بی ایم سی اور ڈیزاسٹرمینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے عملہ کے ذریعہ پمپ کی مدد سے پانی کی نکاسی کی کوشش رات بھر جاری رہی  ۔ 
  ورلی کولی واڑی ، پولیس کالونی ، ہند ماتا ، کنگ سرکل اور وڈالا کے بعض رہائشی علاقوں میں مکانوں میں پانی بھرنے سے لوگ رات بھر گھروں سے پانی نکالنے اور اپنے سامان کی حفاظت کرنے پر مجبور ہوگئے۔  رات بھر ہونے والی موسلا دھار بارش کا سلسلہ منگل کو دن بھر جاری رہا ۔ طوفانی بارش کے سبب جن رہائشی علاقوں میں پانی بھرنے کے سبب لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ، ان میں ورلی بی ڈی ڈی چال،  لال باغ،پریل ، دادر، رفیع احمدقدوائی مارگ ، وڈالا اور چمبور  وغیرہ  علاقے شامل ہیں ۔ ورلی بی ڈی ڈی چال میں تو گھروں میں گھٹنے تک پانی جمع ہونے کی شکایت  موصول ہوئی ہے ۔
 سڑکیں زیرآب جانے کے سبب اسپتالوں میں ملازمت کرنے والے چوتھے درجہ کے ملازمین کو گھٹنے تک پانی میں چلتے ہوئے اپنی منزل مقصود تک پہنچنا پڑا ۔ جنوبی اور شمالی ممبئی میںزیر آب  ہونے والی سڑکوں میں ورلی بی ڈی ڈی چال کی سڑک، گول دیول ، زویری بازار ، محمد علی روڈ ، مدنپور، ناگپاڑہ ، بائیکلہ کے علاوہ لال باغ، پریل دادر ، ہندماتا ، کنگ سرکل ، سائن ، وڈالا اور ماٹونگا کی سڑکیں بھی شامل ہیں ۔ ہند ماتا ، کنگ سرکل ، پریل،سائن اور دادر میں سڑکوں پر ڈھائی سے تین فٹ پانی جمع ہوگیا تھا جس کی وجہ سے گاڑیوں میں سفر کرنے والوںکو  دقتوں کاسامنا کرنا پڑا ۔ بعض مقامات پر سڑکوں پر کھڑی گاڑیاں نصف پانی میں ڈوب گئی تھیں۔ 
  منگل کو موسلادھار بارش کے دوران سمندر میں ہائی ٹائیڈ تھا جس کی وجہ سے بپھری ہوئی لہریں  ساحل سے ٹکرا کر کافی اونچی اٹھ رہی تھیں ۔لہروں کے ساتھ کوڑاکرکٹ بھی باہر آگیا جس کی وجہ سے مرین ڈرائیو  پر کوڑاکرکٹ کا ڈھیر ہوگیا جسے میونسپل ملازمین صاف کرتے نظر آئے۔ 
  بارش کے سبب چھترپتی شیواجی مہاراج ایئرپورٹ کے رن وے پر بھی پانی جمع ہوگیا۔  ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر بارش کے دوران ٹریفک بری طرح متاثر رہا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK