Inquilab Logo

ممبئی بارش سے بے حال، سیلابی کیفیت، کئی ہلاکتیں، آج بھی ریڈ الرٹ

Updated: August 05, 2020, 9:02 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

عروس البلاد میں ۲۴؍ گھنٹے میں ۲۶۸ ؍ملی میٹر جبکہ تھانے میں ۱۹۶؍ ملی میٹر بارش درج کی گئی ، رات بھر شدید بارش نے شہریوں کو خوف میں مبتلا کردیا، ۲۶؍ جولائی کی یادیں تازہ، سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی بھر جانے سے آمدورفت متاثر، لو کل ٹرین خدمات بھی کچھ دیر کیلئے ٹھپ پڑ گئیں، کرلا،سائن اور بھانڈوپ جیسےکئی نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی بھر گیا، ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر چٹان کھسکنے سے ٹریفک متاثر

Mumbai Rain - Pic : PTI
ممبئی بارش ۔ تصویر : پی ٹی آئی

ممبئی میں پیر کی آدھی رات کے بعد سے ہونے والے شدید بارش نے ۲۶؍ جولائی کی خوفناک یادیں تازہ کردیں۔ ۲۴؍ گھنٹے میں  ۲۶۸؍ ملی میٹر بارش   کے  سبب  شہر  کے نشیبی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی جبکہ عمارتوں  کے گرنے اور اس طرح کے دیگر حادثات میں متعدد افراد جاں بحق ہوگئے۔  بارش کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ متعدد  علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی بھر گیا اور شہریوں کو گھروں  میں  پانی بھر جانے کی وجہ سے پوری رات  جاگ کر گزارنی پڑی۔   ٹرین سروس متاثر ہوئی اور ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا۔ممبئی کے علاوہ تھانے میں بھی بارش  نے اپنا قہر ڈھایا۔ یہاں  ۱۹۶؍ ملی  میٹر بارش در ج کی گئی ہے۔  محکمہ موسمیات نے عروس البلاد میں بدھ کو بھی انتہائی شدید  بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔ ممبئی میں  دفاتر کو بند رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔
 بدھ کیلئے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی
 محکمہ موسمیات نے ممبئی میٹروپولیٹن ریجن (ایم ایم آر) ، پونے اور دیگر علاقوں میں بدھ کو بھی انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔  محکمہ نے ان علاقوں کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ یہ لگاتار دوسرا دن ہے جب ممبئی اور اس کے آس پاس  کے علاقوں کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔  محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو ممبئی کے علاوہ تھانے، پال گھر، رائے گڑھ، پونے، احمد نگر اور ناسک میں  انتہائی شدید بارش ہوسکتی ہے۔  انتہائی شدید بارش سے محکمہ موسمیات کی مراد یہ ہےکہ ۲۴؍ گھنٹوں میں  ۲۰۴؍ ملی میٹر بارش درج کی جاسکتی ہے۔ 
رات بھر بارش دن میں راحت، کئی علاقے زیرآب
 ممبئی میں پیر سے شروع ہونے والی تیز بارش کا سلسلہ رات بھر جاری رہا  جس کے سب کئی نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا البتہ منگل کو دن میں بارش کی شدت میں کمی آئی۔ بارش کے دوران کرلا،سائن،بھانڈوپ اور دادر جیسے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا۔ ان کے علاوہ وسطی ممبئی کے بھولیشور، دوٹانکی ، مدنپورہ، ناگپاڑہ، محمد علی روڈ،  گول دیول اور زویری بازار کے علاقے بھی زیر آب آگئے۔ یہاں کے مکینوں کے مطابق اس طرح کی بارش  انہوں  نے اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ رات میں  گھن گرج کے ساتھ بارش  اور تیز ہواؤں  نے  متعدد شہریوں کو خوف میں مبتلا کردیا اور پوری رات انہوں نے   جاگ کرگزاری۔ 
سمندر میں طغیانی وقت کے بارش تھم جانے سے راحت
 راحت کی بات یہ رہی کہ منگل  کی  دوپہر ۱۲؍ بجکر ۴۷؍ منٹ پر سمندر میں ۴ء۴۵؍ میٹر کی طغیانی کے دوران بارش کی شدت کم ہو گئی  جس سے  شہر کو مزید دشواریوں کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔۳؍ اگست کی صبح ساڑھے ۸؍بجے سے ۴؍  اگست کی صبح ساڑھے ۸؍ بجے تک قلابہ میں ۲۵۲ء۲؍ ملی میٹر بارش ہوئی۔

 آدتیہ ٹھاکرے ، میئر او ر میونسپل کمشنر کا متاثرہ علاقوں کا دورہ

 رات بھر ہونے والی موسلادھار بارش   اور مزید تیزبارش کی وارننگ کے بعد ممبئی کے میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل اور ممبئی مضافات  کے نگراں وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے منگل کو ہند ماتا،گاندھی مارکیٹ ، کنگز سرکل اور دیگر نشیبی علاقوں کا دورہ کیا ۔ اس کے علاوہ میونسپل کمشنر میٹھی ندی،بی کے سی میں واقع او این جی سی آؤٹ لیٹ، ملن سب وے اور اندھیری سب وے بھی گئے۔ 
 ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر نے ہند ماتا،باندرہ کرلا کمپلیکس  میں واقع منی پمپنگ اسٹیشن ،کاندیولی میں اس علاقے کا دورہ کیا جہاں چٹان کھسکی تھی۔اس کے علاوہ شری کرشنا نگر کے پل سے دہیسر ندی کا بھی جائزہ لیا ۔اس بیچ ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے میں چٹان کھسکنے کے سنگین واقعہ  کے بعد گاڑیوں کی آمدروفت بری طرح متاثر ہوگئی۔  بہرحال اس   دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK