Inquilab Logo

تیسرے دن کم بارش ہونے سے عوام کو راحت ،تاہم کئی نشیبی علاقوں میں پانی بھرا

Updated: August 07, 2020, 7:47 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

منگل اور بدھ کو ہونےوالی موسلادھار بارش کےبعد جمعرات کو بارش توکم ہوئی مگر تیز ہواکا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ پیڈرروڈہینگنگ گارڈن کی دیوار کا حصہ کھسکنے سے کیمپس کارنر سے بابل ناتھ کی جانب جانے والے راستے کو بند کرناپڑا۔ دادر میں ایک بلڈنگ کے مکان کا حصہ منہدم ہوگیا۔ بدھ کو ہونےوالی موسلادھار بارش سے جمعرات کو دودھ کی گاڑیاں شہرنہیں آسکیں جس سے عوام کو دودھ نہیں ملا۔جمعہ اور سنیچر کو کم بارش ہونےکی پیش گوئی

Mumbai Rain - Pic : PTI
ممبئی بارش ۔ تصویر : پی ٹی آئی

منگل اور بدھ کو موسلادھار اور طوفانی بارش کے بعدجمعرات کوتیسرے دن ممبئی اور مضافات کے علاقوںمیں گزشتہ ۲؍دنوں کےمقابلے بارش تو کم ہوئی مگر دن بھر تیز ہوا کاسلسلہ جاری رہا۔ لیکن بارش کم ہونے سے عوام کو راحت ملی ۔جمعرات کودادر میں ایک ۴؍ منزلہ بلڈنگ کے ایک مکان کاحصہ منہدم ہوا۔ جبکہ کیمپس کارنرپر ہینگنگ گارڈن کی دیوار کھسکنے سے کیمپس کارنر سےبابل ناتھ کی طرف جانےوالی سڑک کو بند کرنا پڑا۔   حالانکہ جمعرات کو کم بارش ہوئی اسکے باوجود ممبئی اور اطراف کے کچھ نشیبی  علاقوں میں پانی بھرنے کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔ وہیں مسجد بندر اور دہیسر میں کرنٹ لگنے کے دومختلف معاملات میں ۲؍افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ 
ممبئی میں ۲۴؍ گھنٹوں میں ۳۳۱ ؍ ملی میٹر بارش
ممبئی کے محکمہ موسمیات  کے مطابق ۵؍ اگست کی صبح ۸؍ بجے تاجمعرات کی صبح  ۸؍ بجے  ان ۲۴؍ گھنٹوں میں قلابہ میں  ۳۳۱ءجبکہ سانتاکروز میں ۱۶۲؍ ملی میٹر بارش درج کی گئی۔
ہینگنگ گارڈن کی دیوار گرنے سے راستہ بند
 بدھ کو ہوئی موسلادھار بارش کے سبب  رات  ساڑھے ۱۱؍بجے ہینگنگ گارڈن ،نزد کیمپس کارنرکی باؤنڈری کا ایک حصہ گرنے سے کئی درخت زمین بوس ہوگئے ۔ جس کی وجہ سے کیمپس کارنر کی جانب سے بابل ناتھ مندر کی طرف جانےوالے راستے کو بندکرناپڑا۔ دیوار منہدم ہونے کےساتھ یہاں کی سڑک  پر دراڑ بھی پڑگئی ہے ۔ میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل نے جائے وقوع کا دورہ کیا اورملبے کو جلد ازجلد صاف کرنےکی ہدایت دی تاکہ آمدورفت کیلئے راستہ بحال کیاجاسکے۔ رکن پارلیمان اروند ساونت اور ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکرنے بھی یہاں کا دورہ کیا۔  مقامی سماجی کارکن چیتن کوٹھاری نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ مذکورہ واقعہ کی وجہ سے علاقےمیں ٹریفک کا مسئلہ پیدا ہوا۔ میں بھی جمعرات کی صبح یہاں سے گزرنے کی کوشش کررہاتھا مگر پولیس نے جانے نہیں دیا۔‘‘
دادر میں مکان کا حصہ منہدم 
 جمعرات کو دوپہر میں ساڑھے ۱۲؍بجے دادر ،سدھی ونائیک مندرکے قریب  سائن بھکت مارگ پر واقع ۴؍منزلہ جے پرکاش بلڈنگ کے ایک مکان کا حصہ گرنے سے افراتفری مچ گئی ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ عملے نے  جائے وقوع پر پہنچ کر راحت کاکام شروع کردیاہے۔ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔
دہیسرمیں میٹھی ندی کنارے سیلابی کیفیت 
 اسی طرح بدھ کو ہی تیز بارش کے دوران  دہیسر میں میٹھی ندی کے کنارے آباد جھوپڑ پٹیوں میں سیلابی کیفیت تھی۔ جمعرات کو یہاں یہ کیفیت تو نہیں تھی لیکن مقامی لوگ اس بات سے ضرور گھبرائے ہوئے تھے کہ۵؍جولائی والی کیفیت۶؍جولائی کو بھی نہ پیدا ہوجائے۔
بارش کےسبب دودھ کی سپلائی متاثر رہی
 بدھ کو ہونےوالی طوفانی بارش سے ممبئی اورمضافات کے علاوہ ریاست کے دیگر علاقےبھی بری طرح متاثر رہے۔راستوںپر پانی بھرنےسےٹریفک کا نظام درہم برہم رہا۔ موٹرگاڑیوں، ٹرک اور دودھ کی وین وغیرہ شہرتک نہیں پہنچ سکیں۔ دورھ کی سپلائی نہ ہونے سے جمعرات کی صبح شہر کے بیشتر علاقوںمیں عوام کو دودھ کیلئے پریشان دیکھا گیا۔ مدنپورہ، بائیکلہ، ناگپاڑہ اور دیگر علاقوں میں  دودھ کیلئے لوگ ایک سے دوسری دکان کا چکر لگاتےرہے۔ دکانداروںکا کہناتھاکہ بارش کی وجہ سےدودھ کی گاڑی نہیں آئی ہے ۔
ہفتہ کےآخر تک کم بارش ہونے کی پیشگوئی 
 دریں اثناء ممبئی محکمہ ٔ موسمیات نےہفتہ کے آخر تک معمولی اور کم بارش ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK