Inquilab Logo

ٹرین سروس ٹھپ،بسوں کے روٹس تبدیل کئے گئے

Updated: August 05, 2020, 9:46 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

منگل کی شب سے مسلسل ہونے والی تیز بارش کے دوران ممبئی میں لائف لائن کا درجہ رکھنے والی تینوں لائنوں سینٹرل، ویسٹرن اور ہاربر کی لوکل ٹرینیں ٹھپ پڑ گئیں۔

Mumbai Rain - Pic : PTI
ممبئی بارش ۔ تصویر : پی ٹی آئی

منگل  کی شب سے مسلسل ہونے والی تیز بارش کے دوران ممبئی میں  لائف لائن کا درجہ رکھنے والی تینوں لائنوں سینٹرل، ویسٹرن اور ہاربر کی لوکل ٹرینیں ٹھپ پڑ گئیں۔ پٹریوں پر  پانی جمع ہو جانے کے سبب ٹرینیں چلانا ممکن نہیں تھا۔ حالات یہ تھے کہ سینٹرل ریلوے میں پہلی فاسٹ ٹرین ۹؍گھنٹے کے  بعد تو ویسٹرن ریلوے میں ۷؍گھنٹے کے بعد روانہ کی گئی۔ ہاربر لائن کا تو یہ حال تھا کہ خبر لکھے جانے تک اس کی شروعات نہیں ہوسکی تھی۔  بارش کے سبب صرف  لوکل ٹرینوں  کی ہی نبض نہیں تھمی بلکہ دوسری لائف لائن کا درجہ رکھنے والی بیسٹ کی بسیں بھی لڑکھڑا گئیں اور شہر و مضافات کے ۲۶؍الگ الگ مقامات پر پانی بھرنے کے سبب بیسٹ کی ۵۶؍بسوں کے روٹس تبدیل  کئے گئے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ لازمی خدمات پر مامور عملہ  اور اپنی ضرورت اور کام کاج کیلئے سفر کرنے والے عام شہریوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔
 کہاں کہاں پانی بھرنے سے ٹرینیں رکیں
 ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او سمیت ٹھاکور نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ دادر اور پربھادیوی اسٹیشنوں کے درمیان پٹریوں پر ۲۰۰؍ملی میٹر پانی بھر جانے سے طویل مسافتی ٹرینوں کو دادر تک اور لوکل ٹرینوں کو باندرہ سے دہانوروڈ تک چلایا گیا۔چرچ گیٹ سے پہلی سلو لائن کی ٹرین ۱۲؍بجکر۵؍ منٹ پر روانہ کی گئی اور فاسٹ ٹرین ایک بجکر ۱۰؍منٹ پر چرچ گیٹ  سے روانہ کی گئی۔سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او شیواجی ستار نے بتایا کہ وڈالا روڈ اور پریل کے درمیان پٹریاں پانی میں ڈوبنے کے سبب مین لائن اور ہاربر لائن کی آمدورفت روک دی گئی۔ مسافروں کی سہولت کے لئے واشی، پنویل اور تھانے کے درمیان شٹل سروسس چلائی گئیں اور طویل مسافتی ٹرینوں کو ری شیڈیول کیا گیا۔ پہلی فاسٹ ٹرین تھانے سے سی ایس ٹی سے ۲؍بجکر ۵۵؍ منٹ پر  روانہ کی گئی ۔ ہاربر لائن کی ٹرینیں شروع کرنا ممکن نہ ہو سکا تھا لیکن پانی کم ہوجانے کے بعد ۴؍بجکر ۸؍منٹ پر سی ایس ایم ٹی سے واشی کے لئے پہلی ٹرین روانہ کی گئی ۔ سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او نے ان تفصیلات کے علاوہ یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ پٹریوں سے پانی کی نکاسی جاری ہے۔ ہائی ٹائیڈ بھی ختم ہو گیا ہے اس لئے امید ہے کہ منگل کی شب میں لوکل اور طویل مسافتی ٹرینیں پوری طرح سے معمول پر آجائیں گی۔
 بیسٹ کی بسوں کے روٹ کہاں کہاں بدلے گئے
  بیسٹ کے پی آر او منوج وراڈے نے بتایا کہ شہر اور مضافات کے۲۶؍ مقامات جیسے ہندماتا، پرتکشا نگر ، باندرہ ٹاکیز، ایس وی روڈ، اندھیری مارکیٹ، جوگیشوری اور دھانوکر واڑی جیسے علاقوں میں پانی بھرا تھا جس کی وجہ سے ان علاقوں سے بیسٹ بسیں چلانا ممکن نہیں تھا چنانچہ کل ۵۶؍بسوں کے روٹ بدلے گئے اور کچھ روٹ کو مختصر کیا گیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK