Inquilab Logo

ممبئی: ۵۰۰؍ اسکوائر فٹ تک کے مکانات کا ٹیکس معاف

Updated: January 02, 2022, 1:23 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا اور اسے نئے سال کاتحفہ قرار دیا۔۱۶؍ لاکھ خاندان کو فائدہ ہوگا،جلد از جلد کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت

Maharashtra Chief Minister uddhav Thackeray
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے

 وزیر اعلیٰ  ادھو ٹھاکرے نے ممبئی کے‌شہریوں کو نئے سال کا تحفہ دیتے ہوئے ۵۰۰؍ اسکوائر فٹ تک کے سبھی گھروں کا پراپرٹی ٹیکس معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے یکم جنوری ۲۰۲۲ء کو متعلقہ وزرا اور افسران کی آن لائن میٹنگ میں یہ اعلان کیا۔ اس سہولت سے ۱۶؍لاکھ سے زیادہ خاندانوں کو فائدہ ہوگا جبکہ شہری انتظامیہ پر ۴۶۲؍ کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔  وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ پراپرٹی ٹیکس کی معافی کی کارروائی تیزی سے مکمل کی جائے۔ دوسری جانب محکمہ شہری ترقیات اور بی ایم سی کے افسران نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ سہولت مالی سال ۲۳۔۲۰۲۲ء سے مل سکے گی لیکن اب تک اس کا حتمی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
  اس سلسلےمیں وزیر اعلیٰ نے کسی پارٹی کا نام لئے بغیر کہا کہ ’’شیو سینا  نےجو بھی وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا ہے دوسروں کی طرح چناؤ کے دوران  اعلان کر کے بھول نہیں جاتے۔شیو سینا ہمیشہ ہی سے ممبئی کے عام شہریوں کو سہولت مہیا کرنے کیلئے سرگرم رہی ہے چاہے مانسون سے قبل نالے اور ندیوں کی صفائی کا معاملہ ہو یا ترقیاتی پروجیکٹوں کا معاملہ۔‘‘ ادھو ٹھاکرے نے امید ظاہر کی ہے آئندہ بھی عوام شیو سینا کو اسی طرح تعاون دیتے رہیں گے ۔
 اس میٹنگ میں شہری ترقیات کے وزیر ایکناتھ شندے، ممبئی کے مضافاتی سرپرست وزیر آدتیہ ٹھاکرے، ممبئی کے سرپرست وزیر اسلم شیخ، ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر، اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین یشونت جادھو، ڈپٹی میئر سہاس واڈکر، چیف سیکریٹری دیواشیش چکرورتی، چیف منسٹر کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری آشیش کمار سنگھ، چیف منسٹر کے پرنسپل سیکریٹری وکاس کھرگے، میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چاہل، پرنسپل سیکریٹری شہری ترقی مہیش پاٹھک اور دیگر موجود تھے۔ایکناتھ شندے نے دعویٰ کیاکہ بی ایم سی پہلی کارپوریشن ہے جس نے عام شہریوں کویہ سہولت دی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK