Inquilab Logo

ممبرا : موسلادھار بارش کے دوران سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے مقامی افرادفکرمند

Updated: July 24, 2021, 9:07 AM IST | Mumbai

یہاں کے لوگ پہاڑی اور کھاڑی کے درمیان آباد ہیں۔ یہ علاقہ ۲۵، ۳۰؍ سال پہلے تک جنگل ہوا کرتا تھا، اب کنکریٹ کے جنگل تبدیل ہوچکا ہے

Rainwater is flowing rapidly on a road in Kusa.Picture:
کوسہ کی ایک سڑک پر بارش کا پانی تیزی سے بہہ رہا ہے۔ تصویر انقلاب

یہاں کے لوگ  پہاڑی اور کھاڑی کے درمیان  آباد ہیں۔ یہ علاقہ   ۲۵،  ۳۰؍ سال پہلے تک جنگل  ہوا کرتا تھا،  اب کنکریٹ کے جنگل تبدیل ہوچکا ہے ۔ پہاڑی علاقہ ہونے کے سبب یہاں دیگر علاقوں کی بہ نسبت زیادہ بارش بھی ہوتی  ہے  اور برسات کے پانی کی نکاسی کیلئے  انگریزوں کے زمانے کے بڑے نالے اورچھوٹے نالے بھی بنائے گئے تھے  جن سے پہاڑ اور رہائشی علاقوںکے برسات کے پانی کی نکاسی ہوجاتی تھی اورسیلابی صورتحال پیدا نہیں ہوتی تھی لیکن اب چند برسوں سے  یہاں کچھ دیر کی تیز بارش  سے نالے ابل پڑتے ہیں اور برسات کا پانی سڑکوں پر اوررہائشی علاقوں میں بھر جاتا ہے  ۔ سیلابی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے جس سے شہریوں کو شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
  ممبرا کوسہ کے شہریو ںنے ایسا ہی منظر گزشتہ ہفتے میں ۳؍ تا ۴؍  مرتبہ دیکھا ہے ۔  نمائندۂ  انقلاب نے جب اس کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کی تو بتایاگیا کہ ممبرا شہر سے برسات کے پانی کی نکاسی کیلئے جو   قدیم(  انگریزوں کے زمانے کےتعمیر کردہ )  کلورٹ (چھوٹے نالے ) اور نالے ہیں،  ان میں سے کئی کلورٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔ متعدد نالوں یا تو تعمیرکر دیئے گئے ہیں یا پھر انہیں من مانے طریقے سے موڑ دیا گیا ہے جس کے سبب برسات کے پانی کی نکاسی نہیں ہو پارہی ہے ۔ یہ پانی سڑکوں پر بہتا  ہے ، عمارتوں،مساجد ،مدرسوں  اور چالیوں میں گھس  جاتا ہے۔ کچھ افراد نےیہ الزام لگایاہے کہ سڑک تعمیر کرنے والی ۲؍  ایجنسیوں میں تال میل کے فقدان کے سبب اور نالوں کی صفائی میں بدعنوانی کے سبب یہ صورتحال پید ا ہو رہی ہے۔ حالانکہ شہری انتظامیہ اس کی وجوہات معلوم کرنے میں مصروف ہے اور جائزہ لینے پرغور کررہا ہے ۔ 
   تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی )  میں اپوزیشن لیڈر  اشرف ( شانو) پٹھان ( جو ممبرا کے امرت نگر علاقےکے کارپوریٹر ہیں اور میونسپل کارپوریشن کی  اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن بھی ہیں)  گزشتہ دنوں کمرتک  پانی میں   ایک ہاؤسنگ سوسائٹی اورمصروف ترین شیل پھاٹا جنکشن پر گھٹنے سے اوپر تک پانی میں ڈوبی سڑکوں کا جائزہ لیتے اور سیلابی صورتحال میں راستے پر چلتے نظر آئے۔ اس سلسلے میں اشرف پٹھان سے استفسار کرنے پر انہوں نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ’’ممبرا کوسہ  سے شیل علاقے تک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کی ایک اہم وجہ انگریزوں اور ۱۹۹۵ء کے پہلے کے کلورٹوں(جہاں سے شہر کے برسات کے پانی کی کھاڑی میں نکاسی ہوتی تھی) کو بند کرنا ہے۔ لوگوں نے کلورٹ کو بند کر کے  غیر قانونی اور قانونی تعمیرات بھی کرلی ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد مقامات پر تو نالوں میں اور نالوں کو موڑکر بھی تعمیرات کی گئی ہیں۔  دوسری وجہ یہ  ہے کہ جو نئے نالے تعمیر کئے گئے ہیں،  نئے  متل  نالے سے انہیں جوڑا نہیں کیا گیا ہے۔ جب پانی کی نکاسی کا راستہ ہی نہیں ہوگا تووہ کہاں جائے گا ؟  ظاہر ہے شہری علاقوں میں جمع ہو گا۔  میں نے خود ۶ تا ۸؍ کلورٹ کو دیکھا ہے جنہیں بند کر دیا گیا ہے۔ ان میں ۱۹۹۵ء کے پہلےکا  ایک کلورٹ امرت نگر ناکہ پر تھا۔ ممبر ا،کوسہ اور شیل تک کے علاقوں کا  یہی حال ہے ۔ تھوڑی دیر کی بارش  میں پانی بھر جاتا ہے  اور یہ صورتحال اس وقت ہوتی ہے جب سمندر میں ہائی ٹائیڈ نہیں ہوتا۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ’’ مَیں نے کلورٹ بند کرنے کی شکایت تھانے میونسپل کارپوریشن کے محکمۂ شہری ترقیات  کے افسران سے بھی کی اور انہیں جائے وقوع پرلے جاکر بتایا  جہاں کلورٹ بند کرکے قانونی تعمیرات کی گئی ہیں۔ ‘‘
 شہری سہولتوں کے سرگرم عام آدمی پارٹی (آپ ) کے ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کے جنرل سیکریٹری ناظم انصاری نے بتایا کہ’’ سڑک کی تعمیر میں ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی( ایم ایم آر ڈی اے)اور تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی)  میں تال میل نہ ہونے کے سبب سڑکوں کی تعمیر میں نالوں کے تسلسل کو قائم نہیں رکھا گیا ہے۔  تیسری وجہ نالوں کی صفائی میں بدعنوانی ہے۔نالے سطحی طریقے سے صاف کئے جاتے ہیں اور ٹھکیداروں کو اس کی رقم بھی ادا کر دی جاتی ہے گویا بدعنوانی کے سبب شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
 واضح رہے کہ این سی پی کلوا ممبرا اسمبلی حلقہ کے صدر اور ٹی ایم ٹی کے رکن شمیم خان نے بھی نالوں کی صاف صفائی پر سوا ل اٹھائے تھے اور میونسپل کمشنر کو متنبہ کیا تھا کہ اگر ٹھیکیداروں کے ذریعےدوبارہ نالوںکی صفائی نہیں کی گئی تو احتجاج کیا جائے گا لیکن اسسٹنٹ میونسپل کمشنر نے ٹھیکیدار کو دوبارہ صفائی کرنے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد احتجاج ملتوی کر دیا گیا تھا ۔ نالوں کی مبینہ دوبارہ صفائی کے باوجود شہر میں سیلابی صورت پیدا ہو ئی تھی۔

mumbra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK