Inquilab Logo

ممبرا:مین روڈ پر کوڑاکرکٹ پھینکنا اور کچراٹرانسفراسٹیشن فوراً بند کرنےکا مطالبہ

Updated: July 23, 2022, 9:33 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ایم آئی ایم لیڈروںنے ممبرا کے میونسپل اور پولیس افسروںکو میمورنڈم دیا ، انتباہ دیا کہ ۷؍ دن کے اندر مطالبہ منظور نہیں کیا گیاتو احتجاج کیا جائے گا

A delegation of MIM leaders giving a memorandum to the Senior Inspector of Members.
ایم آئی ایم لیڈروںکا وفد ممبرا کےسینئر انسپکٹر کو میمورنڈم دیتے ہوئے۔

 ممبرا  سے کوسہ جانے والی اہم اور انتہائی مصروف سڑک پر متل گراؤنڈ اورشنکر مندر کے قریب مین روڈ پر کوڑا کرکٹ پھینکا جارہا ہے ۔ مین روڈ پر پورے دن کچرے کا انبار ہونے سے مقامی افراد خصوصاً کمسن طلبہ،ان کے سرپرستوں  اور بیمار افراد کو شدید  دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اسی  کے پیش نظر مجلس اتحاد المسلمین (  ایم آئی ایم )  ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کے صدر سیف پٹھان ، پارٹی کے مقامی خزانچی جاوید صدیقی اور دیگرکارکنوں نے تھانے میونسپل کارپوریشن سے لے کر ریاست کے محکمہ  شہری ترقیات اور ممبرا پولیس اسٹیشن کو مکتوب بھیج کر مطالبہ کیا ہے کہ مین روڈ کے کنارےکوڑاکرکٹ پھینکنے اورکچراٹرانسفر اسٹیشن  فوراً بند کیاجائے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر ۷؍ دن میں یہاں کچرا پھینکنے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو احتجاج کیا جائے گا اورعدالت سے بھی رجوع کیا جائے گا۔
    اس سلسلے میں سیف پٹھان نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’’تھانے میونسپل کارپوریشن کی ذمہ داری شہریوں کو  صاف ستھرا ماحول مہیا کرانے کی بھی ہے لیکن ممبرا کے شہریوں کو بدبودار اور کوڑاکرکٹ سے بھرا روڈ دیا  جارہا ہے۔ ممبرا کوسہ کاکوڑاکرکٹ اٹھانے کی ذمہ  داری ابھیشیک انٹر پرائزز نامی کمپنی کو دی گئی ہے لیکن یہ کمپنی ممبرا سے کوسہ جانے والے مین روڈ پرمتل گراؤنڈ اور شنکر مندر کے قریب   ہی شہر کا کوڑا کرکٹ ڈمپ کر رہی ہے جس سے شہریوں کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔ ڈمپنگ پوائنٹ کے قریب ہی میلہ بھی لگا ہوا ہے جہاں لوگ تفریح کیلئے آتے ہیں ۔ ان کے بیمار ہونے کا اندیشہ ہے۔اس سلسلے میں ہم نے ممبرا کے  سینئر پولیس انسپکٹر اشوک کڈلک سے ملاقات کرکے مطالبہ کیا ہے کہ ٹھیکیدار کمپنی کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’ ۵،  ۶؍ سال قبل جب کوڑا کرکٹ اٹھانے کا ذمہ کسی بھی کمپنی نہیں دیا گیا تھا ، اس وقت میونسپل کارپوریشن ہی پورے شہر کابلکہ ہر گلی سے کوڑاکرکٹ اٹھاتی تھی لیکن اس طرح کی پریشانی نہیں ہوتی تھی لیکن جب سے  اس کی نجکاری کی گئی ہے تب سے لوگوں کو مین روڈ پر متل کے پاس سے گزرنا محال ہو گیا ہے۔ اس سے قبل بھی ہم نے میونسپل کمشنر ، ممبرا وارڈ آفس  سے لے کر پرنسپل سیکریٹر ی اور ممبرا پولیس اسٹیشن  تک کو کورٹ سے نوٹس بھیجا تھا ۔ اگر ۷،  ۸؍ دن میں یہ کوڑاکرکٹ روڈ سے نہ ہٹایا گیا تو ہم آندولن کریں گے ۔‘‘
   اس سلسلے میں جاویدصدیقی   نے بتایا کہ  ’’شہری انتظامیہ اور ٹھیکیدار کمپنی کے خلاف ہم نے  ۷؍ جون ۲۰۲۲ء کو کورٹ میں اپیل ( نمبر: ۹۲۶) داخل کی تھی ۔ اس پر عدالت  نے ٹی ایم سی کو روڈ پر کوڑاکرکٹ نہ پھینکنے اور اسے فوراً ہٹانے کی ہدایت دی ہے، اس کے باوجود اس پر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔‘‘  انہوں نے مزید کہا کہ ’’ اگر روڈ پر کوڑا کرکٹ ڈمپ کرنے کا سلسلہ  روکانہیں گیا تو آئین کے سیکشن ۲۷۰؍ کے تحت  تھانے میونسپل کارپوریشن اور کوڑاکرکٹ پھینکنے والی کمپنی کے خلاف معاملہ درج کرایا جائے گا۔مذکورہ قانون کہتا ہے کہ شہر کے روڈ پر کچرا پھینکا منع ہے۔اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو اسے ۲؍ سال کی سزا ہو سکتی ہے۔اسی قانون کے تحت ہم نے ریاستی حکومت کے شہری ترقیات (یو ڈی)کے محکمہ میں شکایت کی ہےجس پر ہمیں ممبرا کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کی جانب سے خط دے کر یقین دہانی کرائی  ہے کہ  مین روڈ پرکوڑاکرکٹ کی ڈمپنگ  بندکی جائے گی۔ اگر یہ ڈمپنگ بند نہیں کی گئی تو ہم ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے اور احتجاج کریں گے ۔‘‘
  ایک مقامی شخص نےشدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سڑک سے گزرنا دشوار ہو گیا ہے۔ اسکول اور کالج  کے سیکڑوں طلبہ اور ان کے سرپرست یہاں سے پیدل گزرتے ہیں اورتعفن کے سبب  انہیں  اپنے منہ پر رومال رکھنا پڑتا ہے۔  آدھی سڑک سے زیادہ حصہ پرکھڑی کچرا گاڑیوں سے بچتے ہوئے گزرنا پڑتا ہے۔ 
 اس ضمن میں اسسٹنٹ میونسپل کمشنر ساگر سالنکھے نے کہا کہ کوڑا کرکٹ پھینکنا بند کرنے کی ہدایت متعلقہ محکمہ کو دی گئی ہے ۔

mumbra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK