Inquilab Logo

ممبرا کورونا سے پاک ہونے کی جانب گامزن

Updated: August 11, 2020, 7:58 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbra

گزشتہ ۱۰؍ دنوں میں کورونا کے محض صفر تا۹؍  مریض پائے گئے جبکہ جمعہ اور اتوار کو ایک بھی مریض نہیں ملا

coronavirus india - Pic : PTI
کورونا وائرس انڈیا ۔ تصویر : پی ٹی آئی

ممبرا میں کورونا وائرس کے مریض کم سے کم تر ہوتے جا رہے ہیں اور ممبرا کورونا وائرس سے پاک ہونے کی جانب گامزن ہے۔ گزشتہ ۱۰ ؍ دنوں میں ممبرا میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد ایسی ملی ہے جیسے کسی موبائل کا نمبر ہوتا ہے یعنی ایک دن بھی تعداد ۹؍ سے تجاوز نہیں کی گئی ہے بلکہ ۲؍ دن تو ان کی تعداد صفر رہی ہے۔  
 کورونا کو مات دینے کی اس کامیابی کو مقامی محکمہ صحت،میونسپل افسران، پرائیویٹ ڈاکٹرس،  پولیس ،اساتذہ  او رغیر سرکاری تنظیموں اور رضاکاروں کو  قرار دیا جارہا ہے جنہوںنے اپنی جان کی پروا کئے بغیر گھر گھر جاکر شہریوں کی طبی جانچ کی اور کنٹیکٹ ٹریسنگ کی ۔ 
  واضح رہے کہ امرت نگر(ممبرا )میں ۴؍ اپریل کو کورونا وائرس کا پہلا مریض ملا تھا جس کے بعد کچھ دنوں تک یہاں مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھتی چلی گئی تھی جس کے بعد چہار جانب سے ممبرا کے شہریوں پر تنقیدیں ہونے لگی تھیں اور لاک ڈاؤن پر عمل نہ کرنے کے متعدد ویڈیو اور فوٹو بھی جاری کئے گئے تھے ۔عوام کے درمیان رہنے والے ممبرا کے رکن اسمبلی اور ہاؤسنگ منسٹر جتیندر اوہاڑ،سینئر پولیس انسپکٹر مدھو کرکڑ اورممبراوارڈ کے ایگزیکیٹو انجینئر دھننجے گوساوی بھی کورونا سے متاثر ہو گئے تھے لیکن اسی دوران میونسپل افسران ، ڈاکٹرس ، پولیس اور غیر سرکاری تنظیموںنے ہار نہیں مانی بلکہ مزید سرگرمی سے کورونا کا مقابلہ کیا اور اسی کا نتیجہ ہے کہ آج ممبرا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد صفر تک پہنچ گئی ہے۔اس سلسلے میں جتیندر اوہاڑ نے پیر کو تھانے کے میونسپل کمشنرڈاکٹر ویپن شرما سے ٹی ایم سی میں ملاقات کی اور درخواست کی ہے کہ جس طرح عوام اور انتظامیہ تعاون سے ممبرا کو کورونا سے پاک کیا جارہا ہے اسی طرح کا طرز عمل پورے تھانے میں نافذ کیا جائے۔ اوہاڑ نے کہاکہ ہمارا خوا ب کہ نہ صرف ممبرا  بلکہ پورا مہاراشٹر جلد از جلد کورونا وائر س سے پاک ہو۔ایگزیکٹیو انجینئر دھننجے گوساوی اور سینئر پولیس انسپکٹر مدھوکر کڑ نے بھی خوشی کا اظہارکیا ہے ۔ سینئر انسپکٹر کڑ نے کہا  کہ ’’کورونا پر قابو پانے کیلئے میونسپل انتظامیہ نے جب بھی پولیس کی مدد مانگی ہم نے انہیں دی ہے اور عوام نے بھی تعاون دیا جس کے سبب ہی کورونا پر قابو پایا جا سکا۔
ممبرا میں کس تاریخ کو کورونا کے کتنے مریض ملے
 ۱۰؍ اگست :۲؍،۹؍ اگست : ۲؍(دونوں  مریض کوکن سے تعلق رکھنے والے )، ۸؍ اگست : ۶۔ ۷؍ اگست : صفر۔ ۶؍ اگست: ۶۔ ۵؍اگست :  ۲۔ ۴؍ اگست : ۹۔ ۳؍ اگست : ۸۔ ۲؍ اگست : ۳؍ مریض اور یکم اگست : ۴؍ مریض ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK