Inquilab Logo

ممبرا:لاکھوں روپے کی چوری کے الزام میں رشتہ دار گرفتار

Updated: September 28, 2021, 8:25 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ایک گھر سے ۱۰؍  لاکھ ۸۵؍ ہزار روپے چرانے کے الزام میں ممبرا پولیس نے شکایت کنندہ کی بہن ، بہنوئی اور ماموں کو گرفتار کیا ہے۔

The accused can be seen in police custody.Picture:Inquilab
ملزمین کو پولیس تحویل میں دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر انقلاب

 ایک گھر سے ۱۰؍  لاکھ ۸۵؍ ہزار روپے چرانے  کے الزام میں ممبرا پولیس نے شکایت کنندہ کی بہن ، بہنوئی اور ماموں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے ۹؍ لاکھ ۳۵؍  ہزار روپے برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ پریس کانفرنس میں سینئر پولیس انسپکٹر مدھوکر کڑ نے بتایا کہ ’’ ممبرا دیوی روڈ پر واقع ندیم اپارٹمنٹ میں رہنے والی ریحانہ اکرم خان نے ۶؍ ستمبر کو ممبرا پولیس اسٹیشن میںشکایت درج کرائی تھی کہ ۴؍ ستمبر کو اس کے گھر سے ۱۰؍ لاکھ ۸۵؍  ہزار روپے،جو الماری (کباٹ)  میں رکھے تھے ،کسی نے چرا لئے ہیں ۔ یہ رقم اس نے مکان فروخت کر کے حاصل کی تھی اور دوسرا مکان خریدنے کیلئے اسے گھر میں رکھا تھا۔ پولیس نے شبہ کی بنیاد پر اس کے بہنوئی حادی حسن کو گرفتار کیا تھا کیونکہ سی سی ٹی وی میںواردات  والے  روز وہ شکایت کنندہ کی بلڈنگ میں جاتے ہوئے دکھائی دیا تھا ۔ ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کرنے پر اسے ۱۴؍ ستمبر تک پولیس تحویل میں رکھا گیاتھا لیکن اس دوران ملزم نے نقب زنی کے تعلق سے معلومات نہیں دی۔پولیس تحویل ختم ہونے کے بعد مجبوراً اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ۔‘‘
  افسر نے مزید بتایاکہ ’’تفتیشی دستہ کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر سنتوش اگل مگلے اور ان کی ٹیم نے موبائل کی فورینسک جانچ کی جس کی بنیاد پر ملزم کی بیوی اور شکایت کنندہ کی بہن سلطانہ حادی حسن عرف سلطانہ عمران شیخ کوگرفتار کیا۔ اس کے گھر کی تلاشی کے دوران پولیس ٹیم کو ۷؍ لاکھ ۹۵؍  ہزار روپے ملے۔ اسی طرح شکایت کنندہ کے ماموں فرمان شیخ کے قبضے سے مسروقہ ایک لاکھ ۴۰؍ ہزار روپے برآمد ہوئے ۔ لہٰذا فرمان کو ۲۳؍  ستمبر کو گرفتار کیا گیاہے۔ اس طر ح پولیس  نے چرائے گئے مال میں سے ۹؍ لاکھ ۳۵؍ ہزار روپے برآمد کئے ہیں۔مزید جانچ جاری ہے۔‘‘معتبر ذرائع کے مطابق چوری  اس وقت کی گئی تھی جب شکایت کنندہ اور اس کی ملزم بہن نیا گھر دیکھنے گئے تھے۔

mumbra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK