بارگاہِ ایزدی میں امن وسلامتی، خیروعافیت، ایمان و اسلام اور عزت وآبرو کی حفاظت کیلئے رقت آمیز دعا پر ۲؍ روزہ تبلیغی اجتماع پیر کی شب میں ختم ہوا۔
متل گراؤنڈ پر تبلیغی اجتماع کے آخری دن دعا کا منظر۔ تصویر: انقلاب
بارگاہِ ایزدی میں امن وسلامتی، خیروعافیت، ایمان و اسلام اور عزت وآبرو کی حفاظت کیلئے رقت آمیز دعا پر ۲؍ روزہ تبلیغی اجتماع پیر کی شب میں ختم ہوا۔ یہ اجتماع ممبرا میں متل گراؤنڈ پر شوریٰ کی جانب سے منعقد کیا گیاتھا۔
اجتماع کے آخری دن حسب ترتیب مولانا محمد یونس (باندرہ)، اخلاق سر، عبداللہ بھائی، مولانا عبدالفتاح، مولانا عثمان، مولانا عبدالرحمٰن راویانا، احرار سر، شمیم انجینئر، اور مولانا ضمیر نے مختلف اوقات میں علماء کی، ملازمت پیشہ افراد کی، تبلیغی جماعت سے جڑے پرانے ساتھیوں، معذورین کی اور عمومی الگ الگ نشستوں میں خطاب کیا۔ اس دوران ریاست کے الگ الگ حصوں میں کئی جماعتیں روانہ کی گئیں اور کئی جوڑوں کے نکاح ہوئے۔ نکاح مولانا عبدالفتاح نے پڑھایا۔
اجتماع کے آخری دن اللہ کے بندوں تک دین کی دعوت دینے، زندگی کی صورت میں قدرت کی طرف سے دیا گیا موقع غنیمت جاننے اور اس کے بہتر استعمال اور اپنی زندگیوں کو قرآن وسنت کے احکامات کی روشنی میں ڈھالنے کی خصوصیت سے تلقین کی گئی۔اس موقع پر یہ یاد دہانی کرائی گئی کہ جس طرح روزی روٹی کمانے اور دنیا کی ترقی کی خاطر محنت اور پابندی وقت ضروری بلکہ شرط ہے، اسی طرح ایمان و یقین کے استحکام کیلئے بھی محنت شرط ہے۔ جب ایمان پر محنت ہوگی ، اللہ ورسولؐ کا تذکرہ ہوگا، صحابہ کی قربانیاں سامنے ہوں گی تو ایمان میں اضافہ ہوگا ۔ آج ہم نے نفس کی پیروی کی ، اللہ ورسولؐ کے فرامین سے روگردانی کی جس سے قدم قدم پر حالات کا سامنا ہے۔ اس لئے ہمیں اپنی زندگی کو اللہ کے اوامر اور رسول اکرمؐ کی سنتوں سے آراستہ کرنا ہوگا، تبھی کامیابی ممکن ہے۔
یاد رہے کہ تھانے ضلع کا ۲؍روزہ یہ اجتماع سنیچر اور اتوار کو طے پایا تھا لیکن سنیچر کو۶؍ دسمبر کے سبب اجازت نہ ملنے سے تاریخ ایک دن آگے بڑھادی گئی تھی۔