Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبرا ٹرین حادثہ: لوکل ٹرینوں میں خود کار دروازے لگانے کا فیصلہ

Updated: June 10, 2025, 1:59 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

نئے ڈبوں کو اسی طرز پر بنایا جائیگا جبکہ پرانے ڈبوں کے ڈیزائن تبدیل کرکے خودکاردروازے لگائے جائیں گے۔

Automatic doors will be installed in the train to prevent passengers from hanging. Photo: INN
مسافروں کو لٹکنے سے روکنے کیلئے ٹرین میں خودکاردروازے لگائے جائیں گے۔ تصویر: آئی این این

لوکل ٹرین میں بھیڑ بھاڑ کے سبب ممبرا میں پیر کو پیش آنے والے دلخراش حادثہ میں ۴؍ مسافروں کی موت اور دیگر ۹؍ کے زخمی ہونے کے بعد وزارت ریل حرکت میں آئی اور اسی سہ پہر اعلان کیا کہ ممبئی کی تمام لوکل ٹرینوں میں خود کار دروازے لگائے جائیں گے۔ 
 ریلوے بورڈ کے انفارمیشن اینڈ پبلسٹی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر دلیپ کمار نے اس تعلق سے بیان دیا کہ ممبئی میں بھیڑ بھاڑ سے ہونے والے حادثہ کے پیش نظر وزارت ریل نے ممبئی کی تمام لوکل ٹرینوں میں خود کار دروازے لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو ڈبے ابھی بن رہے ہیں، ان میں   خودبخودبند ہونے والے دروازے لگانے کے بعد ہی انہیں استعمال میں لایا جائے گا جبکہ جن ڈبوں کو پہلے سے استعمال کیا جارہا ہے، ان کے ڈیزائن میں تبدیلی کرکے ان میں بھی یہ دروازے نصب کئے جائیں   گے۔ 
 اطلاع کے مطابق وزارت ریل کی جانب سے دروازے لگانے کا اعلان کئے جانے کے بعد ریلوے بورڈ نے اس فیصلے کو منظوری بھی دے دی ہے۔ ریلوے افسران کے مطابق بظاہر ایسا معلوم ہورہا ہے کہ آس پاس سے گزرنے والی ۲؍ ٹرینوں میں بھیڑ کے سبب لوگ دروازے پر لٹک رہے تھے اور انہوں  نے اپنی پیٹھ پر جو بیگ لٹکا رکھے تھے، وہ ایک دوسرے سے ٹکرا گئے جس کے سبب یہ مسافر اپنا توازن برقرار نہیں رکھ سکے اورنیچے گرگئے۔ چونکہ بھیڑ بھاڑ کے سبب لوکل ٹرینوں میں مسافروں کا دروازے پر لٹک کر سفر کرنا عام بات ہے اور اس کی وجہ سے اکثر حادثات میں مسافر اپنی جان گنوا بیٹھتے ہیں یا پھر شدید زخمی ہوجاتے ہیں تاہم پیر کو پیش آنے والا حادثہ بہت بڑا تھا جس کی وجہ سے خود کار دروازوں کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ لوگ دروازوں پر لٹک کر سفر نہ کرسکیں۔ 
 واضح رہے کہ حادثہ کی صحیح وجہ معلوم کرنے کے لئے حکومت مہاراشٹر نے ہدایت جاری کردی ہے۔ حادثہ کی اصل وجہ معلوم ہونے پر اس طرح کے حادثات کی روک تھام کے لئے مزید اقدام کئے جاسکیں گے۔ 
 حالانکہ عوام اس اعلان سے پوری طرح مطمئن نہیں ہیں اور اس پر مختلف سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ مثلاً یہ کہ بھیڑ بھاڑ زیادہ ہو تو دروازے بند کیسے ہوں گے اور اگر بہت زیادہ بھیڑ ہو اور دروازے بند ہوں تو لوگوں کیلئے سانس لینا مشکل ہوجائے گا۔ اس کے علاوہ سب سے اہم سوال یہ کہ اعلان تو کردیا گیا ہے لیکن اس پر عمل کب ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK