Inquilab Logo

نالاسوپارہ:خاتون کے قتل کا معمہ حل کرلینے کاپولیس کا دعویٰ،دکاندار گرفتار

Updated: July 05, 2020, 8:36 AM IST | Kazim Shaikh | Nalasopara

یہاں ایک ہفتہ قبل علاقے میں ہونے والے ایک خاتون کےقتل اور اس کی لاش کے ساتھ ہونے والی نازیبا حرکت کے معاملے میں پولیس نے سی سی ٹی وی کیمرے کی مددسےایک دکاندار کو گرفتار کرلیا۔

Murder Gesture - Pic : INN
قتل کی علامتی تصویر : تصویر : آئی این این

یہاں ایک ہفتہ قبل علاقے میں ہونے والے ایک خاتون کےقتل اور اس کی لاش کے ساتھ ہونے والی نازیبا حرکت کے معاملے میں پولیس نے سی سی ٹی وی کیمرے کی مددسےایک دکاندار کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا دعویٰ ہےکہ گرفتارملزم نےاپنا جرم قبول کرلیا اور اسے عدالت میںپیش کیاگیا تھاجہاں مجسٹریٹ نے ملزم کو پولیس ریمانڈ میں بھیج دیا ہے ۔  
 پال گھرکرائم برانچ وسئی یونٹ کے ایک پولیس افسر نے نمائندہ کوبتایاکہ نالاسوپارہ کے مشرقی جانب تولنج پولیس اسٹیشن کےعلاقے میں گزشتہ جمعہ کو ایک ۳۲؍ سالہ خاتون کی مسخ شدہ لاش ایک ٹمپو میں ملی تھی۔اس معاملے میںپولیس نے شیوا چودھری(۴۰) کو گرفتار کرلیا۔ 
 پولیس افسرکاکہناہےکہ ۲۶؍ جون کی شام ۴؍بجے اچولے روڈ،پر ینکا کمپلیکس میں رہنے والی ۳۲؍ سالہ خاتون سبزی لینےکیلئے گھر سے نکلی تھی اور رات کو جب واپس نہیں آئی تو گھر والوں نے تلاش کے بعد رشتہ داروں کےگھروں پر بھی پوچھ تاچھ کی ۔ جب کہیں اس کا پتہ نہیں چلا توانھوں نےدوسرے دن تولنج پولیس اسٹیشن میں خاتون کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی ۔ 
  افسر کے مطابق پولیس اس سلسلے میں جانچ کررہی تھی  کہ اتوارکو شام ۷؍بجے مقامی افراد نے پولیس سے شکایت کی کہ اچولےروڈپرچندن ناکہ کے پاس کھڑے ایک ٹمپو ( نمبر ایم ایچ ۰۴، ڈی اے ۰۰۹۰ ) میں رکھی ہوئی بوری  سے بدبو پھیل رہی ہے ۔ پولیس نے بوری کو قبضے میں لے کر جانچ کی تو معلوم ہوا کہ گمشدہ خاتون کی مسخ شدہ لاش ہے ۔پولیس افسر سنتوش گرجرنے دعویٰ کیا ہے کہ اس قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے پال گھر کرائم برانچ وسئی یونٹ نے ایک دکاندار کو گرفتار کرلیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ جمعہ کی شام خاتون اسی علاقے میں واقع پریم ناولٹی نامی دکان پر کھانے پینے کا سامان لینے کیلئے گئی تھی۔
  دکاندار شیوا چودھری اور خاتون کےدرمیان سامان کے مول، بھاؤ پر بحث ہوگئی۔اس کےبعد دونوں کے درمیان جھگڑا کافی بڑھ گیا۔دکاندار شیوا چودھری خاتون کےبال پکڑکرکمرے میںلےگیا اور وہاں اس کاگلادبا دیا جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی موت کے بعد دکاندار نےاس کے ساتھ نازیبا حرکت بھی کی اور لاش کو کمرے میں رکھ کر بند کردیا ۔ رات کو تقریباً ۳؍بجے ملزم نے خاتون کی لاش ایک پلاسٹک کی بوری میں ڈال کر اپنے کندھے پر لے جاکر کھڑے ٹمپو میںلاش کو پھینک دیا۔کرائم برانچ نے آس پاس ملنے والے سی سی ٹی وی کیمرے کے فوٹیج کی مددسے ملزم کو گرفتار کرلیا ۔ ملزم کے خلاف ریمانڈ لے کر مزید پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔

nalasopara Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK