Inquilab Logo

نالاسوپارہ :بیوی کے بہیمانہ قتل کے الزام میں شوہر گرفتار

Updated: September 17, 2022, 9:07 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

ملزم نےگزشتہ سال واردات کے بعد لاش کو ایک بیگ میں ڈال کر وسئی کی کھاڑی میں پھینک دیا تھا۔ کرناٹک کے رشتہ داروں کی شکایت پرسرکٹی لاش کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ سے ہوئی

Sania Sheikh with her husband Asif Sheikh
ثانیہ شیخ اپنے شوہر آصف شیخ کے ساتھ۔

 یہاں گزشتہ سال۲۶؍ جولائی کو ایک خاتون کی سرکٹی  لاش ملی تھی ۔ اس معاملے میںپولیس نے مقتولہ ثانیہ کے شوہر آصف شیخ کوگرفتار کرلیا ہے ۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ مقتولہ کے رشتہ دار ایک ہفتہ قبل ممبئی آئے تو انھیں پتہ چلا کہ اس کا پتہ نہیں چلا۔پولیس نے سرکٹی لاش کی شناخت  کیلئے ایک  رشتہ دار کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا تو رپورٹ سے واضح ہوگیا کہ لاش ثانیہ کی ہے ۔پولیس ملزم سے یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ اس نے اپنی بیوی کا قتل کیوں کیا تھا۔
 نالاسوپارہ  پولیس اسٹیشن کے ایک تفتیشی انسپکٹر نے بتایا کہ یہاں ثانیہ شیخ (۲۵) اپنے شوہر کے ساتھ رہتی تھی ۔اس کے والدین نہیں تھے جبکہ  رشتہ دار کرناٹک میں رہتے ہیںاور اس کی خیریت معلوم کرتےرہتے  تھے ۔ ۲۶؍ جولائی ۲۰۲۱ء کو نالاسوپارہ کے بھوئی گاؤں کی کھاڑی کے کنارے  بیگ میں ایک خاتون کی سرکٹی لاش ملی تھی جبکہ سر غائب تھا ۔ پولیس نے لاش کی تفتیش کی لیکن اس کی شناخت نہ ہوسکی ۔ اس دوران  ثانیہ کے رشتہ دار کرناٹک سے اسے فون کرتے تو گھر والے غلط نمبر بتاکر فون رکھ دیتے تو کبھی  بہانے سے ٹال دیتے تھے ۔ ثانیہ کی کوئی اطلاع نہ پاکر ایک ہفتہ قبل کرناٹک سے اس کے رشتہ دار نالاسوپارہ  آئے تو وہاں گھروالے بھی موجودنہیں تھے۔ پڑوسیوں سے پتہ چلا کہ سسرال  والوں نے انہیں بتایا تھا کہ وہ چمبور منتقل ہوگئے ہیں ۔ ثانیہ کے رشتہ دار چمبورکے بتائے ہوئے مقام پر پہنچے تو انھیں  معلوم ہواکہ یہاں ایسا کوئی آدمی نہیں رہتا ۔ انھوں نے اس سلسلے میں چمبور کے تلک نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرانے کی کوشش کی تو پولیس نے نالاسوپارہ میں خاتون کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرانے کا مشورہ دیا ۔ رشتہ داروں نے  نالاسوپارہ پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تو پولیس نے   خاتون کی سر کٹی لاش دکھائی ۔  رشتہ داروں کو   لاش دیکھ کر شک ہوا   تو پولیس نے ایک رشتہ دار کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جس کی  رپورٹ سے واضح ہوگیا کہ سرکٹی لاش ثانیہ شیخ کی ہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں تفتیش شروع کی تو پتہ چلا کہ اس کا شوہر آصف شیخ اسی علاقے میں رہتا ہے۔ پولیس نے  اسے ۳؍روز قبل گرفتار کرلیا ۔ 
 پولیس کا دعویٰ ہے کہ  ثانیہ  ملزم آصف کی دوسری بیوی ہے اور اس کا قتل ۲۰؍ جولائی ۲۰۲۱ء کوکیا گیا تھا۔ واردات کے بعد لاش ایک بیگ میں رکھ کر وسئی کی کھاڑی میں پھینک دی گئی تھی ۔ ۲۶؍ جولائی ۲۰۲۱ء کو  لاش پائی گئی تھی لیکن اس کی شناخت نہیں ہوپائی تھی ۔ ابھی تک پولیس کو یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ خاتون کو اس کے شوہر نے قتل کیوں کیا تھا ۔ البتہ ایسا کہا جارہا ہے کہ شوہر کو بیوی کے کردار پر شک تھا ۔ اس کے علاوہ خاتون کے آبائی وطن کرناٹک میں اس کے باغات اور جائیدا د بھی ہیں ۔ پولیس قتل کا معمہ حل کرنے کیلئے تمام زاویئے سے تفتیش کررہی ہے۔

nalasopara Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK