Inquilab Logo

زرعی قوانین کیخلاف بالی ووڈ اسٹارس کی خاموشی پر نصیر الدین شاہ سخت برہم

Updated: February 07, 2021, 1:31 PM IST | Agency | Mumbai

زرعی قوانین کیخلاف بالی ووڈ اسٹارس کی خاموشی پر نصیر الدین شاہ سخت برہم،کہا : ’خاموش رہنے‘ سے بھی ظالم کی مدد ہو تی ہے بالی ووڈ کے سنجیدہ اداکار نصیر الدین شاہ کے مطابق ہماری فلمی صنعت کی بڑی ہستیاں خاموش بیٹھی ہوئی ہیں کیوں کہ وہ سمجھتی ہیں کہ لب کشائی سے ان کا بڑا نقصان ہو جائے گا، لیکن خاموش رہنے سے جو نقصان ہو گا اس کا کیا؟

Naseerudin Shah.Picture :INN
نصیر الدین شاہ۔ تصویر :آئی این این

زرعی قوانین کے خلاف جاری احتجاج پر بالی ووڈ کے بڑے اسٹارس کی خاموشی پر نصیرالدین شاہ نے سخت تنقید کی  ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہاکہ `ہماری فلمی صنعت کی بڑی ہستیاں خاموش بیٹھی ہیں۔ کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس سے ان کاکوئی بہت بڑا نقصان ہوسکتا ہے ۔ ارے بھائی جب آپ نے اتنا کمالیا ہے کہ آپ کی۷؍ نسلیں بیٹھ کر کھا سکتی ہیں، تو آپ کا کتنا نقصان ہوجائےگا  جمیل گلریز کو دئیے گئے انٹر ویو میں نصیرالدین شاہ نے کہاکہ’’ `اگر سب کچھ تباہ ہوگیا تو آپ اپنے دشمنوں کا شور نہیں سنیں گےبلکہ اپنے دوستوں کی خاموشی سےتکلیف ہوگی۔ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ٹھٹھرتی  سردیوں میں اگرکسان وہاں بیٹھے ہیں تو مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ مجھے امید ہے کہ کسانوں کا یہ مظاہرہ پھیل جائے گا اور عام لوگ اس میں شامل ہوں گے۔ یہ ہونا ہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ خاموش رہنا ظالم کے حق میں ہے کیوں کہ خاموش رہنے سے بھی ظالم کی مدد ہو تی ہے۔ `‘‘  نصیر الدین شاہ نے ملک کے موجودہ حالات پر گفتگو کرتے ہوئے اپنی رائے کا بیباکانہ انداز میں اظہار کیا ۔ وہ اس سے قبل بھی کھل کر بولتے آئے ہیں اور کسی بھی سلگتے ہوئے موضوع پر ناقدانہ رائے ضرور پیش کرتے ہیں۔ انہوں  نے دوران گفتگو کہا کہ اس وقت ملک میں یہ حالات بنادئیے گئے ہیں کہ `اگر کوئی یہ کہے کہ اسے ہندی فلمیں پسند نہیں ہیں تواسے غدار کہا جاتا ہے۔  اگر آج کے دور میں ہم یہ بھی کہتے ہیں کہ ہم ہندوستانی ٹریفک قوانین پر عمل نہیں کرتے تو آپ کو ملک دشمن بنا دیا جائے گا۔اگر آپ کہتے ہیں کہ ہم ہندوستانی ایک دوسرے کا احترام نہیں کرتے ہیں تو آپ غدار ہیں۔ اگر آپ کہتے ہیں کہ آپ کو ہندی فلمیں پسند نہیں ہیں تو آپ غدار ہیں۔ آپ کو پاکستان  چلے جانا چاہئے۔ نصیر الدین شاہ نے اور بھی دیگر موضوعات پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا لیکن بالی ووڈ کی خاموشی سے وہ کافی شاکی نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے موضوع پر اب تک جتنی بھی رائے آئی ہے  وہ حکومت کے موافق ہے لیکن کسانوں کی حمایت میں بھی آوازیں بلند ہونی چاہئیں۔ اگر بالی ووڈ کسانوں کی حمایت کرے تو یہ موضوع بہت تیزی کے ساتھ اپنے انجام کو پہنچے کیوں کہ بالی ووڈ کے فالوورس پوری دنیا میں موجود ہیں۔ نصیرالدین شاہ نے لاک ڈاؤن پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے بتایا کہ کووِڈ کے دوران دو سے چار گھنٹے  کے بالکل قلیل عرصے میں  لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا تھا۔ پتہ نہیں یہ جائز تھا یا نہیں۔ ہر ایک کی اپنی اپنی رائے ہے۔ لیکن شاہین باغ کی تحریک کو منتشر کرنا ضروری تھا اور اس کے لئے یہ بہت ہی ضروری قدم تھا ۔  یہ ایک بہت بڑا اقدام تھا  ۔ اب جبکہ برڈ فلو پھیل چکا ہے ، میرے خیال میں حکومت کسانوں کی تحریک کو منتشر کرنے کے لئے اس بہانے کو استعمال کرے گی۔
  نصیر الدین شاہ نے لو جہاد کے تعلق سے کہا کہ یوپی میں’ لو جہاد‘ کے نام پر ہراسانی جاری ہے۔ ایک تو یہ کہ جن لوگوں نے یہ جملہ ایجاد کیا ہے وہ نہیں جانتے کہ اس کا کیا مطلب ہے۔ دوم  مجھے یقین نہیں ہے کہ کوئی اتنا بے وقوف ہوگا کہ اسے واقعتاً یہ لگا کہ ایک دن اس ملک میں مسلمانوں کی تعداد ہندوؤں سے زیادہ ہو جائےگی۔’لو جہاد‘ کا تماشہ صرف ہندوؤں اور مسلمانوں کے معاشرتی تعاون  اور بھائی چارے کو روکنے کے لئے کیا گیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ اس غبارے کی ہوا بھی بہت جلد نکل جائے گی اور پھر ایک مرتبہ ہندو مسلم اتحاد کی بیل پروان  چڑھے گی

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK