Inquilab Logo

بہترین اسٹارٹ اپ کو سرکاری کام ملیں گے: نواب ملک

Updated: August 10, 2020, 7:36 AM IST | Staff Reporter | Mumbai

مہاراشٹر حکومت کے اسکل ڈیولپمنٹ، ایمپلائمنٹ اینڈ انٹرپرینر شپ محکمہ کی جانب سے منعقدہ مہاراشٹر اسٹارٹ اپ ہفتہ کا اختتام ہوگیا

nawab malik - pic : inn
نواب ملک ۔ تصویر : آئی این این

مہاراشٹر حکومت کے اسکل ڈیولپمنٹ، ایمپلائمنٹ اینڈ انٹرپرینر شپ محکمہ کی جانب سے منعقدہ مہاراشٹر اسٹارٹ  اپ ہفتہ کا اختتام  ہوگیا۔ اس دوران بہترین ۲۴؍  اسٹارٹ اپ کا انتخاب بھی عمل میں آیا جنہیں ۱۵؍ لاکھ روپے تک کے سرکاری کام کے آرڈر ملیں گے۔ اسکل ڈیولپمنٹ  کے وزیرنواب ملک نے اتوار کو اس کا اعلان کیا ہے۔  انہوںنے یہ بھی یقین دہانی کرائی  کہ دیہی علاقوں میں اسٹارٹ اپ پارک قائم کئے جائیں گے ۔واضح رہے کہ بے روزگاری کم کرنے ،قابل نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے اور نوجوانوں کو اسکل ڈیولپمنٹ کی جانب راغب کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے اس ہفتہ واری ورکشاپ کا انعقاد کیا گیاتھا۔ 
ایک ہزار ۶۰۰؍ اسٹارٹ اپ کی شرکت
             اس سلسلے میں نواب ملک نے بتایا کہ’’نوجوانوں کی نئی سوچ کو فروغ دینے کے ساتھ سرکاری نظام میں جدید مصنوعات اور خدمات کے منصوبوں کو نافذ کرکے حکومت میں جدت لانا   اس اسٹارٹ اپ  ہفتہ کے انعقاد کا مقصد تھا۔ اس سال کے مقابلے میں ملک بھر سے ایک ہزار ۶۰۰؍ اسٹارٹ اپ نے حصہ لیا تھا۔‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ’’ نوجوانوں نے مختلف شعبوں کیلئے اپنے پروجیکٹوں کی نمائش کی  جیسے زراعت، تعلیم، اسکل ڈیولپمنٹ ، صحت عامہ ، آلودگی سے پاک توانائی ، واٹر مینجمنٹ ، ویسٹ مینجمنٹ ، ایڈمنسٹریشن وغیرہ  میں جدید تبدیلیاں لائی جا سکتی ہیں۔ ان میں سے ۲۴؍ پریزینٹیشن کو حکومت کے مختلف محکموں میں کام کرنے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔‘‘ نواب ملک کے بقول’’جن اسٹارٹ اپ کا انتخاب نہیں کیا گیا ہے اگر وہ مایوس ہونے کے بجائے ان کے اسٹارٹ اپ میں مزید بہتری لائیں تو یقین طور پر انہیں کامیابی ضرور ملے گی۔‘‘
 اس موقع پر وزیر مملکت شمبھو راج دیسائی  نے کہاکہ ’’شہر کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں  کے قابل نوجوانوں کو بھی موقع مل سکے اس لئے حکومت کی جانب سے دیہی علاقوں میں بھی اسٹارٹ اپ کو پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔
آبی آلودگی کنٹرول ، بجلی کی  اسکوٹر کا اسٹارٹ اپس
  اس اسٹارٹ اپ ہفتہ میں جن اسٹارٹ اپ کو پیش کیا گیا تھا ان میں جانوروں کی صحت کے انتظامات ، روبوٹ کے ذریعہ آبی  آلودگی پر قابو پانا ، الیکٹرک اسکوٹر  ، سینسر سے چلنے والاآبپاشی کانظام ، دل کے امراض کے علاج کا جدید طریقہ   ، نابینہ  افراد کو خود اعتماد بنانا ، ہنر مند کارکنوں کے ذریعہ تیار شدہ مصنوعات کی فروخت کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرنا ، محکمہ  صحت میں روزگار پیدا کرنے کے نئے طریقے، معلومات کا مؤثر تجزیہ کے علاوہ بورویل کا پانی صاف کرنے کا جدید نظم ، بجلی کی کھپت پر قابو پانے کے نظام  اور شہری فضائی آلودگی کنٹرول سسٹم وغیرہ شامل تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK