Inquilab Logo

مہاراشٹر اردو اکیڈمی کے نئے بورڈ کی تشکیل جلد کی جائےگی

Updated: January 28, 2021, 10:07 AM IST | Staff Reporter | Mumbai

جشن جمہوریہ کے موقع پر منعقدہ آن لائن کل ہند مشاعرہ میں اقلیتی امور کے ریاستی وزیر نواب ملک کی یقین دہانی

Nawab Malik
نواب ملک آن لائن مشاعرے میں

مہاراشٹر اسٹیٹ اُردو ساہتیہ اکیڈمی کی جانب سے ۷۲؍و یں یوم جمہوریہ کے موقع پر منگل کوآن لائن کل ہند مشاعرہ کا انعقاد کیاگیا۔ مشاعرے کا افتتاح  اقلیتی  امور کے ریاستی وزیر اور صدر اُردو اکیڈمی نواب ملک نے کیا۔
  اس موقع پر نواب ملک نے اپنی تقریر میں کہاکہ ’’ اردو اکیڈمی کے نئے بورڈ کی تشکیل کیلئے ہم کوشاں ہیں لیکن مخلوط حکومت کی وجہ سے کچھ دشواریاں پیش آرہی ہیں ، اس کے باوجود میں وعدہ کرتا ہوں کہ جلدہی بورڈ کی تشکیل کی جائے گی۔ اردو اکیڈمی اُردوکے فروغ کیلئے متواتر کوشاںہے ۔ ریاستی سطح پر مشاعروں  کے علاوہ دیگر ادبی و ثقافتی سرگرمیوں پرمبنی تقریبات منعقد کرنے کی کوشش جاری ہےتاکہ نوجوانوں اور نئی نسل کو اپنی صلاحیتوں کوپروان چڑھانے کا پورا موقع مل سکے۔اس کے علاوہ قوالوں کیلئے بھی ہم بہت جلد پروگرام ترتیب دینے والے ہیں۔‘‘ انہوں نے  یہ بھی کہاکہ ’’ہر سال ۲۶؍  جنوری کو گیٹ وے آف انڈیا پر مشاعرہ منعقد کیاجاتا ہے لیکن کووڈ ۱۹؍ کی وجہ سے مجبوراًآن لائن مشاعرہ منعقد کیا گیا ہے۔ہم گزشتہ ۹؍ سال سے جاری مشاعرہ کی روایت کو برقرار رکھنا چاہتے  تھے۔ اس لئے آن لائن مشاعرہ منعقد کیا گیا ہے۔‘‘
 مشاعرہ کے افتتاح سے قبل اردو اکیڈمی کے سپرنٹنڈنٹ شعیب ہاشمی نے اکیڈمی کی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات بتائیں ۔ اُردو کارواں کے فرید شیخ نے شاعروںکا خیرمقدم کیا۔
  پہلے سیشن کی نظامت کرتے ہوئے معروف شاعر ڈاکٹر قاسم امام نے گیٹ وے آف انڈیا پر منعقد ہونے والے مشاعرہ کی روایت پر روشنی ڈالی ۔   ناظم مشاعرہ محسن ساحل نے ڈاکٹر لکشمن شرما واحد کی نعت پاک سے مشاعرہ کا آغاز کیا۔ مشاعرہ میں ڈاکٹر قاسم امام، شبینہ ادیب، شاہد لطیف، شمیم عباس،ڈاکٹرسلیم محی الدین، ندیم صدیقی،محشر فیض آبادی، سندر مالیگانوی، نعیم فراز،ڈاکٹر لکشمن شرما واحد، ڈاکٹر گنیش گائیکواڑ، آصف اقبال،محسن ساحل، شعیب ابجی،انس نبیل خان اور عبید حارث نے اپنے کلام سے سامعین کومحظوظ کیا۔
 آن لائن مشاعرہ میں محکمہ اقلیتی ترقیات کی ایڈیشنل چیف سیکریٹری جے شری مکھرجی اورجوائنٹ سیکریٹری ایس سی تڑوی بھی موجود تھے۔
 واضح رہےکہ مہاراشٹراسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈمی کی جانب سے ہر سال۲۶؍ جنوری کو’جشن ہندوستان‘ عنوان سے ممبئی کے تاریخی گیٹ وے آف انڈیا پر کل ہند مشاعرہ منعقد کیا جاتا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK