Inquilab Logo

سعودی عرب میں بارش کا نیا سلسلہ،ریت کےطوفان کا خدشہ

Updated: February 01, 2023, 11:56 AM IST | Riyadh

ایک بار پھر اسکولوں میں تعطیل، بارش کے پانی سے بننے والے تالابوں میں تیراکی نہ کرنے کی ہدایت

A view of the flood situation in Arar. (Photo: SPA)
عرعر میں سیلابی صورتحال کا ایک منظر۔ (  تصویر :ایس پی اے)

سعودی عرب میں منگل سے بارش کا نیا  دورشروع ہوا، اس کے پیش نظر اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ۔ آ ج  بدھ کو  بھی  بارش  کاامکان ہے۔ اسی دوران جبیل ایئرپورٹ کا پورا علاقہ ریت طوفان سے گھرا ہوا  ہے۔ مزید علاقوںمیںریت کے طوفان کا  خدشہ ہے۔ محکمہ شہری دفاع نے  موسلادھار اور سیلابی ریلوں کے وقت گھروں تک محدود  رہنے کی ہدایت دی ہے۔  سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق  منگل کو جدہ، مکہ مکرمہ، رابغ، طائف، الجموم،الکامل اور خلیص میں بارش ہوئی۔  دریں اثناءموسمیات کے قومی مرکز نے مدینہ منورہ منطقہ کی۹؍کمشنریوں،الشرقیہ  منطقہ کی ۴؍ کمشنریوں جبکہ تبوک، حدود شمالیہ، الجوف، حائل اور قصیم کے کئی مقامات پر آج( بدھ) سے جمعہ تک وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی تھی۔علاوہ ازیں محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ مقامی شہری اور  تارکین اس دوران خراب موسم میں بچاؤ کیلئے مقرر تدابیر کی پابندی کریں۔ سیلاب والے مقامات سے دور رہیں۔ وادیوں کے قریب نہ جائیں۔  جھیلوںکےآس پاس خیمے نہ لگائیں۔شہری دفاع نے مزید کہا کہ بارش کے پانی سے بننے والے تالابوں میں تیراکی نہ کی جائے۔ اس قسم کے تالاب تیراکی کیلئے مناسب نہیں ہوتے۔ادھرموسلادھار بارش اور سیلابی ریلوں کے خدشے کے  سبب  منگل کو تبوک، العلا، ینبع، خیبر اور بدر میں اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے مذکورہ علاقوں میں  خراب موسم کی ا طلاع دی ہے۔موسمی رپورٹ کی روشنی میں  طلبہ  اور اساتذہ کی سلامتی کیلئے مذکورہ علاقوں کے محکمہ تعلیم نے اسکول بند رکھنے کے ساتھ  تمام طلبہ کو آن لائن تعلیم حاصل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
 محکمہ تعلیم نے کہا  کہ منگل کو مدرستی پلیٹ فارم کے ذریعہ آن لائن تدریس ہوگی۔تمام اسکولوں کے اساتذہ اور انتظامی عملہ بھی آن لائن ڈیوٹی دے گا۔ دریں اثناءمحکمہ موسمیات نے کہا  کہ جبیل ایئرپورٹ کا پورا علاقہ  ریت کے طوفان کی زد میں ہے۔ اس طوفان کے  سبب قریب کی اشیاء دکھائی نہیں دے رہی ہیں۔ ماہرین نے کہا ہے کہ ریت کے شدید طوفان کی وجہ سے ۵؍سو میٹر کی اشیاء بھی  نہیں دکھائی دیں گی۔  بری راستہ استعمال کرنے والے مسافروں کو احتیاط سے کام لینا چاہئے۔ ادھر محکمہ صحت نے جبیل کے تمام  اسپتالوں اور صحت مراکز میں ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے سانس کے مریضوں، معمر افراد اور بچوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK