Inquilab Logo

خبرکا اثر: مالونی کےٹیکہ کاری سینٹر پر پینے کاپانی اوردوا مہیا کروادی گئی

Updated: December 05, 2021, 8:06 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

متوجہ کرنے اورمتعلقہ افسران سے کارپوریٹر کے سختی سے بازپُرس کرنے پر۲۴؍ گھنٹے میںمیونسپل انتظامیہ حرکت میںآیا،ڈاکٹر اورعملہ نے خوشی کا اظہار کیا

Drinking water and fans are now provided for vaccinators.
ٹیکہ لینے والوں کیلئے اب پینے کا پانی اور پنکھے کا انتظام کیا گیا ہے۔

میونسپل اسپتال گیٹ نمبر ۶؍میں بنائے گئے ٹیکہ کاری سینٹر پرٹیکہ کے بعد بخار اور درد کیلئے دی جانے والی دوا ، پانی کا نظم ، بند پنکھے اور صاف صفائی کے فقدان سے متعلق شکایات پر انقلاب کےافسران کے جواب کے ساتھ خبر شائع کرنے اورشہری انتظامیہ ومقامی کارپوریٹر سے استفسار کرنے کا نتیجہ یہ ہوا کہ ان شکایات پرتوجہ دی گئی اور۲۴؍ گھنٹے میںدوا ، پانی اورپنکھوں کو چالوکرنے کے ساتھ صاف صفائی کروادی گئی۔ خاص طور پر ٹیکہ لگانے کی جگہ کے قریب گندگی اور ٹیکہ لینے کے بعد کسی شخص کو چکر آنے یا کسی اور تکلیف کے ہوجانے پرآرام کیلئے بنایا گیا کمرہ جو کوڑا دان بنا ہوا تھا، اسے بھی صاف کروایا گیا ۔ اس تبدیلی پر ٹیکہ لینے کیلئے آنے والوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
 نمائندۂ انقلاب نے سنیچر کی صبح ٹیکہ کاری سینٹر کا پھرجائزہ لیا توایک دن قبل کی جانے والی شکایت اورمتعلقہ افسران کی یقین دہانی کے باوجود کوئی تبدیلی نظرنہیںآئی چنانچہ دوبارہ ڈاکٹروں اور عملہ سے ملاقات کی اورمقامی کارپوریٹر قمر جہاں صدیقی اوران کے شوہر معین صدیقی سے بھی کہا کہ یقین دہانی کے باوجود کوئی تبدیلی نظرنہیں آرہی ہے اورنہ ہی اب تک دوا اورپانی کا نظم کیا گیاہے ۔
 اس کے بعد انہوںنے میڈیکل آفیسر ، مینٹیننس ڈپارٹمنٹ کے انجینئر اوردیگر متعلقہ افسران سے سختی سے بازپُرس کی اورکہا کہ آخر بی ایم سی میں چل کیا رہا ہے ؟ کیا شکایات پرکوئی توجہ نہیںدی جائے گی اور عوام کویوں ہی چھوڑ دیا جائے گا؟اس کےبعد ۱۲؍بجکر ۴۵؍منٹ پر دوا اورپانی کی بوتل ٹیکہ کاری سینٹر پرپہنچائی گئی اور میڈیکل ہیلتھ آفیسرنےیہ یقین دہانی بھی کروائی کہ پیر کے دن وہ مالونی کے تمام ٹیکہ کاری سینٹر کا جائزہ لیںگی اورآئندہ شکایت کا موقع نہیںملے گا۔نمائندے نے سہ پہر کوتیسری مرتبہ ٹیکہ کاری سینٹر پہنچ کر تبدیلی کوکیمرے میںبھی قید کیا ۔
 دلچسپ بلکہ خوش آئند بات یہ تھی کہ ٹیکہ کاری سینٹر پرشکایات دور کرنے پرڈاکٹر اورعملہ نے بھی اطمینان کا اظہار کیا اورانہوںنے دیگرشکایات کی جانب بھی توجہ دلائی ۔بتایا کہ یہاں عملہ کو۲؍ماہ سے تنخواہ نہیںدی گئی ہے۔ دوسرے اگرقلم بھی لینا ہو توکہا جاتا ہےکہ خود خرید لو ،تیسرے ٹیکہ لینے والوں میںاگر کسی کو چکریا کوئی اورتکلیف ہوجائے تواسے چائے اوربسکٹ دینے کا بھی نظم کرنے کا کاغذپروعدہ کیا گیاہے اور بی ایم سی سے اس کا باقاعدہ بل بھی لیا جاتا ہے ،لیکن حیرت کی بات ہے کہ چائے اوربسکٹ تو دور پانی تک مہیا کروانے کے لئے اتنی جدوجہد کرنی پڑی ۔
 ہیلتھ آفیسر وارکرمیڈیم ، مینٹیننس کے ڈپٹی انجینئرڈوکے اورسچن نام کے افسر کی جانب سے یہ یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ اب شکایت کا موقع نہیںملے گا اوربرابر نگرانی کی جائے گی۔

malwani Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK