Inquilab Logo

آپ سب لوگ مستعدی سے کام کریں

Updated: November 29, 2020, 10:21 AM IST | Agency | Patna

بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے پولیس افسران کو ہدایت دی ، اس حکومت کی حلف برداری کے فوراً بعد پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ ، لاء اینڈ آرڈر میں بہتری پرزور ، ڈیوٹی میں لاپروائی برتنے والے پولیس اہلکاروں پر سخت کارروائی کاحکم

Nitish Kumar - PIC : PTI
نتیش کمار ۔ تصویر : پی ٹی آئی

سنیچر کو بہار کے وزیر اعلیٰ  نتیش کمار نے اپنے کابینی وزراء کی حلف برداری کے فوراً بعد پولیس  افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس دوران ریاست میں امن وامان کے بارے میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے  جرائم پر قابو پانے اور ڈیوٹی میں کوتاہی کرنے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔  ان کی صدارت میں سنیچر کو سرکاری رہائش گاہ  ایک انے روڈ پرامن وامان سے متعلق جائزہ میٹنگ  ہوئی ۔
  اس اہم میٹنگ میں نتیش کمار نے   زور دے کر کہا کہ جرائم پر قابورکھیں۔ کوتاہی کرنے والے  افسران اور ملازمین کی نشاندہی کر کے ان پر سخت کارروائی کریں۔ قانون پر سختی سے عمل ہواور مجرمان میں قانون کا خوف ہو۔ انہوں نے سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا: ’’آپ سب لوگ مستعدی سے کام کریں۔ کسی طرح کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔‘‘
 وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام تھانہ علاقوں میں رات کے گشت میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ تمام تھانوں میں باقاعدگی سے رات کے گشت کو یقینی بنائیں۔ جہاں بھی گشت میں کوتاہی برتی جائے، متعلقہ افسر کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔
  وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ہر تھانے میں خواتین کے لئے  مخصوص بیت الخلا ءاور باتھ روم بنایا جائے گا اورآنے والوں کیلئے کمرے کا مناسب انتظام رکھیں۔ تمام تھانوں میں لینڈ لائن فون سسٹم کی باقاعدہ دیکھ بھال ہونی چاہئے۔ انہوں نے یہ کہا کہ خصوصی برانچ کو مزید مستحکم کیا جانا چاہئے تاکہ صحیح معلومات زیادہ تیزی سے موصول ہوں۔ انٹیلی جنس کی مضبوطی سے جرائم پر قابو پانے میں آسانی ہوگی۔
 وزیر اعلیٰ نےیہ بھی ہدایت دی کہ تمام بڑے شہروں میں سی سی ٹی وی کی تنصیب ، کال سینٹر اور ہیلپ لائن کے انتظام کو یقینی بنایا جائے۔ تمام زون میں علاقائی فورنسک سائنس لیبارٹری کا  انتظام بہتر طریقے سے ہو۔  اسی طرح سائبر کرائم پر قابو پانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔
 میٹنگ میں سی آئی ڈی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ونے کمار نے امن و امان کے جائزہ سے متعلق ایک  رپورٹ پیش کی  جس میں  تھانہ  ،  ضلع  اور علاقہ کے اعتبارسے جرائم، ڈکیتی، لوٹ، قتل، عصمت دری، گھریلو معاملات، گاڑی چوری، ایس سی / ایس ٹی کے خلاف جرم اور جرائم کے دیگر  پہلوؤ کے بارے میں تفصیلی معلومات  فراہم کی گئیں۔ جرائم میں اضافہ والے تھانہ سربراہوں کیخلاف کی گئی کارروائی اور زیادہ معاملات والے اعلیٰ سب ڈویژنوں کی بھی معلومات دی گئی۔ جرائم کے معاملات کے اعتبار سے اضلاع کا تقابل بھی کیا گیا۔ جرائم میں اضافے والے تھانوں کا گہرائی سے جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کارروائیوں سے متعلق بھی معلومات فراہم کی گئیں۔
 اس موقع پر چیف سیکریٹری دیپک کمار، ڈائریکٹر جنرل پولیس ایس کے سنگھل، محکمۂ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری عامر سبحانی،  وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری چنچل کمار، سیکریٹری منیش کمار ورما، سیکریٹری انوپم کمار، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس (سی آئی ڈی) ونے کمار، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس اسپیشل برانچ جے ایس گنگوار، ایڈیشنل  ڈائریکٹر جنرل پولیس (لا ءاینڈ آرڈر) امیت کمار، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس (خصوصی ٹاسک فورس) سشیل کھوپڑے، انسپکٹر جنرل پولیس (شراب بندی) امرت راج، وزیراعلیٰ کے اسپیشل ڈیوٹی آفیسر گوپال سنگھ اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK