Inquilab Logo

ہندوستانی معتمرین کےلئے اب تک حتمی فیصلہ نہیں

Updated: September 05, 2021, 9:14 AM IST | Mumbai

سعودی ٹورزم کے افسران کاممبئی کے ٹورآپریٹرز سےرابطہ۔ مختلف امور پربات چیت ،عمرہ جلد شروع کئے جانے کی یقین دہانی مگرحتمی فیصلہ نہیں۔ ستمبر کے اخیر تک راست عالمی پروازیں بند کیاجانا اورہندوستان کا گرین زون میں نہ ہونابڑا مسئلہ ۔ عمرہ کی ادائیگی کے لئے ہندوستانیوں کو مزید انتظار کرنا پڑ سکتا ہے

It will be possible to go for Umrah only after the start of direct flights of low-level aircraft. (File photo)
لمی سطح پرہوائی جہازوں کی راست پروازوں کے شروع ہونے کے بعد ہی عمرہ پر جانے کی اجازت دی جا سکے گی۔(فائل فوٹو)

: ہندوستانی معتمرین کےلئے اب تک حتمی فیصلہ نہیںکیا گیا ہے ،حالانکہ مختلف انداز میں باتیں کی جارہی ہیں اور لوگ اپنے اپنے طور پرقیاس آرائیاں کررہے ہیں۔ اسی دوران سعودی ٹورزم کے افسران ممبئی  کےبڑے ٹورآپریٹرز سےرابطہ قائم کررہے ہیں، سعودی ٹورزم کے پلان اور منصوبوں سے انہیں آگاہ کروارہے ہیںتاکہ ان ٹورآپریٹرز کوبھی سعودی ٹورزم کاحصہ بناکر سیاحت کو مزید فروغ دیا جاسکے۔یادرہے کہ محرم الحرام سے سعودی حکومت نے بیرون ممالک کے باشندوں کومختلف شرائط کے ساتھ عمرہ کی اجازت دی ہے مگرہندوستان کو ان ممالک میںاب تک شامل نہیں کیا گیا ہے۔
 سعودی عرب ٹورزم کے افسران نےممبئی کے ٹورآپریٹرز سےاس ضمن میں مختلف امور پر بات چیت کی اورعمرہ جلد شروع ہونے کی یقین دہانی کرائی مگرحتمی طور پروہ وقت اورتاریخ بتانے سے قاصر رہے ۔ہندوستانی معتمرین کے لئے ایک بڑی رکاوٹ ستمبر تک ہندوستان سے عالمی سطح پرہوائی جہازوں کی راست پروازوں پرپابندی اورکوروناکے سبب ہندوستان کا گرین زون میں اب تک نہ ہونا ہے۔ ٹور آپریٹرزکے مطابق جب تک دونوں حکومتوں کےمابین معاہدہ نہیںہوگا اس وقت تک عمرہ کے لئے جانا ممکن نہیںہوگا، خواہ کوئی کچھ بھی دعویٰ کرے ۔
ٹوروالے فیصلےکےمنتظر ہیں، سیاح بھی عمرہ کرسکیں گے 
 الخالد ٹور اینڈ ٹراویلس کے ذمہ دار ڈاکٹریوسف احمدکھیراڈا نے نمائندۂ انقلاب کوبتایا کہ ’’ عمرہ کے لئے لوگ مسلسل رابطہ قائم کررہے ہیں لیکن صورتحال واضح نہ ہونے کےسبب ان کوحتمی جواب دینا ممکن نہیں ہورہا ہے۔ دوسری جانب سعودی ٹورزم کے افسران نے جمعرات کودفتر میںآکر ملاقات کی اورسیاحت کے تعلق سے منصوبوں کے بارے میںبتایااور یہ بھی کہا کہ ٹورسٹ ویزا پر جانے والے بھی عمرہ کرسکیںگے،چنانچہ الخالد ٹورنے ان سے معاہدہ کیا ہے ۔‘‘
 انہوںنےیہ بھی کہاکہ ’’کچھ دیگر ممالک سے لوگ عمرہ کے لئے جارہے ہیںلیکن ہندوستان ابھی تک گرین زون میں نہیں  ہے  اورعالمی ہوائی پروازوں پرمزید ایک ماہ کی پابندی عائد کردی ہے اس لئے ہندوستانی معتمرین کیلئے اب بھی مسئلہ برقرار ہے ۔ جب تک سعودی حکومت کی جانب سے واضح اندازمیںاس تعلق سے اعلان نہ کیا جائے اس وقت تک یہ معاملہ یوں ہی معلق رہے گا ۔ اس تعلق سے ہمارا حکومتِ ہند سےمطالبہ ہے کہ پروازیں شروع کرنے کے لئے سعودی حکومت سے معاہدہ کیا جائے اور عمرہ کے لئے منتظرلوگوں کوآسانی فراہم کی جائے ۔‘‘ 
 آل انڈیا حج عمرہ ٹورآرگنائزرس اسوسی ایشن کے سابق صدر حاجی ابراہیم محمدہاشم کولسہ والا عرف بابا بھائی نے بتایاکہ ’’جمعرات کے دن سعودی ٹورزم کے افسران کے ہمراہ ان کی بھی زوم میٹنگ ہوئی اورانہوںنے عمرہ جلد شروع کئےجانے کے تعلق  سےکچھ اشارہ تو کیا لیکن حتمی طور پروہ کچھ کہنے سے بچتے نظرآئے ۔ ‘‘ بابابھائی نے یہ بھی کہا کہ ’’ اس کی وجہ یہی ہے کہ کووڈ کے سبب جو صورتحال پیدا ہوئی ہےاس میںہندوستان کے تعلق سے سعودی عرب نے اب تک گرین سگنل نہیںدیا ہے اورجن ممالک کے لوگوں کوویکسین کی۲؍خوراک کے ساتھ اجازت دی ہے ان کے لئے بھی کئی طرح کی پابندیاں ہیں ، اس لئے اگر یہ کہا جائے کہ ابھی تک عمرہ کا پورا نظام ٹھپ پڑا ہوا ہے تو غلط نہ ہوگا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK